کتاب 60: كتاب أحاديث الأنبياء
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3326
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے آدم کو پیدا کیا اور ان کی لمبائی ساٹھ ہاتھ رکھی گئی۔ پھر فرمایا: تم جاؤ اور ان فرشتوں کو سلام کرو اور سنو جو سلام کا جواب تمہیں دیں، وہی تمہارا اور تمہاری اولاد کا سلام ہوگا۔ آدم نے کہا: السلام علیکم (یعنی تم پر سلامتی ہو) فرشتوں نے کہا: السلام علیک ورحمۃ اللہ۔ (یعنی سلامتی اور اللہ کی رحمت تجھ پر ہو) انہوں نے ورحمۃ اللہ کے الفاظ ان کے سلام پر زیادہ کئے۔ سو ہر ایک جو جنت میں داخل ہوگا، آدم کی صورت پر ہوگا اور تبھی سے اب تک بناوٹ میں کمی ہو رہی ہے۔
صحیح بخاری 3327
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ جریر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمارہ سے، عمارہ نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: پہلا گروہ جو جنت میں داخل ہوگا، وہ چودھویں رات کے چاند کی طرح ہوگا۔ پھر جو ان کے بعد جائیں گے، وہ اس چمک دار ستارے کی طرح ہوں گے جو آسمان میں نہایت ہی روشن ہے۔ وہ نہ پیشاب کریں گے نہ پاخانہ اور نہ تھوکیں گے اور نہ ناک کی رینٹھ نکالیں گے۔ ان کی کنگھیاں سونے کی ہوں گی اور ان کا پسینہ مشک (کستوری) ہوگا اور ان کی انگیٹھیوں میں عود یعنی خوشبودار اَگر جلے گا۔ ان کی بیویاں خوبصورت بڑی بڑی آنکھوں والی ہوں گی۔ سب ایک ہی مرد کی بناوٹ میں ہوں گے۔ یعنی اپنے باپ آدم کی شکل پر جو ساٹھ ہاتھ اونچائی میں تھے۔
صحیح بخاری 3328
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے زینب بنت ابی سلمہ سے، زینب نے حضرت امّ سلمہؓ سے روایت کی کہ حضرت امّ سُلَیمؓ (حضرت انسؓ کی والدہ) نے کہا: یا رسول اللہ! اللہ حق بات سے نہیں شرماتا۔ کیا عورت کے لئے بھی نہانا ضروری ہے، جب اس کو احتلام ہو؟ فرمایا: ہاں۔ اگر وہ پانی دیکھے۔ یہ سن کر حضرت امّ سلمہؓ ہنس پڑیں اور کہنے لگیں: کیا عورت کو احتلام ہوتا ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تو پھر بچہ (اس کے) مشابہ کیوں ہوتا ہے؟
صحیح بخاری 3329
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ (مروان) فزاری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن سلامؓ کو خبر پہنچی کہ نبی ﷺ مدینہ میں آرہے ہیں۔ پھر وہ آپؐ کے پاس آئے۔ کہنے لگے: میں آپؐ سے تین باتیں پوچھنے لگا ہوں جنہیں صرف نبی ہی جانتا ہے۔ انہوں نے کہا: قیامت کی نشانیوں میں سے پہلی نشانی کیا ہے؟ اور وہ کونسا پہلا کھانا ہے جو جنتی کھائیں گے؟ اور کس وجہ سے بچہ اپنے باپ سے مشابہ ہوتا ہے اور کس وجہ سے اپنے ننہال سے مشابہ ہوتا ہے؟ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھے جبریل نے ابھی ابھی یہ باتیں بتا دی ہیں۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: یہ (جبریل) ملائکہ میں سے یہودیوں کا دشمن ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قیامت کی علامتوں میں سے پہلی علامت وہ آگ ہے جو لوگوں کو مشرق سے مغرب کی طرف ہانک کر لے جائے گی اور پہلا کھانا جو جنتی کھائیں گے وہ فالتو ٹکڑا ہے جو مچھلی کے کلیجہ پر ہوتا ہے اور بچہ میں جو مشابہت ہوتی ہے وہ اس لئے کہ جب مرد عورت سے جماع کرتا ہے اگر مرد کا پہلے انزال ہو تو مشابہت اس کی ہوتی ہے اور اگر عورت کا پہلے ہو تو مشابہت عورت کی ہوتی ہے۔ (حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے آنحضرت ﷺ کے جوابات سن کر) کہا: میں گواہی دیتا ہوں کہ آپؐ اللہ کے رسول ہیں۔ پھر اس کے بعد انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! یہود انتہا درجہ کے جھوٹے فریبی لوگ ہیں۔ اگر انہوں نے جان لیا کہ میں نے اسلام قبول کر لیا ہے پیشتر اس کے کہ آپؐ ان سے میرے متعلق پوچھیں تو وہ مجھ پر بہتان لگائیں گے۔ اتنے میں یہودی آگئے اور حضرت عبداللہ (بن سلامؓ) کوٹھڑی میں چلے گئے۔ رسول اللہ ﷺ نے پوچھا: تم میں عبداللہ بن سلامؓ کیسے آدمی ہیں؟ کہنے لگے: وہ ہم میں سب سے بڑھ کر عالم ہیں اور ہم میں سب سے بڑھ کر عالم کے بیٹے ہیں اور ہم سب سے بہتر ہیں اور سب سے بہتر آدمی کے بیٹے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: بھلا بتائو تو سہی اگر عبداللہ مسلمان ہوجائیں؟ وہ بولے: اللہ ان کو اس سے اپنی پناہ میں رکھے۔ یہ سن کر حضرت عبداللہ ان کے پاس باہر آئے اور کہنے لگے: میں اس بات کا اعلان کرتا ہوں کہ اللہ کے سوا کوئی معبود نہیں اور میں اعلان کرتا ہوں کہ محمد اللہ کے رسول ہیں۔ یہ سن کر یہودی کہنے لگے: یہ ہم میں نہایت برا اور نہایت ہی برے آدمی کا بیٹا ہے اور لگے ان کی مذمت کرنے۔
صحیح بخاری 3330
بشر بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے اسی طرح روایت کیا۔ یعنی اگر بنی اسرائیل نہ ہوتے تو گوشت نہ سڑتا اور اگر حوا نہ ہوتیں تو کوئی عورت اپنے خاوند سے خیانت نہ کرتی۔
صحیح بخاری 3331
ابو کریب اور موسیٰ بن حزام دونوں نے ہم سے بیان کیا کہ حسین بن علی (بن ولید) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زائدہ (بن قدامہ) سے، زائدہ نے میسرہ اشجعی سے، میسرہ نے ابوحازم سے، ابوحازم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: عورتوں کے بارے میں میری وصیت پر کاربند ہو۔ بھلائی سے ان کے ساتھ پیش آیا کرو۔ کیونکہ عورت کی پیدائش بھی پسلی ہی کی ہے اور تم دیکھتے ہی ہو کہ پسلی میں سب سے زیادہ ٹیڑھا حصہ اوپر کا ہے۔ اگر تم اسے سیدھا کرنے لگو تو اس کو توڑ دو گے اور اگر اسے چھوڑ دو تو ٹیڑھا ہی رہے گا۔ اس لئے عورتوں کے متعلق میری وصیت پر عمل کرو۔
صحیح بخاری 3332
عمر بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ میرے باپ نے ہمیں بتایا کہ اعمش نے ہم سے بیان کیا کہ زید بن وہب نے ہمیں بتایا۔ حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے ہم سے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے ہمیں بتایا اور آپؐ سچے ہیں، آپؐ سے جو وعدہ کیا گیا تھا وہ بھی سچا ہے کہ تم میں ایک اپنی ماں کے پیٹ میں چالیس دن تک آہستہ آہستہ بنتا رہتا ہے۔ پھر وہ اتنی ہی مدت میں علقہ بن جاتا ہے۔ پھر اس کے بعد اتنی ہی مدت میں مضغہ بن جاتا ہے۔ پھر اللہ اس کے پاس فرشتہ کو چار باتوں کا حکم دے کر بھیجتا ہے اور لکھا جاتا ہے جو وہ عمل کرے گا اور جس وقت تک وہ دنیا میں رہے گا اور جو اس کا رزق ہوگا اور یہ کہ وہ بدبخت ہوگا یا نیک بخت۔ پھر اس میں روح پھونکی جاتی ہے۔ اسی لئے ایک آدمی دوزخیوں کے کام کر رہا ہوتا ہے۔ یہاں تک کہ اس کے اور دوزخ کے درمیان صرف ایک ہاتھ (فاصلہ) رہتا ہے کہ اتنے میں نوشتہ تقدیر اس پر جلدی سے چل جاتا ہے اور پھر وہ جنتیوں کے کام کرتا ہے اور جنت میں داخل ہو جاتا ہے اور کوئی آدمی ایسا ہوتا ہے کہ جنتیوں کے کام کر رہا ہوتا ہے اس کے اور جنت کے درمیان صرف ایک ہی ہاتھ (فاصلہ) رہتا ہے کہ اتنے میں نوشتہ تقدیر اس پر جلدی سے چل جاتا ہے اور پھر وہ دوزخیوں کے کام کرتا ہے اور دوزخ میں داخل ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 3333
ابو النعمان نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ بن ابی بکر بن انس بن مالک سے، عبید اللہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے، حضرت انسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: اللہ نے رحم میں ایک ملک مقرر کیا ہوا ہے جو کہتا ہے: اے ربّ! اب یہ نطفہ ہے۔ اے ربّ! اب یہ علقہ ہے۔ اے ربّ! اب یہ گوشت کا لوتھڑا ہے۔ جب وہ اس کو پیدا کرنے کا ارادہ کرتا ہے تو کہتا ہے: اے ربّ! کیا یہ مرد ہو یا عورت۔ اے ربّ! بدبخت ہو یا نیک بخت۔ اور اس کی روزی کیا ہو اور اس کی عمر کیا ہو۔ یہ سب باتیں ویسی کی ویسی اس کی ماں کے پیٹ میں ہی لکھ دی جاتی ہیں۔
صحیح بخاری 3334
قیس بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ خالد بن حارث نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوعمران جونی سے، ابوعمران نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ وہ اس حدیث کو رسول اللہ ﷺ تک پہنچاتے تھے (آپؐ نے فرمایا) کہ اللہ تعالیٰ اس شخص سے جسے دوزخیوں میں سب سے ہلکا عذاب ہوگا پوچھے گا، جو کچھ بھی زمین میں ہے اگر تمہارا ہو تو کیا تم اسے دے کر اپنے تئیں چھڑا لوگے؟ وہ کہے گا: ہاں۔ (اللہ تعالیٰ) فرمائے گا: میں نے تو تم سے وہ بات چاہی تھی جو اس سے بہت ہی آسان تھی اور ابھی تم آدم کی پشت میں ہی تھے۔ یعنی یہ کہ تم میرا شریک نہ ٹھہرانا، مگر تم نے نہ مانا۔ شریک ہی ٹھہرایا۔
صحیح بخاری 3335
عمر بن حفص بن غیاث نے ہمیں بتایا۔ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا، کہا: عبداللہ بن مرہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: جو جان بھی ناحق ماری جاتی ہے، اس کے خون کے وبال کا ایک حصہ آدم کے پہلے بیٹے پر پڑتا ہے۔ کیونکہ وہی پہلا شخص ہے جس نے قتل کرنے کی بناء قائم کی۔
صحیح بخاری 3336
(امام بخاری نے) کہا: اور لیث نے بتایا۔ انہوں نے یحيٰ بن سعید (انصاری) سے، یحيٰ نے عمرہ سے، عمرہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: روحیں بھی فوجیں ہیں جو الگ الگ دستہ بند ہیں۔ اس لئے ان میں سے جنہوں نے ایک دوسری کو پہچان لیا، ایک دوسری سے مانوس ہو گئیں۔ جنہوں نے نہ پہچانا، انہوں نے آپس میں اختلاف کیا اور یحيٰ بن ایوب نے کہا: یحيٰ بن سعید نے یہ حدیث مجھ سے بیان کی۔
صحیح بخاری 3337
