کتاب 60: كتاب أحاديث الأنبياء
صحیح بخاری, حصہ 5
صحیح بخاری 3408
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) شعیب نے ہمیں خبر دی۔ زُہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن اور سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: ایک مسلمان شخص اور ایک یہودی شخص نے ایک دوسرے کو برا بھلا کہا۔ مسلمان نے جیسا کہ وہ قسم کھایا کرتا تھا، کہا: اسی ذات کی قسم ہے جس نے محمد مصطفی ﷺ کو تمام قوموں میں سے بہترین سمجھ کر چنا ہے۔ اسی طرح یہودی نے کہا: اسی ذات کی قسم ہے جس نے موسیٰ کو تمام قوموں میں سے بہترین سمجھ کر چنا۔ مسلمان نے یہ سن کر اپنا ہاتھ اُٹھایا اور یہودی کو ایک طمانچہ لگا دیا۔ اس پر یہودی نبی ﷺ کے پاس گیا اور جو معاملہ اس کا اور مسلمان کا تھا، اس نے آپؐ کو بتایا۔ آپؐ نے فرمایا: موسیٰؑ پر مجھے مت فضیلت دو۔ قیامت کے روز لوگ بے ہوش ہو جائیں گے اور میں پہلا شخص ہوں گا جو ہوش سنبھالے گا۔ کیا دیکھوں گا کہ موسیٰؑ عرش کا کنارہ پکڑے ہوئے ہوں گے۔ میں نہیں جانتا کہ موسیٰؑ ان لوگوں میں تھے جو بے ہوش ہوئے اور مجھ سے پہلے ہوش میں آئے یا وہ ان لوگوں میں تھے جن کو اللہ نے مستثنیٰ کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3409
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے حُمَید بن عبدالرحمن سے روایت کی کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: آدمؑ اور موسیٰؑ آپس میں جھگڑے۔ موسیٰؑ نے ان سے کہا: تم وہی آدم ہو کہ تمہیں تمہاری غلطی نے جنت سے نکال دیا تھا۔ آدمؑ نے ان سے کہا: تم وہی موسیٰؑ ہو کہ اللہ نے تمہیں اپنی رسالت اور اپنے کلام کے لئے منتخب کیا تھا۔ پھر تم مجھے ایسی بات پر ملامت کرتے ہو جو میرے لئے پیشتر اس کے کہ میں پیدا کیا جاتا، مقدر تھا۔ رسول اللہ ﷺ نے دو بار یوں فرمایا: آدمؑ موسیٰؑ پر دلائل سے غالب آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3410
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حصین بن نمیر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین بن عبدالرحمن سے، انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی کریم ﷺ ایک دن ہمارے پاس باہر آئے۔ فرمایا: میرے سامنے اُمتیں پیش کی گئیں اور میں نے بہت بڑا اَنبوہ دیکھا جس نے آسمان کے افق کو ڈھانپ دیا تھا۔ مجھ سے کہا گیا: یہ موسیٰؑ ہیں اپنی قوم سمیت۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3411
یحيٰ بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ وکیع نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے عمرو بن مرہ سے، عمرو نے مرہ ہمدانی سے، مرہ نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مردوں میں سے بہت سے کامل ہوئے اور عورتوں میں سے سوائے فرعون کی بیوی آسیہ اور مریم بنت عمران کے کوئی عورت کامل نہیں ہوئی اور عائشہؓ کی فضیلت باقی تمام عورتوں پر ایسی ہے جیسے ثرید کی باقی سارے کھانوں پر۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3412
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان (ثوری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: اعمش نے مجھے بتایا۔ نیز ابونعیم نے ہم سے بیان کیا۔ (وہ کہتے ہیں:) سفیان نے ہم سے بیان کیا۔ اعمش سے روایت ہے۔ انہوں نے ابووائل سے، ابووائل نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے کوئی یوں نہ کہے کہ میں یونسؑ سے بہتر ہوں۔ مسدد نے ہم سے ایک روایت میں یونس بن متّیٰ کے الفاظ بڑھائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3413
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، انہوں نے ابوالعالیہ سے، ابوالعالیہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عباسؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: کسی بندے کو یہ نہ کہنا چاہیے کہ میں یونس بن متّیٰ سے بہتر ہوں۔ یونس کو ان کے والد متّیٰ کی طرف منسوب کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3415
اور میں تو یہ بھی نہیں کہتا کہ کوئی یونس بن متّیٰ سے افضل ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3416
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے روایت کرتے ہوئے بتایا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حُمَید بن عبدالرحمن سے سنا۔ وہ حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: کسی بندے کو بھی نہیں چاہیے کہ وہ یہ کہے کہ میں یونس بن متّیٰ سے بہتر ہوں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3417
