کتاب 37: باب قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى {وَآتَيْنَا دَاوُدَ زَبُورًا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3417
عبداللہ بن محمد نے ہمیں بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: داؤد علیہ السلام کے لئے زبور کے پڑھنے میں اتنی تخفیف کردی گئی تھی کہ وہ اپنے جانوروں پر زین رکھنے کا حکم دیتے اور ان کے جانوروں پر زین کسے جانے سے پہلے پہلے وہ زبور پڑھ لیتے تھے اور وہ صرف ہاتھ کی کمائی ہی سے کھایا کرتے تھے۔ یہ حدیث موسیٰ بن عقبہ نے صفوان سے، صفوان نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔
صحیح بخاری 3418
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ سعید بن مسیب نے انہیں خبر دی اور سلمہ بن عبدالرحمن نے بھی کہ حضرت عبداللہ بن عمرو (بن عاص) رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ کو بتایا گیا کہ میں کہتا ہوں کہ جب تک میں زندہ ہوں اللہ تعالیٰ کی قسم میں دن کو روزہ رکھوں گا اور رات بھر عبادت کیا کروں گا۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے پوچھا: تم ہی ہو جو ایسا کہتے تھے کہ اللہ کی قسم جب تک میں زندہ ہوں دن کو روزہ رکھوں گا اور رات بھر عبادت کیا کروں گا؟ میں نے کہا: بے شک میں نے کہا ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم یہ نہیں کر سکو گے۔ اس لئے روزہ بھی رکھو اور ناغہ بھی کرو۔ عبادت بھی کرو اور سوئو بھی اور ہر مہینہ میں تین دن روزہ رکھا کرو کیونکہ نیکی کا بدلہ دس گنا ہے اور یہ تین روزے گویا عمر بھر کے روزے ہوں گے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں اس سے بڑھ کر طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: تو ایک دن روزہ رکھو اور دو دن چھوڑ دو۔ کہتے تھے: میں نے کہا: میں اس سے بڑھ کر طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر ایک دن روزہ رکھو اور ایک دن ناغہ کرو اور یہ داؤدؑ کے روزے تھے اور اس طرح روزہ رکھنا سب روزوں سے بہتر ہے۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ ! میں اس سے بھی بڑھ کر طاقت رکھتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: اس سے بڑھ کر کوئی روزہ نہیں۔
صحیح بخاری 3419
خلاد بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر نے ہمیں بتایا کہ حبیب بن ابی ثابت نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوالعباس سے، ابوالعباس نے حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھ سے فرمایا: کیا مجھے یہ نہیں بتایا گیا کہ تم رات بھر عبادت کرتے ہو اور دن کو روزہ رکھتے ہو۔ میں نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر تم نے ایسا کیا تو آنکھ بیٹھ جائے گی اور جان کمزور ہو جائے گی۔ ہر مہینہ میں تین دن روزہ رکھا کرو۔ یہ عمر بھر کا روزہ ہوگا۔ یا فرمایا: یہ ایسا ہی ہے جیسے عمر بھر روزہ رکھنا۔ میں نے کہا: میں اپنے اندر طاقت پاتا ہوں۔ مسعر نے کہا: اَجِدُ بِیْ کے معنی ہیں اپنے اندر قوت پاتا ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: پھر دائود علیہ السلام کے روزہ کی طرح روزہ رکھو اور وہ ایک دن روزہ رکھتے تھے اور ایک دن چھوڑ دیا کرتے اور جب دشمن سے مقابلہ کرتے، بھاگتے نہیں تھے۔