کتاب 50: باب مَا ذُكِرَ عَنْ بَنِي إِسْرَائِيلَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3450
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالملک (بن عمیر) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ربعی بن حراش سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت عقبہ بن عمرو (ابو مسعود انصاریؓ) نے حضرت حذیفہؓ سے کہا: کیا آپؓ ہمیں وہ باتیں نہیں بتائیں گے جو آپؓ نے رسول اللہ ﷺ سے سنی ہیں۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا آپؐ فرماتے تھے: دجال جب نکلے گا تو اس کے ساتھ پانی اور آگ ہوں گے مگر جس کو لوگ دیکھ رہے ہوں گے کہ وہ آگ ہے، وہ ٹھنڈا پانی ہوگا اور جس چیز کو لوگ دیکھ رہے ہوں گے کہ وہ ٹھنڈا پانی ہے، وہ آگ ہوگی جو جلا دے گی۔ اس لئے تم میں سے جو (اس کا زمانہ) پائے تو وہ جو آگ دیکھ رہا ہے اس میں چلا جائے تو وہ میٹھا ٹھنڈا پانی ہوگا۔
صحیح بخاری 3451
حضرت حذیفہؓ نے کہا: میں نے آپؐ کو یہ فرماتے سنا کہ تم سے پہلے جو لوگ ہوئے ہیں ان میں ایک شخص تھا۔ فرشتہ اس کی روح قبض کرنے کو آیا اور اس سے پوچھا گیا: کیا تم نے کوئی نیکی بھی کی ہے؟ اس نے کہا: میں کچھ نہیں جانتا۔ اسے کہا گیا: دوبارہ غور کرو۔ اس نے کہا: میں اس کے سوا کچھ نہیں جانتا کہ میں دنیا میں لوگوں سے خرید و فروخت کا معاملہ کرتا تھا اور ان سے تقاضا کرتا تھا تو جو خوشحال ہوتا اس کو مہلت دیتا اور تنگ دست سے درگزر کیا کرتا تھا۔ چنانچہ اللہ نے اسے جنت میں داخل کر دیا۔
صحیح بخاری 3452
نیز حضرت حذیفہؓ نے کہا: اور میں نے آپؐ سے سنا۔ فرماتے تھے: ایک شخص جب وہ زندگی سے ناامید ہوگیا تو اس نے اپنے گھر والوں کو وصیت کی: جب میں مر جائوں تو میرے لئے بہت سی لکڑیاں اکٹھی کرنا اور ان میں آگ سلگانا اور جب آگ میرا گوشت بھسم کرکے میری ہڈی تک پہنچ جائے اور اس کو جلا دے تو پھر وہ ہڈیاں لے کر ان کو پیسنا۔ پھر کسی ایسے دن کا انتظار کرنا کہ جس دن زور سے ہوا چل رہی ہو تو تم اس راکھ کو دریا میں اڑا دینا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ اللہ نے اس کے اجزاء اکٹھے کئے اور اس سے پوچھا: تو نے ایسا کیوں کیا؟ اس نے کہا: تیرے ڈر سے۔ اللہ نے اس کے گناہوں پر پردہ پوشی فرمائی اور اسے معاف کردیا۔ حضرت عقبہ بن عمروؓ نے کہا: اور میں نے بھی آپؐ سے سنا۔ فرماتے تھے: یہ شخص کفن چور تھا۔
صحیح بخاری 3453
بشر بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ معمر اور یونس نے مجھے بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم دونوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ کو بیماری کی تکلیف بڑھ گئی تو آپؐ اپنے منہ پر چادر ڈالتے اور جب تنفس کی تنگی کی وجہ سے گھبراہٹ محسوس کرتے تو اپنے منہ سے ہٹا دیتے۔ اسی حالت کرب میں آپؐ نے فرمایا: یہود اور نصاریٰ پر اللہ کی لعنت ہو۔ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا ہے۔ آپؐ اپنی امت کو ہوشیار کرتے تھے، اس فعل سے جو انہوں نے کیا (مبادا وہ بھی ایسا کرنے لگیں۔)
صحیح بخاری 3454
