کتاب 14: بَابُ: {أَمْ كُنْتُمْ شُهَدَاءَ إِذْ حَضَرَ يَعْقُوبَ الْمَوْتُ} إِلَى قَوْلِهِ: {وَنَحْنُ لَهُ مُسْلِمُونَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3374
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے معتمر سے سنا۔ انہوں نے عبیداللہ (عمری) سے، عبیداللہ نے سعید بن ابی سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ سے پوچھا گیا: لوگوں میں سب سے زیادہ شریف کون ہے؟ آپؐ نے فرمایا: ان میں سب سے زیادہ شریف وہ ہے جو ان میں سب سے بڑھ کر متقی ہے۔ لوگوں نے کہا: یا نبی اللہ! اس کے متعلق ہم آپؐ سے نہیں پوچھتے۔ آپؐ نے فرمایا: لوگوں میں سب سے بڑھ کر شریف یوسفؑ ہیں جو اللہ کے نبی ہیں، نبی اللہ کے بیٹے ہیں، نبی اللہ کے پوتے ہیں، خلیل اللہ کے پڑپوتے ہیں۔ انہوں نے کہا: اس کے متعلق بھی ہم آپؐ سے نہیں پوچھتے۔ آپؐ نے فرمایا: تو پھر کیا عربوں کے خاندانوں سے متعلق مجھ سے پوچھتے ہو؟ کہنے لگے: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تم میں سے جو جاہلیت میں اچھے تھے، وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں۔ بشرطیکہ دین کی باتیں سیکھیں۔