کتاب 24: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {وَهَلْ أَتَاكَ حَدِيثُ مُوسَى}، {وَكَلَّمَ اللَّهُ مُوسَى تَكْلِيمًا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3394
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں خبر دی۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زُہری سے، زُہری نے سعید بن مسیب سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جس رات رسول اللہ ﷺ کو سیر کرایا گیا، آپؐ نے اس کا ذکر کرتے ہوئے فرمایا: میں نے موسیٰ کو دیکھا اور وہ دبلے پتلے بدن کے آدمی ہیں، سیدھے بالوں والے گویا کہ وہ شنوءہ قبیلہ کے لوگوں میں سے ہیں اور میں نے عیسیٰ کو دیکھا وہ میانہ قد سرخ رنگ آدمی ہیں جیسے ابھی حمام سے نکلے ہیں۔ اور ابراہیم ﷺ سے ان کی سب اولاد میں مَیں زیادہ مشابہت رکھنے والا ہوں۔ پھر اس کے بعد میرے پاس دو پیالے لائے گئے۔ ان میں سے ایک میں دودھ تھا اور دوسرے میں شراب۔ فرشتے نے کہا: پیو، ان میں سے جسے تم چاہو۔ تب میں نے دودھ لیا اور اس کو پیا۔ اس پر مجھے کہا گیا: تم نے فطرت پر عمل کیا ہے۔ دیکھو اگر تم شراب پیتے تو تمہاری اُمت بگڑ جاتی۔
صحیح بخاری 3396
اور جس رات نبی کریم ﷺ کو اسراء ہوا، آپؐ نے اس کا ذکر کیا اور فرمایا: موسیٰ گندم گوں لمبے قد ہیں گویا کہ وہ شنوء ہ قبیلہ کے لوگوں میں سے ہیں اور فرمایا: عیسیٰ گھونگھریالے بالوں والے میانہ قد ہیں اور آپؐ نے مالک کا ذکر کیا جو آگ کا داروغہ ہے اور دجال کا بھی ذکر فرمایا۔
صحیح بخاری 3397
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا کہ ایوب سختیانی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے (عبداللہ) بن سعید بن جبیر سے، انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ جب مدینہ میں آئے تو آپؐ نے یہود کو دیکھا کہ ایک دن یعنی عاشورہ کا روزہ رکھتے ہیں اور کہتے تھے کہ یہ بہت بڑا دن ہے اور یہ وہ دن ہے جس دن اللہ نے موسیٰ کو نجات دی اور فرعون کی قوم کو غرق کیا تھا۔ اس لئے موسیٰ نے اللہ کا شکریہ ادا کرنے کے لئے روزہ رکھا۔ یہ دیکھ کر نبی ﷺ نے فرمایا: میں ان سے زیادہ موسیٰ سے تعلق رکھتا ہوں۔ چنانچہ آپؐ نے بھی اس دن روزہ رکھا اور لوگوں کو روزہ رکھنے کے لئے فرمایا۔
صحیح بخاری 3395
محمد بن بشار نے مجھے بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ قتادہ سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے ابوالعالیہ سے سنا کہ تمہارے نبی کے چچا زاد بھائی یعنی حضرت ابن عباسؓ نے ہمیں بتایا کہ نبی ﷺ سے مروی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: کسی بندے کو بھی یہ نہیں کہنا چاہیے کہ میں یونس بن متّٰی سے اچھا ہوں اور راوی نے یونس کے باپ کا نام متّٰی بیان کیا۔