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: داؤد علیہ السلام کے لئے زبور کے پڑھنے میں اتنی تخفیف کردی گئی تھی کہ وہ اپنے جانوروں پر زین رکھنے کا حکم دیتے اور ان کے جانوروں پر زین کسے جانے سے پہلے پہلے وہ زبور پڑھ لیتے تھے اور وہ صرف ہاتھ کی کمائی ہی سے کھایا کرتے تھے۔ یہ حدیث موسیٰ بن عقبہ نے صفوان سے، صفوان نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3418
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سعید بن مسیب نے انہیں خبر دی اور سلمہ بن عبدالرحمن نے بھی کہ حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاص) رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ کو بتایا گیا کہ میں کہتا ہوں کہ جب تک میں زندہ ہوں اللہ تعالیٰ کی قسم میں دن کو روزہ رکھوں گا اور رات بھر عبادت کیا کروں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے پوچھا: تم ہی ہو جو ایسا کہتے تھے کہ اللہ کی قسم جب تک میں زندہ ہوں دن کو روزہ رکھوں گا اور رات بھر عبادت کیا کروں گا؟ میں نے کہا: بے شک میں نے کہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم یہ نہیں کر سکو گے۔ اس لئے روزہ بھی رکھو اور ناغہ بھی کرو۔ عبادت بھی کرو اور سوئو بھی اور ہر مہینہ میں تین دن روزہ رکھا کرو کیونکہ نیکی کا بدلہ دس گنا ہے اور یہ تین روزے گویا عمر بھر کے روزے ہوں گے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں اس سے بڑھ کر طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تو ایک دن روزہ رکھو اور دو دن چھوڑ دو۔ کہتے تھے: میں نے کہا: میں اس سے بڑھ کر طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر ایک دن روزہ رکھو اور ایک دن ناغہ کرو اور یہ داؤدؑ کے روزے تھے اور اس طرح روزہ رکھنا سب روزوں سے بہتر ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں اس سے بھی بڑھ کر طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اس سے بڑھ کر کوئی روزہ نہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3419
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر نے ہمیں بتایا کہ حبیب بن ابی ثابت نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالعباس سے، ابوالعباس نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا مجھے یہ نہیں بتایا گیا کہ تم رات بھر عبادت کرتے ہو اور دن کو روزہ رکھتے ہو۔ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم نے ایسا کیا تو آنکھ بیٹھ جائے گی اور جان کمزور ہو جائے گی۔ ہر مہینہ میں تین دن روزہ رکھا کرو۔ یہ عمر بھر کا روزہ ہوگا۔ یا فرمایا: یہ ایسا ہی ہے جیسے عمر بھر روزہ رکھنا۔ میں نے کہا: میں اپنے اندر طاقت پاتا ہوں۔ مسعر نے کہا: اَجِدُ بِیْ کے معنی ہیں اپنے اندر قوت پاتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر دائود علیہ السلام کے روزہ کی طرح روزہ رکھو اور وہ ایک دن روزہ رکھتے تھے اور ایک دن چھوڑ دیا کرتے اور جب دشمن سے مقابلہ کرتے، بھاگتے نہیں تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3420
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عُیَینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے عمرو بن اوس ثقفی سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے سنا۔ کہتے تھے: مجھ سے رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کو سب سے پیارے روزے دائودؑ کے روزے ہیں۔ وہ ایک دن روزہ رکھتے تھے اور ایک دن نہ رکھتے تھے اور اللہ کو سب سے پیاری نماز دائودؑ کی نماز ہے۔ آدھی رات سوتے تھے اور تہائی رات عبادت کرتے تھے اور پھر رات کے چھٹے حصے میں سو جاتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3421
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ سہل بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے عوّام سے سنا۔ وہ مجاہد سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباسؓ سے پوچھا: کیا ہم سورۃ ص میں سجدئہ تلاوت کریں؟ تو انہوں نے (سورۃ الانعام) کی آیت پڑھی: اور اس (ابراہیم) کی اولاد میں سے دائود اور سلیمان … کو ہم نے ہدایت دی پس تو ان کی ہدایت کی پیروی کر۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: تمہارے نبی ﷺ بھی ان میں سے ہیں جنہیں ان کی پیروی کرنے کا حکم ہوا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3422
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ وُہیب نے ہم سے بیان کیا۔ ایوب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ انہوں نے کہا: سورۃ ص کا سجدہ ضروری سجدوں میں سے نہیں ہے۔ مگر میں نے نبی ﷺ کو دیکھا کہ آپؐ اس میں سجدہ کیا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3423
