کتاب 17: بَابُ مَا جَاءَ فِي أَسْمَاءِ رَسُولِ اللَّهِ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3532
ابراہیم بن منذر نے ہم سے بیان کیا، کہا: معن نے مجھے بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے محمد بن جبیر بن مطعم سے، انہوں نے اپنے باپ (حضرت جبیر) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میرے پانچ نام ہیں: میں محمد ہوں اور احمد ہوں، میں ماحی یعنی مٹانے والا ہوں جس کے ذریعہ سے اللہ کفر کو مٹائے گا، میں حاشر ہوں یعنی اکٹھا کرنے والا، جس کے قدموں پر لوگ اکٹھے کئے جائیں گے اور میں عاقب ہوں یعنی سب سے پیچھے آنے والا۔
صحیح بخاری 3533
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوزناد سے، ابوزناد نے اعرج سے، اعرج نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کیا تمہیں تعجب نہیں کہ اللہ قریش کی گالیوں اور ان کی لعنتوں کو مجھ سے کیونکر دور کرتا ہے۔ وہ مذمم (مذمت کیا ہوا) کو گالیاں دیتے ہیں اور مذمم پر لعنت کرتے ہیں حالانکہ میں تو محمد ہوں۔