کتاب 2: باب مَنَاقِبِ قُرَيْشٍ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 3497

حَدَّثَنَا مُسَدَّدٌ حَدَّثَنَا يَحْيَى عَنْ شُعْبَةَ حَدَّثَنِي عَبْدُ الْمَلِكِ عَنْ طَاوُسٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما – {إِلاَّ الْمَوَدَّةَ فِي الْقُرْبَى} قَالَ فَقَالَ سَعِيدُ بْنُ جُبَيْرٍ قُرْبَى مُحَمَّدٍ صلى الله عليه وسلم. فَقَالَ إِنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم لَمْ يَكُنْ بَطْنٌ مِنْ قُرَيْشٍ إِلاَّ وَلَهُ فِيهِ قَرَابَةٌ فَنَزَلَتْ عَلَيْهِ إِلاَّ أَنْ تَصِلُوا قَرَابَةً بَيْنِي وَبَيْنَكُمْ.

مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے روایت کی کہ عبدالملک (بن میسرہ) نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے طاؤس سے، طاؤس نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے اِلَّا الْمَوَدَّةَ فِی الْقُرْبَی (کی تفسیر) بیان کی تو سعید بن جبیر نے پوچھا: اس سے مراد محمد (ﷺ) کے رشتہ دار ہی ہیں؟ انہوں نے کہا: نبی ﷺ تو ایسے تھے کہ قریش میں سے کوئی بھی گھرانہ ایسا نہ تھا جس سے آپؐ کی کوئی رشتہ داری نہ ہو۔ اس وجہ سے یہ آیت نازل ہوئی جس سے یہ مراد ہے کہ تم اس تعلق کا بھی خیال رکھو جو میرے اور تمہارے درمیان ہے۔

صحیح بخاری 3498

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ إِسْمَاعِيلَ عَنْ قَيْسٍ عَنْ أَبِي مَسْعُودٍ يَبْلُغُ بِهِ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " مِنْ هَا هُنَا جَاءَتِ الْفِتَنُ نَحْوَ الْمَشْرِقِ وَالْجَفَاءُ وَغِلَظُ الْقُلُوبِ فِي الْفَدَّادِينَ أَهْلِ الْوَبَرِ عِنْدَ أُصُولِ أَذْنَابِ الإِبِلِ وَالْبَقَرِ فِي رَبِيعَةَ وَمُضَرَ ".

علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسماعیل (بن ابی خالد) سے، اسماعیل نے قیس سے، قیس نے حضرت ابومسعودؓ سے روایت کی۔ وہ اس حدیث کو نبی ﷺ تک پہنچاتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اس طرف سے فتنے اٹھیں گے یعنی مشرق کی طرف سے اور اَکھڑ پن اور دلوں کی سختی ان اجڈ زمینداروں میں ہے جو اُون پوش ہیں، وہ جو اُونٹوں اور گایوں کی دموں سے لگے رہتے ہیں یعنی ربیعہ اور مضر کے لوگوں میں۔

صحیح بخاری 3499

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي أَبُو سَلَمَةَ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ أَنَّ أَبَا هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " الْفَخْرُ وَالْخُيَلاَءُ فِي الْفَدَّادِينَ أَهْلِ الْوَبَرِ وَالسَّكِينَةُ فِي أَهْلِ الْغَنَمِ وَالإِيمَانُ يَمَانٍ وَالْحِكْمَةُ يَمَانِيَةٌ ". سُمِّيَتِ الْيَمَنَ لأَنَّهَا عَنْ يَمِينِ الْكَعْبَةِ وَالشَّأْمَ عَنْ يَسَارِ الْكَعْبَةِ وَالْمَشْأَمَةُ الْمَيْسَرَةُ وَالْيَدُ الْيُسْرَى الشُّؤْمَى وَالْجَانِبُ الأَيْسَرُ الأَشْأَمُ.

ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ابوسلمہ بن عبدالرحمن نے مجھے بتایا کہ حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: شیخی بگھارنا اور اَکھڑ پن اُن اجڈ زمینداروں میں ہے جو اُون پوش ہیں اور دھیما پن (نرمی) بکریوں والوں میں ہے اور ایمان یمنی ہے اور حکمت بھی یمنی ہے۔ ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: یمن کا نام اس لئے یمن رکھا گیا ہے کہ وہ کعبہ کے دائیں طرف ہے اور شام کا نام اس لئے شام رکھا گیا ہے کہ وہ کعبہ کے بائیں طرف ہے۔ اور مَشْئَمَة کے معنی ہیں بائیں جانب اور بایاں ہاتھ بھی اَلشُّؤْمَی کہلاتا ہے۔ اسی طرح بائیں جانب اَلأَشْأَم کہلاتی ہے۔

صحیح بخاری 3500

حَدَّثَنَا أَبُو الْيَمَانِ أَخْبَرَنَا شُعَيْبٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ كَانَ مُحَمَّدُ بْنُ جُبَيْرِ بْنِ مُطْعِمٍ يُحَدِّثُ أَنَّهُ بَلَغَ مُعَاوِيَةَ وَهْوَ عِنْدَهُ فِي وَفْدٍ مِنْ قُرَيْشٍ أَنَّ عَبْدَ اللَّهِ بْنَ عَمْرِو بْنِ الْعَاصِ يُحَدِّثُ أَنَّهُ سَيَكُونُ مَلِكٌ مِنْ قَحْطَانَ فَغَضِبَ مُعَاوِيَةُ فَقَامَ فَأَثْنَى عَلَى اللَّهِ بِمَا هُوَ أَهْلُهُ ثُمَّ قَالَ أَمَّا بَعْدُ فَإِنَّهُ بَلَغَنِي أَنَّ رِجَالاً مِنْكُمْ يَتَحَدَّثُونَ أَحَادِيثَ لَيْسَتْ فِي كِتَابِ اللَّهِ وَلاَ تُؤْثَرُ عَنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَأُولَئِكَ جُهَّالُكُمْ فَإِيَّاكُمْ وَالأَمَانِيَّ الَّتِي تُضِلُّ أَهْلَهَا فَإِنِّي سَمِعْتُ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم يَقُولُ " إِنَّ هَذَا الأَمْرَ فِي قُرَيْشٍ لاَ يُعَادِيهِمْ أَحَدٌ إِلاَّ كَبَّهُ اللَّهُ عَلَى وَجْهِهِ مَا أَقَامُوا الدِّينَ ".

ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: محمد بن جبیر بن مطعم بیان کرتے تھے کہ حضرت معاویہؓ کو خبر پہنچی اور وہ اس وقت قریش کے ایک وفد کے ساتھ ان کے پاس تھے کہ حضرت عبداللہ بن عمرو بن عاصؓ بیان کرتے تھے کہ عنقریب قحطان سے ایک بادشاہ ہوگا۔ یہ سن کر حضرت معاویہؓ غصے میں آئے اور کھڑے ہوئے اور انہوں نے اللہ کی تعریف کی جس کا وہ اہل ہے۔ پھر کہا: اما بعد! مجھے یہ خبر پہنچی ہے کہ تم میں سے بعض ایسی باتیں بیان کرتے ہیں جو نہ کتاب اللہ میں ہیں اور نہ رسول اللہ ﷺ سے منقول ہیں۔ یہ تم میں سے وہی لوگ ہیں جو بالکل جاہل ہیں۔ اس لئے جھوٹے خیالات سے بچو، جن خیالات نے ان کو گمراہ کر رکھا ہے کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا ہے۔ آپؐ فرماتے تھے کہ یہ امر (یعنی امارت و سرداری) قریش میں ہی رہے گا جس نے بھی ان سے دشمنی رکھی، اللہ اسے منہ کے بل اوندھا کرے گا جب تک وہ دین پر برقرار رہیں۔

صحیح بخاری 3501

حَدَّثَنَا أَبُو الْوَلِيدِ حَدَّثَنَا عَاصِمُ بْنُ مُحَمَّدٍ قَالَ سَمِعْتُ أَبِي عَنِ ابْنِ عُمَرَ ـ رضى الله عنهما ـ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " لا يَزَالُ هَذَا الأَمْرُ فِي قُرَيْشٍ مَا بَقِيَ مِنْهُمُ اثْنَانِ ".