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا۔ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن زیاد سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ جنگلی درندوں میں سے ایک مکروہ شکل درندہ کل رات (مجھ پر) یکایک ٹوٹ پڑا تاکہ میری نماز کو توڑ دے۔ مجھے اللہ نے اس پر قابو دے دیا۔ میں نے اس کو پکڑ لیا اور چاہا کہ مسجد کے ستونوں میں سے ایک ستون سے اس کو باندھ دوں تا کہ تم سب اس کو دیکھو۔ مگر مجھے اپنے بھائی سلیمان کی یہ دعا یاد آئی: اے میرے رب! مجھ کو ایسی بادشاہت عطا کر جو میرے بعد کسی کو نہ ملے۔ تو میں نے اس کو دھتکار کر بھگا دیا۔ عِفْرِیْت کے معنی سرکش خواہ انسان ہو یا جانور اس کو عِفْرِیَّۃ بھی کہتے ہیں۔ جیسے زِبْنِیَّۃ اس کی جمع زَبَانِی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3424
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ مغیرہ بن عبدالرحمن نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالزناد سے، انہوں نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: سلیمان بن دائود نے کہا: آج میں ستر عورتوں کے پاس چکر لگائوں گا۔ ہر عورت کے حمل سے شاہسوار ہو گا جو اللہ کی راہ میں جہاد کرے گا۔ ان کے مصاحب نے کہا: انشاء اللہ کہیے، سلیمان نے نہیں کہا۔ اور ان عورتوں نے کچھ نہ جنا مگر ایک ہی بچہ جس کا آدھا جسم نہ تھا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اگر انشاء اللہ کہتے تو سب اللہ کی راہ میں یقینا جہاد کرتے۔ شعیب بن ابی الزناد نے اپنی روایت میں نوے کا عدد بیان کیا ہے مگر یہ ستر کی روایت زیادہ صحیح ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3425
عمر بن حفص نے ہمیں بتایا کہ میرے باپ نے ہم سے بیان کیا، (کہا: ) اعمش نے ہمیں بتایا کہ ابراہیم تیمی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے پوچھا: یا رسول اللہ! کونسی مسجد پہلے پہل بنائی گئی؟ آپؐ نے فرمایا: مسجد حرام۔ میں نے پوچھا: پھر اس کے بعد کونسی؟ آپؐ نے فرمایا: اس کے بعد مسجد اقصیٰ۔ میں نے پوچھا: ان دونوں میں کتنا فاصلہ تھا؟ آپؐ نے فرمایا: چالیس (برس) پھر اس کے بعد آپؐ نے فرمایا: جہاں بھی تمہیں نماز کا وقت آجائے نماز پڑھ لو اور ساری زمین ہی تمہارے لئے مسجد ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3427
اور فرمایا: دو عورتیں تھیں۔ ان کے ساتھ ان کے دو بیٹے تھے۔ بھیڑیا آیا۔ ان میں سے ایک عورت کا بیٹا لے گیا۔ اس کی ساتھی کہنے لگی: وہ تو تیرا بیٹا لے گیا ہے؛ اور دوسری کہنے لگی۔ تیرا ہی بیٹا لے گیا ہے۔ اس کے بعد وہ دونوں دائودؑ کے پاس اپنا جھگڑا فیصلہ کے لئے لے گئیں۔ انہوں نے بڑی عورت کو بچہ دلانے کا فیصلہ کیا۔ پھر دونوں نکل کر سلیمانؑ بن دائودؑ کے پاس گئیں اور انہوں نے ان سے واقعہ بیان کیا۔ سلیمانؑ نے کہا: مجھے چھری لادو تاکہ میں اس کو ان دونوں کے درمیان نصف، نصف تقسیم کر دوں۔ یہ سن کر چھوٹی کہنے لگی: ایسا نہ کیجیئے۔ اللہ آپ پر رحم کرے۔ یہ اسی کا بیٹا ہے۔ یہ سن کر سلیمانؑ نے چھوٹی کو اس بیٹے کے دینے کا فیصلہ کیا۔ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: بخدا سِکِّیْن کا لفظ صرف اسی دن میں نے سنا ورنہ ہم چھری کو مُدْیَۃ ہی کہا کرتے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3428
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: جو لوگ ایمان لے آئے اور انہوں نے اپنے ایمان کو ظلم سے مخلوط نہیں کیا۔ نبی ﷺ کے صحابہ نے کہا: ہم میں سے کون ایسا ہے جس نے اپنے ایمان کو گناہ سے نہیں ملایا۔ پھر یہ آیت نازل ہوئی: اللہ کا شریک نہ ٹھہرا۔ شرک یقینا بہت ہی بڑا ظلم ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3429
اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں خبر دی۔ اعمش نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے، علقمہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: جب یہ آیت نازل ہوئی: جو لوگ ایمان لے آئے اور انہوں نے اپنے ایمان کو ظلم سے مخلوط نہیں کیا۔ مسلمانوں پر شاق گزرا اور انہوں نے پوچھا: یا رسول اللہ! ہم میں سے کون ایسا ہے جس نے اپنی جان پر ظلم نہیں کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ مراد نہیں یہ تو صرف شرک ہے۔ کیا تم نے نہیں سنا جو لقمان نے اپنے بیٹے سے کہا جبکہ وہ اس کو نصیحت کر رہے تھے۔ اے میرے بیٹے! اللہ کا شریک مت ٹھہرا کیونکہ شرک یقینا بہت بڑا گناہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah