کتاب 19: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {لَقَدْ كَانَ فِي يُوسُفَ وَإِخْوَتِهِ آيَاتٌ لِلسَّائِلِينَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3383
عبید بن اسماعیل نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابو اسامہ سے، ابو اسامہ نے عبید اللہ (عمری) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: سعید بن ابی سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ سے پوچھا گیا کہ لوگوں میں سب سے زیادہ شریف کون ہے؟ فرمایا: ان میں سے وہ جس نے سب سے بڑھ کر تقوی اللہ اختیار کیا۔ لوگوں نے کہا: اس کے متعلق آپؐ سے نہیں پوچھ رہے۔ آپؐ نے فرمایا: پھر لوگوں میں سب سے بڑھ کر شریف یوسف ہیں جو اللہ کے نبی، نبی اللہ کے بیٹے، نبی اللہ کے پوتے اور خلیل اللہ (حبیب خدا) کے پڑپوتے ہیں۔ انہوں نے کہا: اس کے متعلق بھی ہم آپؐ سے نہیں پوچھتے۔ آپؐ نے فرمایا: تو کیا پھر تم مجھ سے عربوں کے خاندانوں کی نسبت پوچھتے ہو؟ لوگ بھی کانیں ہیں۔ ان میں سے جو جاہلیت میں اچھے تھے وہ اسلام میں بھی اچھے ہیں، بشرطیکہ دین سیکھیں اور سمجھیں۔ محمد بن سلام (بیکندی) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عبید اللہ سے، انہوں نے سعید (مقبری) سے، سعید نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے یہی روایت نقل کی۔
صحیح بخاری 3384
بدل بن محبر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعد بن ابراہیم سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے عروہ بن زبیر سے سنا۔ انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: ابوبکر سے کہو کہ لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: وہ تو بہت ہی نرم دل آدمی ہیں۔ جونہی آپؐ کی جگہ کھڑے ہوں گے، ان پر رقت طاری ہو جائے گی۔ آپؐ نے پھر فرمایا اور حضرت عائشہؓ نے وہی کہا۔ شعبہ نے کہا: آپؐ نے تیسری یا چوتھی بار فرمایا: تم تو یوسف کی ساتھ والیاں ہو۔ ابوبکر سے کہو (کہ نماز پڑھائیں۔)
صحیح بخاری 3385
ربیع بن یحيٰ بصری نے ہم سے بیان کیا کہ زائدہ (بن قدامہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالملک بن عمیر سے، انہوں نے ابوبردہ بن ابی موسیٰ سے، ابوبردہ نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بیمار ہوئے اور آپؐ نے فرمایا: ابوبکر سے کہو لوگوں کو نماز پڑھائیں۔ حضرت عائشہؓ نے کہا: ابوبکر تو ایسے ایسے آدمی ہیں۔ (یعنی نرم دل) آپؐ نے پھر وہی فرمایا۔ حضرت عائشہؓ نے بھی اسی طرح کہا جس طرح پہلے کہا تھا۔ آپؐ نے فرمایا: ابوبکر سے کہو نماز پڑھائیں۔ تم تو یوسف کی ساتھ والیاں ہو۔ چنانچہ حضرت ابوبکرؓ نے رسول اللہ ﷺ کی زندگی میں امامت کی۔ حسین (بن علی جعفی) نے زائدہ سے یہ الفاظ نقل کئے (کہ حضرت ابوبکرؓ) نرم دل آدمی ہیں۔
صحیح بخاری 3386
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں خبر دی۔ ابوالزناد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعرج سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اے اللہ! عیاش بن ابی ربیعہ کو نجات دے۔ اے اللہ! سلمہ بن ہشام کو نجات دے۔ اے اللہ! ولید بن ولید کو نجات دے۔ اے اللہ! کمزور مومنوں کو نجات دے۔ اے اللہ! مضر قبیلہ کو سختی سے کچل۔ اے اللہ! ان کے سال یوسف کے سالوں جیسے کیجیئو۔
صحیح بخاری 3387
عبداللہ بن محمد بن اسماء بن اخی جویریہ نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، انہوں نے زہری سے روایت کی کہ سعید بن مسیب اور ابوعبید دونوں نے ان کو بتایا: حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوطؑ پر اللہ رحم کرے وہ تو کسی مضبوط سہارے کی ہی پناہ لینا چاہتے تھے اور اگر میں قید خانہ میں اتنی دیر رہتا جتنی دیر یوسف رہے۔ پھر بلانے والا میرے پاس آتا تو میں ضرور چلا جاتا۔