ابوالولید نے ہم سے بیان کیا۔ عاصم بن محمد نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے، حضرت ابن عمرؓ نبی ﷺ سے روایت کرتے تھے۔ آپؐ نے فرمایا: امارت ہمیشہ قریش میں ہی رہے گی جب تک کہ ان میں سے دو آدمی باقی رہیں گے۔

صحیح بخاری 3502

حَدَّثَنَا يَحْيَى بْنُ بُكَيْرٍ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ عَنْ عُقَيْلٍ عَنِ ابْنِ شِهَابٍ عَنِ ابْنِ الْمُسَيَّبِ عَنْ جُبَيْرِ بْنِ مُطْعِمٍ قَالَ مَشَيْتُ أَنَا وَعُثْمَانُ بْنُ عَفَّانَ فَقَالَ يَا رَسُولَ اللَّهِ أَعْطَيْتَ بَنِي الْمُطَّلِبِ وَتَرَكْتَنَا وَإِنَّمَا نَحْنُ وَهُمْ مِنْكَ بِمَنْزِلَةٍ وَاحِدَةٍ. فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " إِنَّمَا بَنُو هَاشِمٍ وَبَنُو الْمُطَّلِبِ شَىْءٌ وَاحِدٌ ".

یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے، انہوں نے ابن مسیب سے، ابن مسیب نے حضرت جبیر بن مطعمؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں اور حضرت عثمان بن عفانؓ مل کر (آنحضرت ﷺ کے پاس) چلے گئے تو وہ کہنے لگے: یارسول اللہ! آپؐ نے مطلب کے بیٹوں کو دیا ہے اور ہمیں چھوڑ دیا ہے۔ حالانکہ ہم اور وہ تو آپؐ سے ایک ہی درجہ پر ہیں۔ تو نبی ﷺ نے فرمایا کہ بنو ہاشم اور بنو مطلب ایک ہی ہیں۔

صحیح بخاری 3503

وَقَالَ اللَّيْثُ حَدَّثَنِي أَبُو الأَسْوَدِ مُحَمَّدٌ عَنْ عُرْوَةَ بْنِ الزُّبَيْرِ قَالَ ذَهَبَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الزُّبَيْرِ مَعَ أُنَاسٍ مِنْ بَنِي زُهْرَةَ إِلَى عَائِشَةَ وَكَانَتْ أَرَقَّ شَىْءٍ لِقَرَابَتِهِمْ مِنْ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم.

اور لیث نے کہا: ابو الاسود محمد نے مجھے بتایا کہ عروہ بن زبیر سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبداللہ بن زبیرؓ بنو زہرہ کے کچھ لوگوں کے ساتھ حضرت عائشہؓ کے پاس گئے اور حضرت عائشہؓ ان پر اس وجہ سے بہت ہی مہربان تھیں کہ وہ رسول اللہ ﷺ کے رشتہ دار تھے۔

صحیح بخاری 3504

حَدَّثَنَا أَبُو نُعَيْمٍ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ سَعْدٍ ح قَالَ يَعْقُوبُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا أَبِي عَنْ أَبِيهِ قَالَ حَدَّثَنِي عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ هُرْمُزَ الأَعْرَجُ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ ـ رضى الله عنه ـ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " قُرَيْشٌ وَالأَنْصَارُ وَجُهَيْنَةُ وَمُزَيْنَةُ وَأَسْلَمُ وَأَشْجَعُ وَغِفَارُ مَوَالِيَّ لَيْسَ لَهُمْ مَوْلًى دُونَ اللَّهِ وَرَسُولِهِ ".

