کتاب 16: باب خَمْسٌ مِنَ الدَّوَابِّ فَوَاسِقُ يُقْتَلْنَ فِي الْحَرَمِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3314
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن زُرَیع نے ہمیں بتایا، (کہا:) معمر نے ہم سے بیان کیا انہوں نے زُہری سے، زُہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے، حضرت عائشہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: پانچ جانور موذی ہیں جو حرم میں (بھی) مارے جا سکتے ہیں۔ چوہا، بچھو، چیل، کوا اور کاٹنے والا کتا۔
صحیح بخاری 3315
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ مالک نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے عبداللہ بن دینار سے، عبداللہ بن دینار نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پانچ جانور ایسے ہیں جن کو کوئی محرم ہونے کی حالت میں بھی مار ڈالے تو اس پر کوئی گناہ نہیں۔ بچھو، چوہا، کاٹنے والا کتا، کوا اور چیل۔
صحیح بخاری 3316
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کثیر سے، کثیر نے عطاء سے، عطاء نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے اس روایت کو آنحضرت ﷺ تک پہنچایا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: برتنوں کو ڈھانکے رکھو اور مشکوں کا منہ باندھو، دروازوں کو بند کرو اور عشائ کے وقت گھروں سے باہر جانے سے اپنے بچوں کو روکے رکھو۔ کیونکہ جن پھیلتے اور جھپٹتے ہیں اور سوتے وقت چراغ گل کیا کرو۔ کیونکہ چوہیا بھی کبھی بتی کھینچ کر لے جاتی ہے اور گھر والوں کو جلا دیتی ہے۔ ابن جریج اور حبیب نے عطاء سے روایت کرتے ہوئے جن کے لفظ کی بجائے شیطان نقل کیا (اور کہا کہ وہ پھیلتے اور جھپٹتے ہیں۔)
صحیح بخاری 3317
عبدہ بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ بن آدم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل سے، اسرائیل نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم رسول اللہ ﷺ کے ساتھ ایک غار میں تھے کہ سورۃ المرسلٰت نازل ہوئی اور ہم ابھی آپؐ کے منہ سے سیکھ ہی رہے تھے کہ اتنے میں ایک سانپ اپنے بل میں سے نکلا اور ہم اس کی طرف جلدی سے لپکے کہ اسے مار ڈالیں۔ مگر وہ ہمارے پہنچنے سے پہلے ہی اپنے بل میں گھس گیا۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جس طرح تم اس کے شر سے بچائے گئے ہو، وہ تمہارے شر سے بچایا گیا ہے۔ اور (یحیی نے) اسرائیل سے، اسرائیل نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے اسی طرح کی حدیث نقل کی۔ اس میں یوں ہے کہ ہم ابھی اس (سورۃ) کو آپؐ کے منہ سے تازہ بتازہ سیکھ ہی رہے تھے۔ (اسرائیل کی طرح) ابوعوانہ نے بھی مغیرہ سے یہی نقل کیا۔ اور حفص (بن غیاث) اور ابومعاویہ اور سلیمان بن قرم نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم سے، ابراہیم نے اسود سے، اسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے نقل کیا۔
صحیح بخاری 3318
نصر بن علی نے ہم سے بیان کیا۔ عبدالاعلیٰ نے ہمیں خبر دی۔ عبیداللہ بن عمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: ایک عورت ایک بلی کی وجہ سے آگ میں داخل ہوئی۔ اس نے اس کو باندھے رکھا۔ نہ تو اسے کھلایا اور نہ اسے چھوڑا کہ وہ زمین کے کیڑے مکوڑے کھاتی۔ عبدالاعلیٰ نے کہا: ہمیں عبیداللہ نے اسی طرح بتایا ہے۔ انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہؓ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے ایسے ہی روایت کی۔
صحیح بخاری 3319
اسماعیل بن ابی اویس نے ہم سے بیان کیا، کہا: مالک نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، ابوالزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: نبیوں میں سے ایک نبی نے کسی درخت کے نیچے ڈیرہ لگایا ہوا تھا۔ ایک چیونٹی نے ان کو کاٹا۔ انہوں نے اپنے سامان کو اُٹھانے کا حکم دیا۔ چنانچہ درخت کے نیچے سے وہ سامان نکال لیا گیا۔ پھر انہوں نے ان چیونٹیوں کے گھر کے متعلق حکم دیا اور وہ آگ سے جلا دیا گیا۔ اللہ نے انہیں وحی کی کہ کیوں نہ ایک ہی چیونٹی کو جلایا۔