کتاب 5: بَابُ ذِكْرِ إِدْرِيسَ عَلَيْهِ السَّلاَمُ وَقَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَرَفَعْنَاهُ مَكَانًا عَلِيًّا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3342
عبدان نے کہا: عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ یونس نے زُہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی۔ نیز احمد بن صالح نے ہمیں بتایا۔ عنبسہ نے ہم سے بیان کیا کہ یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: حضرت انس بن مالکؓ نے کہا: حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ بیان کرتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے گھر کا چھت کھولا گیا۔ میں اس وقت مکہ میں تھا۔ جبریل نازل ہوئے اور انہوں نے میرا سینہ چاک کیا۔ پھر انہوں نے اس کو زمزم کے پانی سے دھویا۔ پھر وہ ایک سونے کا طشت لائے جو حکمت اور ایمان سے بھرا ہوا تھا اور انہوں نے اس کو میرے سینہ میں انڈیل کر خالی کر دیا۔ پھر انہوں نے سینہ کو بند کر دیا۔ پھر میرا ہاتھ پکڑ کر آسمان پر چڑھا لے گئے۔ جب سب سے نیچے کے آسمان پر پہنچے۔ جبریل نے آسمان کے داروغہ سے کہا: کھولو۔ اس نے پوچھا: کون ہے؟ کہا: جبریل۔ اس نے پوچھا: تمہارے ساتھ بھی کوئی ہے؟ انہوں نے کہا: میرے ساتھ محمدؐ ہیں۔ اس نے پوچھا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں، اور کھول دو۔ (اس پر اس نے دروازہ کھول دیا۔) جب ہم آسمان پر چڑھے تو کیا دیکھتے ہیں کہ ایک شخص بیٹھا ہے جس کے دائیں طرف چیزوں کے پرچھائیں ہیں اور اس کے بائیں طرف بھی پرچھائیں۔ جب وہ دائیں طرف دیکھتا ہے ہنس پڑتا ہے اور جب وہ اپنی بائیں طرف دیکھتا ہے تو رو پڑتا ہے۔ اس نے کہا: نیک نبی اور نیک بیٹے کو ہم خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں نے کہا: جبریل یہ کون ہیں؟ جواب دیا: یہ آدمؑ ہیں اور یہ پرچھائیں جو ان کے دائیں اور بائیں ہیں یہ ان کی اولاد کی روحیں ہیں۔ ان میں سے جو دائیں طرف والے ہیں وہ جنتی ہیں اور وہ پرچھائیں جو ان کے بائیں طرف ہیں وہ دوزخی ہیں۔ جس وقت وہ اپنی دائیں طرف دیکھتے ہیں ہنستے ہیں اور جب بائیں طرف دیکھتے ہیں روتے ہیں۔ اس کے بعد جبریل مجھے اوپر لے گئے۔ یہاں تک کہ دوسرے آسمان پر پہنچے۔ انہوں نے اس کے چوکیدار سے کہا: کھولو۔ اس آسمان کے داروغہ نے بھی ان سے ویسا ہی پوچھا جو پہلے نے پوچھا تھا۔ چنانچہ اس نے کھول دیا۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: حضرت ابوذرؓ نے بیان کیا کہ آنحضرت ﷺ نے آسمانوں پر حضرت ادریسؑ، حضرت موسیٰؑ، حضرت عیسیٰؑ اور حضرت ابراہیمؑ سے ملاقات کی۔ مگر یہ بیان نہیں کیا کہ کون کون سے آسمان پر کس کس سے ملاقات ہوئی۔ ہاں اتنا بیان کیا ہے کہ آپؐ نے سب سے نچلے آسمان میں حضرت آدمؑ کو پایا اور چھٹے میں حضرت ابراہیمؑ کو۔ اور حضرت انسؓ نے کہا: جب جبریل حضرت ادریسؑ کے پاس سے گزرے تو انہوں نے کہا: نیک نبی اور نیک بھائی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ کہا: یہ ادریسؑ ہیں۔ پھر میں حضرت موسیٰؑ کے پاس سے گزرا اور انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں۔ ہم نیک نبی اور نیک بھائی کو خوش آمدید کہتے ہیں۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ موسیٰؑ ہیں۔ پھر میں حضرت عیسیٰؑ کے پاس سے گزرا۔ انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور نیک بھائی۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ عیسیٰ ہیں۔ پھر میں حضرت ابراہیمؑ کے پاس سے گزرا اور انہوں نے کہا: خوشی سے آئیں یہ نیک نبی اور یہ نیک بیٹے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ ابراہیمؑ ہیں۔ ابن شہاب کہتے تھے: مجھے (ابوبکر) ابن حزم نے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ اور حضرت ابوحیہ انصاریؓ دونوں کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: پھر مجھے اوپر لے گئے۔ یہاں تک کہ میں ایک ہموار جگہ پر چڑھ گیا جہاں میں قلموں کے لکھنے کی آواز سنتا تھا۔ ابن حزم اور حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہما نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا کہ پھر اللہ نے مجھ پر پچاس نمازیں فرض کیں اور انہیں کو لے کر واپس آگیا۔ یہاں تک کہ جب حضرت موسیٰؑ کے پاس سے گزرنے لگا تو حضرت موسیٰؑ نے پوچھا: آپؐ کی امت پر کیا فرض کیا گیا ہے؟ میں نے کہا: اس پر پچاس نمازیں فرض کی ہیں۔ انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے واپس جاکر نظر ثانی کرائیں۔ کیونکہ تمہاری امت اتنی طاقت نہیں رکھے گی۔ چنانچہ میں لوٹا اور میں نے اپنے ربّ سے نظر ثانی کے لئے کہا۔ اس پر اس نے نصف حصہ کم کر دیا اور میں حضرت موسیٰؑ کے پاس واپس آیا۔ پھر انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے نظر ثانی کرائو۔ چنانچہ آپؐ نے پھر اسی طرح سے ذکر کیا اور اللہ تعالیٰ نے کچھ حصہ نمازیں کم کر دیں۔ پھر میں حضرت موسیٰؑ کے پاس واپس آیا اور انہیں بتایا۔ انہوں نے کہا: واپس جاکر اپنے ربّ سے نظر ثانی کرائو، کیونکہ تیری امت اتنی برداشت نہیں کرسکے گی۔ میں لوٹا اور اپنے ربّ سے نظر ثانی کے لئے عرض کیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: پانچ نمازیں ہیں اور یہ پچاس بھی ہیں۔ میرے حضور بات نہیں بدلی جاتی۔ اس پر میں حضرت موسیٰؑ کے پاس واپس آیا۔ انہوں نے کہا: اپنے ربّ سے واپس جاکر پھر نظر ثانی کرائو۔ میں نے کہا: اب تو مجھے اپنے ربّ سے شرم آگئی ہے۔ پھر جبریل چل پڑے یہاں تک کہ سدرۃ المنتہیٰ پر پہنچے اور وہاں طرح طرح کے رنگ چھائے ہوئے تھے۔ میں نہیں جانتا وہ کیا تھے؟ پھر مجھے جنت کے اندر لے جایا گیا۔ میں کیا دیکھتا ہوں کہ اس میں موتی کے گنبد ہیں اور کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں مٹی مشک کی ہے۔