ابو نعیم نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا کہ سعد (بن ابراہیم) سے روایت ہے۔ نیز یعقوب بن ابراہیم (بن سعد) نے کہا: میرے باپ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: عبدالرحمٰن بن ہرمز الاعرج نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابو ہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: قریش اور انصار اور جہینہ {و مزینہ} اور اسلم، اشجع اور غفار دوست اور مددگار ہیں۔ سوا اللہ اور رسول کے ان کا کوئی دوست نہیں۔

صحیح بخاری 3505

حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ يُوسُفَ حَدَّثَنَا اللَّيْثُ قَالَ حَدَّثَنِي أَبُو الأَسْوَدِ عَنْ عُرْوَةَ بْنِ الزُّبَيْرِ قَالَ كَانَ عَبْدُ اللَّهِ بْنُ الزُّبَيْرِ أَحَبَّ الْبَشَرِ إِلَى عَائِشَةَ بَعْدَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم وَأَبِي بَكْرٍ وَكَانَ أَبَرَّ النَّاسِ بِهَا وَكَانَتْ لاَ تُمْسِكُ شَيْئًا مِمَّا جَاءَهَا مِنْ رِزْقِ اللَّهِ إِلاَّ تَصَدَّقَتْ. فَقَالَ ابْنُ الزُّبَيْرِ يَنْبَغِي أَنْ يُؤْخَذَ عَلَى يَدَيْهَا. فَقَالَتْ أَيُؤْخَذُ عَلَى يَدَىَّ عَلَىَّ نَذْرٌ إِنْ كَلَّمْتُهُ. فَاسْتَشْفَعَ إِلَيْهَا بِرِجَالٍ مِنْ قُرَيْشٍ وَبِأَخْوَالِ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم خَاصَّةً فَامْتَنَعَتْ فَقَالَ لَهُ الزُّهْرِيُّونَ أَخْوَالُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم مِنْهُمْ عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ الأَسْوَدِ بْنِ عَبْدِ يَغُوثَ وَالْمِسْوَرُ بْنُ مَخْرَمَةَ إِذَا اسْتَأْذَنَّا فَاقْتَحِمِ الْحِجَابَ. فَفَعَلَ فَأَرْسَلَ إِلَيْهَا بِعَشْرِ رِقَابٍ فَأَعْتَقَتْهُمْ ثُمَّ لَمْ تَزَلْ تُعْتِقُهُمْ حَتَّى بَلَغَتْ أَرْبَعِينَ. فَقَالَتْ وَدِدْتُ أَنِّي جَعَلْتُ حِينَ حَلَفْتُ عَمَلاً أَعْمَلُهُ فَأَفْرُغَ مِنْهُ.

عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا، کہا: ابوالاسود نے مجھے بتایا کہ عروہ بن زبیر سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن زبیرؓ حضرت عائشہؓ کو نبی ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کے بعد باقی تمام لوگوں سے زیادہ محبوب تھے اور وہ تمام لوگوں سے بڑھ کر حضرت عائشہؓ سے سلوک کیا کرتے تھے اور حضرت عائشہؓ کے پاس اللہ کے رزق سے جو کچھ آتا، اپنے پاس نہ رکھ چھوڑتیں، صدقہ کر دیتی تھیں۔ یہ دیکھ کر حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ نے کہا: ان کے ہاتھوں کو روکنا چاہیے۔ وہ کہنے لگیں: کیا میرے ہاتھوں کو روکا جائے گا؟ مجھ پر نذر ہوگی اگر میں نے اس سے بات کی۔ پھر حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے ان کے پاس قریش میں سے کئی آدمیوں اور خاص کر رسول اللہ ﷺ کے ننھیال والوں سے سفارش کرائی۔ مگر وہ نہ مانیں تو نبی ﷺ کے ننھیال زہریوں نے جن میں حضرت عبدالرحمٰنؓ بن اسود بن عبدیغوث اور حضرت مِسْوَر بن مخرمہؓ بھی تھے، (حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے کہا:) جب ہم اندر جانے کی اجازت لیں تو تم بھی پردہ سے جا گھسنا۔ چنانچہ انہوں نے ایسا ہی کیا۔ پھر حضرت عبداللہؓ نے حضرت عائشہؓ کو دس غلام بھیجے اور حضرت عائشہؓ نے ان کو آزاد کر دیا۔ پھر وہ غلام آزاد کرتی رہیں یہاں تک کہ چالیس تک ان کی تعداد پہنچ گئی اور کہنے لگیں: میری آرزو ہے کہ کاش جب میں نے قسم کھائی تھی، میں کوئی ایسا کام مقرر کرتی کہ جس کو میں کر کے اس نذر سے فارغ ہو جاتی۔

10 von 10 heute frei