کتاب 48: بَابُ: {وَاذْكُرْ فِي الْكِتَابِ مَرْيَمَ إِذِ انْتَبَذَتْ مِنْ أَهْلِهَا}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3436
مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ جریر بن حازم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد بن سیرین سے، ابن سیرین نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: بچپن میں سوائے تین کے کسی نے باتیں نہیں کیں۔ یعنی عیسیٰ اور بنی اسرائیل میں ایک مشہور شخص تھا جسے جریج کہتے تھے۔ وہ نماز پڑھ رہا تھا اس کی ماں آئی اور اس نے اس کو بلایا۔ جریج نے دل میں کہا: میں اس کے پاس جائوں یا نماز پڑھتا رہوں۔ ماں نے یہ دیکھ کر بددعا کی: اے اللہ! اس کو نہ ماریو جب تک تو اس کو کنچنیوں کا منہ نہ دکھا لے اور جریج اپنے عبادت خانہ میں ہی رہتا تھا۔ ایک عورت نے اس سے چھیڑ چھاڑ کی اور اس سے (بدکاری کے لیے) کہا۔ اس نے انکار کیا۔ پھر وہ ایک چرواہے کے پاس آئی اور اپنے تئیں اس کے سپرد کیا جس سے وہ ایک لڑکا جنی اور کہنے لگی: جریج سے ہوا ہے۔ لوگ اس کے پاس آئے اور انہوں نے اس کے عبادت خانہ کو توڑ ڈالا۔ اور اس کو نیچے اتارا اور گالیاں دیں۔ جریج نے وضو کیا اور نماز پڑھی اور اس کے بعد اس لڑکے کے پاس آیا اور اس سے پوچھا: اے لڑکے! تیرا باپ کون ہے؟ اس نے جواب دیا: چرواہا۔ لوگ کہنے لگے: ہم تمہارا عبادت خانہ سونے کا بنا دیتے ہیں۔ اس نے کہا: نہیں مٹی سے ہی بنا دو۔ بنی اسرائیل میں سے ایک عورت اپنے بچے کو دودھ پلا رہی تھی کہ ایک شخص سوار جو خوش وضع تھا {اس کے پاس سے} گزرا۔ اس کو دیکھ کر وہ عورت دعا کرنے لگی: اے اللہ! میرے بیٹے کو بھی اس جیسا بنا۔ بچہ نے اس کا پستان چھوڑ دیا اور سوار کی طرف منہ کرکے بولا: اے اللہ! مجھے اس جیسا نہ بنائیو۔ یہ کہہ کر پھر اپنی ماں کے پستان کو چوسنے لگا۔ حضرت ابوہریرہؓ کہتے تھے: جیسے میں اب بھی نبی ﷺ کو دیکھ رہا ہوں کہ آپؐ اپنی انگلی کو چوس رہے ہیں۔ پھر ایک لونڈی وہاں سے گزری۔ اس کو دیکھ کر دعا کرنے لگی: اے اللہ! میرے بیٹے کو اس جیسا نہ بنائیو۔ اس بچے نے پستان چھوڑ دیا اور بولا: اے اللہ! مجھے اس جیسا کیجیئو۔ اس عورت نے پوچھا: یہ کیوں (تم نے کہا ہے؟) اس نے جواب دیا: وہ سوار بڑا ظالم ہے اور یہ لونڈی، لوگ اس کو کہتے ہیں: تو نے چوری کی، تو نے زنا کیا حالانکہ اس نے کچھ نہیں کیا۔
صحیح بخاری 3437
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے روایت کی۔ اور محمود (بن غیلان) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ معمر نے ہمیں خبر دی ہے۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے کہا کہ سعید بن مسیب نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: جس رات مجھے لے جایا گیا۔ میں موسیٰ سے ملا۔ عبدالرزاق نے کہا: معمر نے ان کا حلیہ روایت کیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے یوں کہا: میں کیا دیکھتا ہوں کہ وہ پتلے لمبے آدمی ہیں۔ سیدھے بالوں والے جیسے شنوء ہ قبیلہ کے آدمی ہوتے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں عیسیٰ سے ملا اور نبی ﷺ نے ان کا حلیہ بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: وہ میانہ قد سرخ رنگ کے تھے۔ ایسے تروتازہ کہ جیسے وہ حمام سے نکلے تھے اور میں نے ابراہیم کو دیکھا، ان کی اولاد میں سے مَیں ان سے زیادہ ہم شکل ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: میرے پاس دو برتن لائے گئے۔ ان میں سے ایک میں دودھ تھا اور دوسرے میں شراب اور مجھے کہا گیا: ان میں سے جس کو تم چاہو لے لو۔ میں نے دودھ لیا اور اس کو پیا۔ تو مجھ سے کہا گیا: فطرت کی تمہیں رہنمائی کی گئی ہے یا تم نے فطرت کو اختیار کیا ہے۔ دیکھو! اگر تم شراب لیتے تو تمہاری امت کج روی اختیار کرتی۔