بشر بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ معمر اور یونس نے مجھے بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عائشہ اور حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہم دونوں نے کہا: جب رسول اللہ ﷺ کو بیماری کی تکلیف بڑھ گئی تو آپؐ اپنے منہ پر چادر ڈالتے اور جب تنفس کی تنگی کی وجہ سے گھبراہٹ محسوس کرتے تو اپنے منہ سے ہٹا دیتے۔ اسی حالت کرب میں آپؐ نے فرمایا: یہود اور نصاریٰ پر اللہ کی لعنت ہو۔ انہوں نے اپنے نبیوں کی قبروں کو مسجدیں بنا لیا ہے۔ آپؐ اپنی امت کو ہوشیار کرتے تھے، اس فعل سے جو انہوں نے کیا (مبادا وہ بھی ایسا کرنے لگیں۔)
صحیح بخاری 3455
محمد بن بشار نے مجھے بتایا۔ محمد بن جعفر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے فرات قزاز سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے ابوحازم سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں حضرت ابوہریرہؓ کے ساتھ پانچ سال بیٹھتا رہا اور میں نے ان سے سنا وہ نبی ﷺ سے یہ روایت بیان کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: بنی اسرائیل کی نگرانی نبی کیا کرتے تھے۔ جب کوئی نبی فوت ہو جاتا تو ایک اور نبی اس کا جانشین ہوتا اور دیکھو میرے بعد کوئی نبی نہیں مگر خلفاء ضرور ہوں گے اور بہت ہوں گے۔ صحابہؓ نے پوچھا: پھر آپؐ ہمیں کیا حکم دیتے ہیں؟ فرمایا: جو پہلے ہو اس کی بیعت پہلے پوری کرو۔ پھر اس کے بعد جو ہو، اُن کا حق انہیں دو۔ کیونکہ اللہ بھی ان سے ضرور پوچھے گا اس (رعیت) کے بارے میں جس کی نگرانی اس نے ان کے سپرد کی۔
صحیح بخاری 3456
سعید بن ابی مریم نے ہمیں بتایا کہ ابو غسان نے ہم سے بیان کیا، کہا: زید بن اسلم نے مجھے بتایا۔ انہوں نے عطاء بن یسار سے، عطاء نے حضرت ابو سعید رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: تم بھی ضرور انہی لوگوں کے قدم بقدم چلو گے جو تم سے پہلے ہوئے۔ بالشت کے بدلے بالشت اور ہاتھ کے بدلے ہاتھ۔ یہاں تک کہ اگر وہ گوہ کے سوراخ میں گھسے تو تم بھی اس میں گھسو گے۔ ہم نے پوچھا: یا رسول اللہ! یہود اور نصاریٰ کے؟ فرمایا: اور پھر کس کے؟
صحیح بخاری 3457
عمران بن میسرہ نے ہمیں بتایا۔ عبدالوارث نے ہم سے بیان کیا کہ خالد (حذائ) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوقلابہ سے، ابوقلابہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: لوگوں نے آگ اور ناقوس (یعنی گھنٹے) کا ذکر کیا اور یہود و نصاریٰ کا بھی ذکر کیا (کہ وہ ان کو بجاتے ہیں) آخر حضرت بلالؓ کو حکم دیا گیا کہ اذان کے الفاظ دو دو بار کہیں اور اقامت کے ایک بار۔
صحیح بخاری 3458
محمد بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابوالضحیٰ سے، ابوالضحیٰ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ وہ ناپسند کرتی تھیں کہ کوئی نمازی (نماز میں) اپنے پہلو پر ہاتھ رکھے؛ اور کہتی تھیں کہ یہود ایسا کرتے تھے۔ سفیان کی طرح شعبہ نے بتایا کہ اعمش سے بھی یہی روایت ہے۔
صحیح بخاری 3459
قُتَیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نے رسول اللہ ﷺ سے روایت کی کہ آپؐ نے فرمایا: تمہارا زمانہ ان امتوں کے زمانے کے مقابل میں جو تم سے پہلے گزر چکی ہیں صرف اتنا ہی ہے جتنا کہ عصر کی نماز اور سورج کے غروب ہونے کے درمیان ہوتا ہے اور تمہاری اور یہود و نصاریٰ کی مثال اس شخص کی سی ہے جس نے کچھ مزدور کام پر لگائے اور اس نے کہا: کون میرے لئے آدھے دن تک ایک ایک قیراط کی مزدوری پر کام کرے گا؟ یہ سن کر یہود نے ایک ایک قیراط پر آدھے دن تک کام کیا۔ پھر اس نے کہا: کون میرے لئے دوپہر سے عصر کی نماز تک ایک ایک قیراط پر کام کرے گا۔ یہ سن کر نصاریٰ نے دوپہر سے عصر کی نماز تک ایک ایک قیراط پر کام کیا۔ پھر اس نے کہا: کون میرے لئے عصر کی نماز سے سورج کے غروب ہونے تک دو دو قیراط پر کام کرے گا۔ سنو! ہوشیار رہو کہ تم وہ لوگ ہو جو عصر کی نماز سے سورج کے غروب ہونے تک دو دو قیراط پر کام کر رہے ہو۔ اچھی طرح سن لو۔ تمہارے لئے دوگنا اجر ہے جس سے یہود و نصاریٰ ناراض ہو گئے اور کہنے لگے: ہم نے کام زیادہ کیا اور دیا گیا تھوڑا۔ اللہ نے کہا: کیا میں نے تمہارے حق سے کچھ کم دیا ہے۔ انہوں نے کہا: نہیں۔ اللہ نے فرمایا: پھر یہ میرا انعام ہے، جسے چاہتا ہوں دیتا ہوں۔
صحیح بخاری 3460
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عُیَینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے، عمرو نے طائوس سے، طائوس نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: اللہ فلاں شخص کو ہلاک کرے۔ کیا وہ نہیں جانتا تھا کہ نبی ﷺ نے فرمایا: اللہ نے یہودیوں پر لعنت کی کہ ان پر چربیاں حرام کی گئی تھیں تو انہوں نے ان کو پگھلایا اور ان کو بیچا۔ حضرت عمرؓ کی طرح حضرت جابرؓ اور حضرت ابوہریرہؓ نے بھی نبی ﷺ سے یہی روایت بیان کی۔
صحیح بخاری 3461
ابوعاصم ضحاک بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں خبر دی کہ حسان بن عطیہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوکبشہ سے، ابوکبشہ نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ (بن عاص) سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: میری طرف سے لوگوں کو پہنچا دو گو ایک ہی آیت۔ اور بنی اسرائیل سے سن کر باتیں بیان کرو، اس میں کوئی حرج نہیں اور جس شخص نے عمداً میرے متعلق جھوٹ بولا تو پھر وہ آگ میں بیٹھنے کے لئے تیار ہو جائے۔
صحیح بخاری 3462
عبدالعزیز بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: ابراہیم بن سعد نے مجھے بتایا۔ انہوں نے صالح سے، صالح نے ابن شہاب سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن کہتے تھے کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہود اور نصاریٰ بالوں میں خضاب نہیں لگاتے تم ان کے خلاف کرو۔
صحیح بخاری 3463
محمد (بن معمر) نے ہمیں بتایا۔ حجاج (بن منہال) نے ہم سے بیان کیا کہ جریر (بن حازم) نے ہمیں بتایا کہ حسن سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت جندب بن عبداللہؓ نے اسی مسجد میں ہمیں بتایا اور جب سے انہوں نے بتایا ہم نہیں بھولے اور ہم اس بات سے بھی نہیں ڈرتے کہ حضرت جندبؓ ایسے ہوں کہ نبی ﷺ سے متعلق جھوٹ بولیں۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم سے جو پہلے تھے ان میں ایک شخص تھا جسے کوئی زخم تھا اور وہ گھبرا گیا۔ اس نے ایک چھری لی اور اپنا ہاتھ کاٹ ڈالا جس سے خون بہتا رہا یہاں تک کہ وہ مر گیا۔ اللہ تعالیٰ نے فرمایا: میرا بندہ اپنی جان کے لئے مجھ سے پہلے لپکا ہے۔ میں نے اس پر جنت حرام کر دی۔