صحیح بخاری 3388
محمد بن سلام نے ہم سے بیان کیا کہ (محمد) بن فضیل نے ہمیں خبر دی کہ حصین نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سفیان سے، انہوں نے مسروق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت اُمّ رومانؓ سے جو حضرت عائشہؓ کی والدہ تھیں اس بہتان کے متعلق پوچھا جو حضرت عائشہؓ پر باندھا گیا تھا۔ کہنے لگیں: میں اور عائشہؓ دونوں بیٹھی ہوئی تھیں کہ اسی اثناء میں ایک انصاری عورت ہمارے پاس اندر آئی اور وہ یہ کہہ رہی تھی: اللہ فلاں کو تباہ کرے اور تباہ کیا ہے۔ کہتی تھیں: میں نے پوچھا: کیوں؟ کہنے لگی۔ اسی نے تو یہ بات مشہور کی ہے۔ عائشہؓ نے پوچھا: کونسی بات؟ اس نے عائشہؓ کو بتایا۔ عائشہ نے پوچھا: کیا ابوبکرؓ اور رسول اللہ ﷺ نے بھی یہ بات سنی ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ یہ سنتے ہی عائشہؓ بے ہوش ہو کر گر گئی۔ ہوش میں آئی تو اسے لرزہ کا بخار تھا۔ نبی ﷺ آئے اور پوچھا: اسے کیا ہوا ہے؟ میں نے کہا: اس کو بخار چڑھ گیا ہے۔ اس بات کی وجہ سے جس کا چرچا کیا گیا ہے۔ یہ سن کو وہ اُٹھ بیٹھی اور کہنے لگی: بخدا! اگر میں قسم اُٹھائوں تو آپ لوگ مجھے سچا نہیں سمجھیں گے اور اگر میں معذرت کروں تو مجھے معذور نہیں ٹھہرائیں گے۔ اس لئے میری اور آپ لوگوں مثال حضرت یعقوبؑ اور ان کے بیٹوں کی سی ہے۔ پھر اللہ ہی سے مدد مانگی جائے ان باتوں کے متعلق جو آپ لوگ بیان کر رہے ہو۔ یہ سن کر نبی ﷺ لوٹ گئے۔ پھر اللہ نے وہ وحی نازل کی جو کی۔ پھر آپؐ نے عائشہ کو بتایا تو عائشہؓ نے سن کر کہا: اللہ ہی کا شکریہ ہے نہ کسی اور کا شکریہ۔
صحیح بخاری 3389
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: عروہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے پوچھا: بتلائیں تو سہی یہ جو اللہ تعالیٰ نے فرمایا ہے: حَتّٰی اِذَا اسْتَیْئَسَ الرُّسُلُ وَظَنُّوْا اَنَّھُمْ قَدْ کُذِبُوْا۔ اس آیت میں کُذِّبُوْا ہے یا کُذِبُوْا؟ حضرت عائشہؓ نے کہا: نہیں بلکہ ان کی قوم نے انہیں جھٹلایا۔ میں نے کہا: بخدا! انہیں تو یقین تھا کہ ان کی قوم نے انہیں جھٹلایا ہے اور یہ صرف گمان نہیں تھا۔ انہوں نے کہا: عروہ بچے! بے شک انہیں اس کا یقین ہو چکا تھا۔ میں نے کہا: شاید یہ آیت کُذِبُوْا ہو۔ یعنی ان سے جھوٹے وعدے کئے گئے۔ حضرت عائشہؓ کہنے لگیں: معاذ اللہ! رسول ایسے نہیں ہوتے کہ اپنے ربّ پر یہ گمان کریں۔ (حضرت عائشہؓ نے کہا:) اور یہ جو آیت ہے تو یہ (گمان کرنے والے) رسولوں کے پیرو ہیں جو اپنے ربّ پر ایمان لائے اور ان رسولوں کو سچا سمجھا اور ان کی آزمائش دیر تک ہوتی رہی اور ان کو مدد پہنچنے میں دیر ہوگئی۔ یہاں تک کہ جب رسول اپنی قوم کے ان لوگوں سے بالکل ناامید ہوگئے جنہوں نے انہیں جھٹلایا تھا اور یہ خیال کرنے لگے کہ ان کی پیروئوں نے بھی انہیں جھوٹا قرار دے دیا ہے تو اس وقت اللہ کی مدد ان کو پہنچی۔ ابوعبداللہ (امام بخاری) نے کہا: اسْتَیْئَسُوْا کا جو لفظ آیا ہے وہ باب استفعال ہے یَئِسْتُ سے۔ سورئہ یوسف میں مِنْہُ سے مراد یہ ہے کہ وہ یوسف سے ناامید ہوگئے۔ اور لَا تَیْئَسُوْا مِنْ رَوْحِ اللّٰہ جو فرمایا تو اس کے معنی ہیں کہ اللہ سے امید رکھو، نا امید نہ ہو۔
صحیح بخاری 3390
عبدہ نے مجھے خبر دی کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن سے، عبدالرحمن نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے (حضرت عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: یوسف جن کا باپ یعقوب، اسحاق دادا، ابراہیم پردادا ہیں، وہ خود بھی شریف، شریف کے بیٹے، شریف کے پوتے، شریف کے پڑپوتے ہیں۔ ان سب پر سلامتی ہو۔