صحیح بخاری 3438
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ اسرائیل نے ہمیں خبر دی۔ عثمان بن مغیرہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: میں نے عیسیؑ اور موسیٰؑ اور ابراہیمؑ کو دیکھا۔ عیسیٰؑ جو تھے تو ان کا رنگ سرخ، گھونگھریالے بال اور سینہ چوڑا رکھتے تھے اور موسیٰؑ جو تھے تو وہ گندم گوں، فربہ جسم، سیدھے بالوں والے، جیسے کہ وہ زُطّ کے لوگوں میں سے ہیں۔
صحیح بخاری 3439
ابراہیم بن منذر نے ہمیں بتایا۔ ابو ضمرہ نے ہم سے بیان کیا کہ موسیٰ (بن عقبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ (بن عمرؓ) سے روایت کی کہ ایک دن نبی ﷺ لوگوں کے درمیان بیٹھے ہوئے تھے۔ آپؐ نے مسیح دجال کا ذکر کیا۔ فرمایا: اللہ کانا نہیں۔ دیکھو ہوشیار رہنا۔ مسیح دجال داہنی آنکھ سے کانا ہے۔ اس کی آنکھ جیسے پھولا ہوا انگور کا دانہ ہوتا ہے۔
صحیح بخاری 3440
اور آج رات خواب میں مَیں نے دیکھا کہ کعبہ کے پاس ہوں۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک گندم گوں شخص ہے ایسا ہی خوبصورت جیسے گندم گوں لوگ نظر آتے ہیں۔ اس کے بال کندھوں تک پہنچے تھے۔ بالوں میں کنگھی کی ہوئی تھی۔ اس کے سر سے پانی کے قطرے ٹپک رہے تھے۔ دو آدمیوں کے کندھوں پر اپنے ہاتھ رکھے ہوئے بیت اللہ کا طواف کر رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ مسیح ابن مریم ہیں۔ پھر میں نے اس کے پیچھے ایک اور شخص چھوٹے گنگھریالے بالوں والا داہنی آنکھ سے کانا، جن لوگوں کو میں نے دیکھا ہے ان میں سے عبد العزیٰ بن قطن سے بہت مشابہ تھا۔ وہ بھی ایک شخص کے کندھوں پر ہاتھ رکھے ہوئے بیت اللہ کا چکر لگا رہا تھا۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: مسیح دجال ہے۔ موسیٰ بن عقبہ کی طرح اس حدیث کو عبیداللہ نے بھی نافع سے روایت کیا۔
صحیح بخاری 3441
ہم سے احمد بن محمد مکی نے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابراہیم بن سعد سے سنا۔ ابراہیم نے کہا: مجھے زہری نے بتایا۔ زہری نے سالم سے، سالم نے اپنے باپ (حضرت عبداللہ بن عمرؓ) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نہیں۔ اللہ کی قسم! نبی ﷺ نے عیسیٰ کو سرخ رنگ کا نہیں بتایا بلکہ فرمایا: اسی اثناء میں کہ میں سویا ہوا تھا (میں نے خواب میں دیکھا کہ میں) کعبہ کا طواف کر رہا ہوں۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص گند م گوں سیدھے بالوں والا ہے۔ دو آدمیوں کے درمیان ان کا سہارا لئے ہوئے جا رہا ہے۔ اس کے سر سے پانی ٹپک رہا ہے یا فرمایا: اس کے سر سے پانی بہہ رہا ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: ابن مریم۔ میں مڑ کر جو دیکھنے لگا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ایک موٹا شخص سرخ رنگ گھنگھریالے بالوں والا اپنی داہنی آنکھ سے کانا ہے۔ اس کی آنکھ جیسے پھولا ہوا انگور کا دانہ ہوتا ہے۔ میں نے پوچھا: یہ کون ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ دجال ہے اور لوگوں میں سے (عبدالعزیٰ) ابن قطن اس سے زیادہ ملتا جلتا ہے۔ زہری نے کہا: یہ خزاعہ قبیلہ میں سے ایک شخص تھا جو جاہلیت میں ہی مرگیا تھا۔
صحیح بخاری 3442
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبد الرحمن نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: لوگوں میں سے سب سے زیادہ ابن مریم کے ساتھ تعلق رکھنے والا مَیں ہوں اور نبی علاتی بھائی ہوتے ہیں۔ میرے اور ان کے درمیان کوئی نبی نہیں۔
صحیح بخاری 3443
