کتاب 5: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3508
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حسین (بن واقد) سے، حسین نے عبداللہ بن بریدہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) یحيٰ بن یعمر نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو الاسود دِیلی نے انہیں بتایا کہ حضرت ابوذر رضی اللہ عنہ سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: جو شخص بھی اپنے باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب ہوا جبکہ وہ جانتا ہے تو اس نے یقیناً اللہ کا کفر کیا اور جو اس قوم کی طرف منسوب ہوا کہ جن سے اس کا کوئی تعلق نہیں تو پھر چاہیے کہ وہ آگ میں اپنا ٹھکانہ بنانے کی تیاری کرے۔
صحیح بخاری 3509
ہم سے علی بن عیاش نے بیان کیا کہ حریز نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عبدالواحد بن عبداللہ نصری نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت واثلہ بن اسقعؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: یہ بھی نہایت ہی بڑا بہتان ہے کہ آدمی اپنے باپ کے سوا کسی اور کی طرف منسوب ہو یا اپنی آنکھ کو وہ کچھ دکھلائے جو اس نے نہیں دیکھا، یا - رسول اللہ ﷺ پر افتراء کرے ایسی بات کا جو آپؐ نے نہیں کہی۔
صحیح بخاری 3510
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ حماد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو جمرہ سے، انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: عبدالقیس کے نمائندے رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے اور کہنے لگے: یا رسول اللہ! ہم ربیعہ کے قبیلہ سے ہیں۔ ہمارے اور آپؐ کے درمیان مضر کے کفار حائل ہیں۔ ہم آپؐ تک سلامتی سے نہیں پہنچ سکتے مگر ماہِ حرام میں ہی۔ اگر آپؐ ہمیں ایسی بات کا حکم دیں کہ جو ہم آپؐ سے سیکھ لیں اور ان کو بھی بتائیں جو ہمارے پیچھے ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: میں تم کو چار باتیں کرنے کا حکم دیتا ہوں اور چار باتوں سے منع کرتا ہوں۔ اللہ پر ایمان لانا یعنی یہ شہادت دینا کہ اللہ کے سوا اور کوئی معبود نہیں اور نماز سنوار کر پڑھنا اور زکوٰة دینا اور اللہ کے لئے اس غنیمت کا پانچواں حصہ ادا کرنا جو تم حاصل کرو اور میں تم کو کدو کے تونبے اور سبز لاکھی برتن اور لکڑی کے کریدے ہوئے برتن اور رال کے روغنی برتن سے منع کرتا ہوں۔
صحیح بخاری 3511
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے سالم بن عبداللہ سے روایت کی کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا جبکہ آپؐ منبر پر تھے۔ آپؐ فرماتے تھے: دیکھو فتنہ یہاں سے ہوگا۔ آپؐ مشرق کی طرف اشارہ کرتے تھے جہاں سے شیطان کا سینگ نکلے گا۔