کتاب 8: باب مَا يُنْهَى مِنْ دَعْوَةِ الْجَاهِلِيَّةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3518
محمد (بن سلام) نے ہم سے بیان کیا کہ مخلد بن یزید نے ہمیں بتایا کہ ابن جریج نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ عمرو بن دینار نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: نبی ﷺ کے ساتھ ہم حملے میں نکلے اور مہاجرین میں سے کچھ لوگ آپؐ کے پاس اِدھر اُدھر سے اکٹھے ہوگئے یہاں تک کہ وہ بہت ہوگئے اور مہاجرین میں ایک شخص بڑا کھلاڑی تھا۔ اس نے ایک انصاری کے سرین پر ضرب لگائی۔ وہ انصاری برافروختہ ہوا اور نوبت یہاں تک پہنچی کہ انہوں نے اپنے اپنے آدمیوں کو پکارنا شروع کیا۔ انصاری نے کہا: اے انصار! دُہائی، پہنچنا۔ اور مہاجر نے کہا: اے مہاجرین! دُہائی، پہنچنا۔ یہ سن کر نبی ﷺ آئے اور فرمایا: یہ زمانہ جاہلیت کے لوگوں کی کیا دُہائی پکار ہے؟ پھر آپؐ نے فرمایا: ان لوگوں کو کیا ہوا ہے؟ تو آپؐ کو بتایا گیا کہ ایک مہاجر نے انصاری کے سرین پر ضرب لگائی ہے۔ حضرت جابرؓ کہتے تھے: نبی ﷺ نے فرمایا: جاہلیت کی ان باتوں کو چھوڑ دو کیونکہ وہ ناپاک ہیں؛ اور عبداللہ بن اُبَیّ بن سلول نے کہا: کیا وہ ہمارے مقابل پر ایک دوسرے کو بلاتے ہیں۔ اگر ہم مدینہ کو لوٹے تو جو معزز ہے وہ ذلیل کو اس سے ضرور نکال کر چھوڑے گا۔ حضرت عمرؓ نے یہ سن کر کہا: یا نبی اللہ! کیا ہم اس خبیث کو مار نہ ڈالیں یعنی عبداللہ (بن اُبَیّ) کو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: کہیں لوگ باتیں نہ کریں کہ محمد اپنے ساتھیوں کو مروا ڈالتا ہے۔
صحیح بخاری 3519
ثابت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے عبداللہ بن مُرّہ سے، عبداللہ نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ نیز سفیان سے مروی ہے۔ انہوں نے زُبید سے، زُبید نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے مسروق سے، مسروق نے حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) سے۔ حضرت عبداللہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: وہ ہم میں سے نہیں ہے جو گالوں کو پیٹے اور گریبان پھاڑے اور جاہلیت کی باتیں پکارے۔