کتاب 53: باب حَدِيثُ الْغَارِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3465
اسماعیل بن خلیل نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبیداللہ بن عمر سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ رسول اللہﷺ نے فرمایا: ایک دفعہ تین شخص ان لوگوں میں سے جو تم سے پہلے تھے، { جارہے تھے کہ اتنے میں} ان پر بارش ہونے لگی اور انہوں نے ایک غار میں پناہ لی۔ پھر وہ غار ان پر بند ہو گئی تو ان میں سے ایک نے دوسرے سے کہا: اللہ کی قسم! تمہیں صرف اخلاص ہی نجات دے سکتا ہے۔ اس لئے تم میں سے ہر ایک شخص نے جو اخلاص سے کام کیا ہے اس کے توسل سے دعا کرے تو ان میں سے ایک نے یوں دعا کی: اے میرے اللہ! تو جانتا ہے کہ میرا ایک مزدور تھا جس نے میرے لئے ایک فرق چاولوں کی اجرت پر کام کیا۔ پھر وہ چلا گیا اور چاول چھوڑ دئیے، نہ لئے۔ پھر میں نے وہ ایک فرق چاول لئے اور انہیں بو دیا۔ پھر اس کی پیداوار اتنی ہوئی کہ میں نے اس میں سے گائے بیل خرید لئے۔ پھر یوں ہوا کہ وہ میرے پاس اپنی مزدوری مانگنے آیا۔ میں نے اسے کہا کہ ان گائے بیل کی طرف جاؤ اور ان کو ہانک کر لے جائو۔ یہ سن کر اس نے مجھ سے کہا: میرے تو تمہارے پاس صرف ایک فرق چاول تھے۔ میں نے اس سے کہا کہ ان کی طرف جاؤ کیونکہ یہ ایک فرق چاول سے خرید کردہ ہیں۔ چنانچہ وہ ان کو ہانک کر لے گیا۔ ( اے اللہ!) اگر تو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیرے خوف سے کیا تھا تو ہم سے یہ مشکل دور کر۔ اس پر وہ پتھر ان سے پھٹ کر ہٹ گیا اور دوسرے نے یوں دعا کی: اے میرے اللہ! تیرے علم میں ہے کہ میرے بہت ہی بوڑھے ماں باپ تھے اور میں ہر رات ان کے لئے اپنی بکریوں کا دودھ لایا کرتا تھا۔ ایک رات مجھے ان کے پاس آنے میں دیر ہوگئی اور میں ایسے وقت میں ان کے پاس آیا کہ وہ دونوں سوگئے تھے اور میرے بچے اور بیوی بھوک سے چلا رہے تھے۔ میرا طریق تھا کہ جب تک میرے والدین دودھ نہ پی لیتے، میں ان (بچوں) کو پلایا نہیں کرتا تھا۔ میں نے ناپسند کیا کہ ان دونوں کو جگائوں اور یہ بھی ناپسند کیا کہ انہیں چھوڑ دوں اور وہ اپنی جھونپڑی ہی میں پڑے دودھ پینے کا انتظار کرتے رہیں۔ اس لئے میں انتظار کرتا رہا یہاں تک کہ صبح ہو گئی۔ پس اے اللہ ! اگر تو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیرے خوف سے کیا تھا تو یہ مصیبت ہم سے دور کر۔ اس پر وہ پتھر ان کے اوپر سے اتنا ہٹ گیا کہ انہوں نے آسمان کو دیکھ لیا۔ پھر تیسرے نے یوں دعا کی: یا اللہ! تیرے علم میں ہے کہ میرے چچا کی ایک بیٹی تھی جو تمام لوگوں میں سے مجھے نہایت ہی پیاری تھی اور یہ کہ میں نے اسے بدی کی ترغیب دی۔ اس نے نہ مانا مگر اس شرط پر کہ میں اسے ایک سو اَشرفیاں لادوں۔ میں نے ان کی جستجو کی یہاں تک کہ ان کو حاصل کر لیا۔ پھر میں اس کے پاس لے آیا اور اس کے حوالے کر دیں۔ اس پر اس نے مجھے اپنے پاس آنے دیا۔ جب میں اس کی دونوں ٹانگوں کے درمیان بیٹھا تو اس نے کہا: اللہ کی ناراضگی سے بچ اور اس مہر کو جائز طریق کے سوا مت توڑ۔ یہ سنتے ہی میں کھڑا ہو گیا اور میں نے ایک سو دینار بھی اس کے پاس چھوڑ دئیے۔ اے اللہ! اگر تو جانتا ہے کہ میں نے یہ کام تیرے خوف کی وجہ سے کیا تھا تو تو یہ مصیبت ہم سے دور کر۔ چنانچہ اللہ نے ان سے مصیبت دور کردی اور وہ تینوں نکل آئے۔