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زُہری سے روایت کی کہ سالم نے کہا: اور حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ لوگوں میں کھڑے ہوئے۔ آپؐ نے اللہ کی وہ تعریف کی جو اس کے شایان ہے۔ پھر آپؐ نے دجال کا ذکر کیا۔ آپؐ نے فرمایا: میں بھی تم کو اس سے ہوشیار کرتا ہوں اور کوئی بھی ایسا نبی نہیں ہوا جس نے اس سے اپنی قوم کو ہوشیار نہ کیا ہو۔ نوحؑ نے بھی اپنی قوم کو ہوشیار کیا۔ لیکن میں تمہیں اس کے متعلق ایک ایسی بات بتاتا ہوں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی۔ تمہیں یہ علم رہے کہ وہ کانا ہوگا اور اللہ کانا نہیں۔
صحیح بخاری 3338
ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن ابی کثیر) سے، یحيٰ نے ابو سلمہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا میں تمہیں دجال کے متعلق ایسی بات نہ بتائوں جو کسی نبی نے اپنی قوم کو نہیں بتائی۔ وہ کانا ہوگا اور وہ اپنے ساتھ ایسی (نعمتیں اور دُکھ) لائے گا جو جنت اور دوزخ کی مانند ہوں گے۔ پس وہ (نعمتیں) جن کی نسبت وہ کہے گا کہ یہ جنت ہیں وہ دوزخ ہوں گی اور دیکھو کہ میں بھی تم کو اسی خطرہ سے آگاہ کرتا ہوں جس سے متعلق حضرت نوحؑ نے اپنی قوم کو آگاہ کیا۔
صحیح بخاری 3339
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ عبدالواحد بن زیاد نے ہم سے بیان کیا کہ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوصالح سے، ابوصالح نے حضرت ابوسعیدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: حضرت نوحؑ اور ان کی امت کے لوگ آئیں گے اور اللہ تعالیٰ پوچھے گا: کیا تم نے (میرا پیغام) پہنچا دیا تھا؟ تو وہ کہیں گیـ:ـ ہاں اے میرے ربّ۔ پھر (اللہ تعالیٰ) ان کی امت سے پوچھے گا: کیا اس نے تم کو (میرا پیغام) پہنچا دیا تھا؟ تو وہ کہیں گے: نہیں۔ ہمارے پاس تو کوئی نبی نہیں آیا۔ اس پر اللہ تعالیٰ حضرت نوحؑ سے پوچھے گا: تمہاری کون شہادت دے گا؟ تو وہ کہیں گے کہ محمد ﷺ اور ان کی امت۔ پھر ہم شہادت دیں گے کہ انہوں نے یقینا حق پہنچا دیا تھا اور یہی مراد ہے اللہ جل ذکرہ کے اس قول سے (وَکَذٰلِکَ جَعَلْنٰـکُمْ أُمَّۃً وَّسَطًا) یعنی اس لئے ہم نے تم کو اعلیٰ درجہ کی امت بنایا ہے کہ تم ان انکار کرنے والوں کے خلاف گواہ ٹھہرو۔ اور اس آیت میں وَسَطٌ کے معنی ہیں مُعْتَدِلٌ۔ یعنی اعلیٰ درجہ کی۔
صحیح بخاری 3340
اسحاق بن نصر نے ہمیں بتایا۔ محمد بن عبید نے ہم سے بیان کیا کہ ابوحیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزُرعہ سے، ابوزُرعہ نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے ساتھ ہم ایک دعوت میں تھے کہ آپؐ کے سامنے بکری کا بازو پیش کیا گیا اور آپؐ بازو کا گوشت پسند فرمایا کرتے تھے۔ آپؐ نے اس سے تھوڑا سا تناول فرمایا اور فرمایا: میں قیامت کے دن لوگوں کا سردار ہوں گا۔ کیا تم جانتے ہو کہ کس ذریعہ سے اللہ پہلوں اور پچھلوں کو ایک ہی میدان میں اکٹھا کرے گا کہ دیکھنے والا ان کو دیکھ لے گا اور بلانے والا ان کو سنائے گا۔ اور ان سے سورج قریب ہو جائے گا۔ اس وقت بعض لوگ کہیں گے: کیا تم اپنی اس حالت کو نہیں دیکھتے جو تمہاری ہو چکی ہے، جس نوبت کو تم پہنچ چکے ہو؟ کیا تم ایسے شخص کو تلاش نہیں کرتے جو تمہارے لئے تمہارے ربّ کے پاس سفارش کرے؟ بعض لوگ کہیں گے: تمہارا باپ آدمؑ ہے اور وہ ان کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اے آدمؑ! آپ سب انسانوں کے باپ ہیں۔ اللہ نے آپؑ کو اپنے ہاتھ سے بنایا اور آپؑ میں اپنی روح پھونکی اور ملائکہ کو حکم دیا اور وہ آپؑ کے فرمانبردار ہو گئے اور آپؑ کو جنت میں ٹھہرایا۔ کیا آپؑ ہمارے لئے اپنے ربّ کے پاس سفارش نہیں کریں گے؟ کیا آپؑ نہیں دیکھ رہے کہ جس حالت میں ہم ہیں اور جس نوبت کو ہم پہنچے ہوئے ہیں؟ اور وہ کہیں گے: میرا ربّ اس قدر ناراض ہے کہ اس سے پہلے ایسا ناراض کبھی نہیں ہوا اور نہ اس کے بعد ایسا ناراض ہوگا اور اس نے مجھے درخت سے روکا تھا مگر میں نے (اس کی) نافرمانی کی تھی۔ مجھے تو خود اپنی ہی پڑی ہے۔ تم کسی اور کے پاس جاؤ۔ جاؤ نوحؑ کے پاس۔ اور وہ نوحؑ کے پاس آئیں گے اور کہیں گے: اے نوحؑ! آپؑ اہل زمین کی طرف پہلے رسول ہیں اور اللہ نے آپؑ کو شکر گزار بندہ فرمایا ہے۔ کیا آپؑ نہیں دیکھتے کہ جس حالت میں ہم ہیں اور کیا آپؑ نہیں دیکھتے کہ جس نوبت کو ہم پہنچ گئے؟ کیا اپنے ربّ کے پاس آپؑ ہماری سفارش نہیں کرتے؟ وہ کہیں گے: میرا ربّ آج اس قدر ناراض ہے کہ اس سے پہلے ایسا ناراض کبھی نہیں ہوا اور نہ ایسا ناراض اس کے بعد ہوگا۔ مجھے تو خود اپنی ہی جان کی پڑی ہوئی ہے۔ تم نبی ﷺ کے پاس جاؤ۔ چنانچہ وہ میرے پاس آئیں گے۔ میں عرش کے نیچے جا کر سجدہ کروں گا۔ مجھے کہا جائے گا: محمدؐ! اپنا سر اُٹھاؤ اور سفارش کرو۔ تمہاری سفارش قبول کی جائے گی اور مانگو تمہیں دیا جائے گا۔ محمد بن عبید نے کہا: باقی حدیث مجھے یاد نہیں۔
صحیح بخاری 3341
نصر بن علی بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ ابواحمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے، سفیان نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے اَسود بن یزید سے، اَسود نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے (سورۃ القمر میں) فَھَلْ مِنْ مُّدَّکِر پڑھا جس طرح عام لوگ پڑھتے ہیں۔
صحیح بخاری 3342
عبدان نے کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی۔ نیز احمد بن صالح نے ہمیں بتایا۔ عنبسہ نے ہم سے بیان کیا کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: حضرت انس بن مالکؓ نے کہا: حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے گھر کا چھت کھولا گیا۔ میں اس وقت مکہ میں تھا۔ جبریل نازل ہوئے اور انہوں نے میرا سینہ چاک کیا۔ پھر انہوں نے اس کو زمزم کے پانی سے دھویا۔ پھر وہ ایک سونے کا طشت لائے جو حکمت اور ایمان سے بھرا ہوا تھا اور انہوں نے اس کو میرے سینہ میں انڈیل کر خالی کر دیا۔ پھر انہوں نے سینہ کو بند کر دیا۔ پھر میرا ہاتھ پکڑ کر آسمان پر چڑھا لے گئے۔ جب سب سے نیچے کے آسمان پر پہنچے۔ جبریل نے آسمان کے داروغہ سے کہا: کھولو۔ اس نے پوچھا: کون ہے؟ کہا: جبریل۔ اس نے پوچھا: تمہارے ساتھ بھی کوئی ہے؟ انہوں نے کہا: میرے ساتھ محمدؐ ہیں۔ اس نے پوچھا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں، اور کھول دو۔ (اس پر اس نے دروازہ کھول دیا۔) جب ہم آسمان پر چڑھے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک شخص بیٹھا ہے جس کے دائیں طرف چیزوں کے پرچھائیں ہیں اور اس کے بائیں طرف بھی پرچھائیں۔ جب وہ دائیں طرف دیکھتا ہے ہنس پڑتا ہے اور جب وہ اپنی بائیں طرف دیکھتا ہے تو رو پڑتا ہے۔ اس نے کہا: نیک نبی اور نیک بیٹے کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں نے کہا: جبریل یہ کون ہیں؟ جواب دیا: یہ آدمؑ ہیں اور یہ پرچھائیں جو ان کے دائیں اور بائیں ہیں یہ ان کی اولاد کی روحیں ہیں۔ ان میں سے جو دائیں طرف والے ہیں وہ جنتی ہیں اور وہ پرچھائیں جو ان کے بائیں طرف ہیں وہ دوزخی ہیں۔ جس وقت وہ اپنی دائیں طرف دیکھتے ہیں ہنستے ہیں اور جب بائیں طرف دیکھتے ہیں روتے ہیں۔ اس کے بعد جبریل مجھے اوپر لے گئے۔ یہاں تک کہ دوسرے آسمان پر پہنچے۔ انہوں نے اس کے چوکیدار سے کہا: کھولو۔ اس آسمان کے داروغہ نے بھی ان سے ویسا ہی پوچھا جو پہلے نے پوچھا تھا۔ چنانچہ اس نے کھول دیا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: حضرت ابوذرؓ نے بیان کیا کہ آنحضرت ﷺ نے آسمانوں پر حضرت ادریسؑ، حضرت موسیٰؑ، حضرت عیسیٰؑ اور حضرت ابراہیمؑ سے ملاقات کی۔ مگر یہ بیان نہیں کیا کہ کون کون سے آسمان پر کس کس سے ملاقات ہوئی۔ ہاں اتنا بیان کیا ہے کہ آپؐ نے سب سے نچلے آسمان میں حضرت آدمؑ کو پایا اور چھٹے میں حضرت ابراہیمؑ کو۔ اور حضرت انسؓ نے کہا: جب جبریل حضرت ادریسؑ کے پاس سے گزرے تو انہوں نے کہا: نیک نبی اور نیک بھائی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ کہا: یہ ادریسؑ ہیں۔ پھر میں حضرت موسیٰؑ کے پاس سے گزرا اور انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں۔ ہم نیک نبی اور نیک بھائی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ موسیٰؑ ہیں۔ پھر میں حضرت عیسیٰؑ کے پاس سے گزرا۔ انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور نیک بھائی۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ عیسیٰ ہیں۔ پھر میں حضرت ابراہیمؑ کے پاس سے گزرا اور انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور یہ نیک بیٹے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ ابراہیمؑ ہیں۔ ابن شہاب کہتے تھے: مجھے (ابوبکر) ابن حزم نے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ اور حضرت ابوحیہ انصاریؓ دونوں کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: پھر مجھے اوپر لے گئے۔ یہاں تک کہ میں ایک ہموار جگہ پر چڑھ گیا جہاں میں قلموں کے لکھنے کی آواز سنتا تھا۔ ابن حزم اور حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ پھر اللہ نے مجھ پر پچاس نمازیں فرض کیں اور انہیں کو لے کر واپس آگیا۔ یہاں تک کہ جب حضرت موسیٰؑ کے پاس سے گزرنے لگا تو حضرت موسیٰؑ نے پوچھا: آپؐ کی امت پر کیا فرض کیا گیا ہے؟ میں نے کہا: اس پر پچاس نمازیں فرض کی ہیں۔ انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے واپس جاکر نظر ثانی کرائیں۔ کیونکہ تمہاری امت اتنی طاقت نہیں رکھے گی۔ چنانچہ میں لوٹا اور میں نے اپنے ربّ سے نظر ثانی کے لئے کہا۔ اس پر اس نے نصف حصہ کم کر دیا اور میں حضرت موسیٰؑ کے پاس واپس آیا۔ پھر انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے نظر ثانی کرائو۔ چنانچہ آپؐ نے پھر اسی طرح سے ذکر کیا اور اللہ تعالیٰ نے کچھ حصہ نمازیں کم کر دیں۔ پھر میں حضرت موسیٰؑ کے پاس واپس آیا اور انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا: واپس جاکر اپنے ربّ سے نظر ثانی کرائو، کیونکہ تیری امت اتنی برداشت نہیں کرسکے گی۔ میں لوٹا اور اپنے ربّ سے نظر ثانی کے لئے عرض کیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: پانچ نمازیں ہیں اور یہ پچاس بھی ہیں۔ میرے حضور بات نہیں بدلی جاتی۔ اس پر میں حضرت موسیٰؑ کے پاس واپس آیا۔ انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے واپس جاکر پھر نظر ثانی کرائو۔ میں نے کہا: اب تو مجھے اپنے ربّ سے شرم آگئی ہے۔ پھر جبریل چل پڑے یہاں تک کہ سدرۃ المنتہیٰ پر پہنچے اور وہاں طرح طرح کے رنگ چھائے ہوئے تھے۔ میں نہیں جانتا وہ کیا تھے؟ پھر مجھے جنت کے اندر لے جایا گیا۔ میں کیا دیکھتا ہوں کہ اس میں موتی کے گنبد ہیں اور کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں مٹی مشک کی ہے۔
صحیح بخاری 3343
محمد بن عَرْعَرَہ نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حَکَم سے، حَکَم نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: پوربی ہوا سے میری مدد کی گئی اور عاد پچھم کی ہوا سے تباہ کئے گئے۔
صحیح بخاری 3344
(امام بخاری نے) کہا: اور ابن کثیر نے سفیان (ثوری) سے روایت کرتے ہوئے کہا: سفیان نے اپنے باپ (سعید بن مسروق ثوری) سے، ان کے باپ نے (عبدالرحمن) بن ابی نُعم سے، انہوں نے حضرت ابو سعید (خدری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت علی رضی اللہ عنہ نے نبی ﷺ کو تھوڑا سا سونا بھیجا اور آپؐ نے چار آدمیوں کے درمیان اسے تقسیم کیا۔ یعنی اَقرع بن حابس حنظَلی مجاشعی اور عُیَیْنہ بن بدر فزاری اور زید طائی جو بنی نبہان میں سے تھے اور علقمہ بن عُلاثہ عامری جو بنی کلاب میں سے تھے۔ قریش اور انصار اس سے ناراض ہوگئے۔ کہنے لگے: نجدیوں کے رئوساء کو دیتے ہیں اور ہمیں نہیں دیتے۔ آپؐ نے فرمایا: میں تو صرف ان کی (اسلام میں حدیث العہد ہونے کی وجہ سے) دلجوئی کرتا ہوں۔ یہ سن کر ایک شخص آگے بڑھا۔ آنکھیں اس کی اندر گھسی ہوئی تھیں، رخسار اُبھرے ہوئے، پیشانی آگے کو نکلی ہوئی، داڑھی گھنی، سر مُنڈا تھا۔ کہنے لگا: محمد! اللہ کی ناراضگی سے بچو۔ آپؐ نے فرمایا: اگر میں نافرمان ہوں تو اللہ کی فرمانبرداری کون کرے گا۔ اللہ تو مجھے زمین والوں کے لئے قابل اعتبار سمجھے اور تم مجھ پر اعتبار نہ کرو۔ اس پر ایک شخص نے آپؐ سے اس کے قتل کرنے کی اجازت مانگی۔ میں سمجھتا ہوں: وہ خالدؓ بن ولید تھے۔ آپؐ نے ان کو منع کیا۔ جب وہ پیٹھ موڑ کر چلا تو آپؐ نے فرمایا: اس شخص کی نسل سے یا فرمایا: اس شخص کی پشت سے ایسے لوگ ہوں گے جو قرآن پڑھیں گے مگر اُن کے گلے سے آگے نہیں جائے گا۔ دین سے ایسے نکلیں گے جیسے تیر شکار سے باہر نکل جاتا ہے۔ اہل اسلام سے جنگ کریں گے اور بت پرستوں سے جنگ نہیں کریں گے۔ اگر میں نے ان کا زمانہ پالیا تو میں انہیں ضرور اسی طرح ہلاک کروں گا جس طرح عاد ہلاک کئے گئے۔
صحیح بخاری 3345
خالد بن یزید نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے اَسود سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو (سورۃ القمر کی) یہ آیت یوں پڑھتے ہوئے سنا: فَھَلْ مِنْ مُّدَّکِرٍ۔ کیا کوئی نصیحت پکڑنے والا ہے۔