محمد بن سنان نے ہمیں بتایا کہ فلیح بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا، (کہا:) ہلال بن علی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبدالرحمن بن ابی عمرہ سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: دنیا اور آخرت میں تمام لوگوں سے بڑھ کر عیسیٰ ابن مریم سے تعلق رکھنے والا مَیں ہوں اور نبی علاتی بھائی ہوتے ہیں۔ ان کی مائیں مختلف ہیں مگر ان کا دین ایک ہی ہوتا ہے۔ اور ابراہیم بن طہمان نے کہا کہ موسیٰ بن عقبہ سے مروی ہے۔ انہوں نے صفوان بن سُلَیم سے، صفوان نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا۔
صحیح بخاری 3444
اور عبداللہ بن محمد (مسندی) نے بھی ہمیں بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہمام سے، ہمام نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: عیسیٰ بن مریم نے ایک شخص کو چوری کرتے دیکھا۔ انہوں نے اس سے پوچھا: کیا تم چوری کرتے ہو؟ اس نے کہا: ہرگز نہیں؛ اسی ذات کی قسم ہے جس کے سوا کوئی معبود نہیں۔ عیسیٰ یہ سن کر بولے: میں اللہ پر ایمان لایا اور اپنی آنکھ کو جھوٹا قرار دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 3445
حمیدی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے زہری سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا۔ حضرت ابن عباسؓ سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ منبر پر کھڑے کہہ رہے تھے: میں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میری تعریف میں مبالغہ نہ کرو۔ جیسے نصاریٰ نے ابن مریم کی تعریف میں مبالغہ کیا۔ میں تو صرف اللہ کا بندہ ہوں اور تم یہی کہو: اس کا بندہ اور اس کا رسول ہے۔
صحیح بخاری 3446
محمد بن مقاتل نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ صالح بن حي نے ہمیں بتایا کہ اہل خراسان میں سے ایک شخص نے شعبی سے پوچھا تو شعبی نے کہا: ابوبردہ نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا کہ اگر کوئی شخص اپنی لونڈی کو اَدب سکھائے اور عمدہ ادب سکھائے اور اس کو تعلیم دے اور عمدہ تعلیم دے اور پھر اس کے بعد اس کو آزاد کر دے اور اس سے نکاح کر لے، اس کو دو ثواب ہوں گے۔ اور اگر عیسیٰ کو مانا ہے اور پھر مجھے مانا ہے تو اس کو بھی دو ثواب ہوں گے۔ اور جو غلام اپنے ربّ کی ناراضگی سے بچے اور مالکوں کی اطاعت کرے تو اس کو بھی دو ثواب ہوں گے۔
صحیح بخاری 3447
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مغیرہ بن نعمان سے، مغیرہ نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہیں ننگے پائوں، ننگے بدن، بے ختنہ اُٹھایا جائے گا۔ یہ کہہ کر آپؐ نے یہ آیت پڑھی: جس طرح ہم نے پہلے پہل پیدا کیا اسی طرح دوبارہ پیدا کریں گے۔ ہمارے ذمہ یہ ایک وعدہ ہے ہم ضرور پورا کریں گے۔ (پھر فرمایا:) سب سے پہلے جسے پہنایا جائے گا، ابراہیم ہوں گے۔ پھر (جب سب پہنائے جائیں گے تو) ایسا ہوگا کہ میرے صحابہ میں سے بعض لوگوں کو دائیں طرف لے جایا جائے گا اور بعض کو بائیں طرف۔ میں کہوں گا یہ میرے ساتھی ہیں۔ تو کہا جائے گا: آپؐ جب سے ان سے جدا ہوئے وہ اپنی ایڑیوں کے بل پھرے رہے۔ تو میں ویسے ہی کہوں گا جیسے اس نیک بندے یعنی عیسیٰ بن مریم نے کہا تھا: میں اپنی قوم پر نگران رہا جب تک میں ان کے درمیان رہا۔ جب تو نے مجھے وفات دے دی تو تُو ہی ان کا نگہبان تھا اور تو ہی ہر ایک چیز کا نگران ہے۔ اگر تو انہیں سزا دے تو وہ تیرے بندے ہیں اور اگر تو ان کی پردہ پوشی فرمائے تو تُو بڑی عزت والا اور بڑی حکمتوں والا ہے۔ محمد بن یوسف فربری نے کہا: ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) سے بیان کیا گیا ہے کہ انہوں نے قبیصہ سے نقل کیا اور انہوں نے کہا: یہ وہی مرتد ہیں جو حضرت ابوبکرؓ کے زمانہ خلافت میں مرتد ہوئے تھے اور حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے ان سے جنگ کی تھی۔