کتاب 46: بَابُ قَوْلِهِ تَعَالَى: {إِذْ قَالَتِ الْمَلاَئِكَةُ يَا مَرْيَمُ} إِلَى قَوْلِهِ: {فَإِنَّمَا يَقُولُ لَهُ كُنْ فَيَكُونُ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3433
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن مرہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے مرہ ہمدانی سے سنا۔ وہ بیان کرتے تھے کہ حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا۔ عائشہؓ کی فضیلت دوسری عورتوں پر ایسی ہے جیسے ثرید کی سب کھانوں پر۔ مردوں میں سے بہت سے کامل ہوئے اور عورتوں میں سے سوائے مریم بنت عمران اور آسیہ فرعون کی بیوی کے کوئی کامل نہیں ہوئی۔
صحیح بخاری 3434
اور (عبداللہ) ابن وہب نے کہا: یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: سعید بن مسیب نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابوہریرہؓ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: قریش کی عورتیں اچھی عورتیں ہیں۔ اونٹوں پر سوار ہوتی ہیں۔ بچوں پر بہت مہربان ہیں اور خاوندوں کا بہت خیال رکھتی ہیں۔ حضرت ابوہریرہؓ یہ بیان کرنے کے بعد کہتے تھے: مریم بنت عمران کبھی بھی کسی اونٹ پر سوار نہیں ہوئی۔ یونس کی طرح زہری کے بھتیجے (محمد بن عبداللہ بن یسار) اور اسحق کلبی نے بھی زہری سے یہ روایت نقل کی۔