کتاب 20: باب كُنْيَةِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3537
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حُمَید سے، حُمَید نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ بازار میں تھے تو ایک شخص نے پکارا: ابوالقاسم! نبی ﷺ نے مڑ کر دیکھا تو آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔
صحیح بخاری 3538
محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے سالم (بن ابی الجعد) سے، سالم نے حضرت جابر رضی اللہ عنہ سے، حضرت جابرؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت پر کنیت نہ رکھو۔
صحیح بخاری 3539
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابن سیرین سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوہریرہؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابوالقاسم ﷺ نے فرمایا: میرے نام پر نام رکھو مگر میری کنیت پر اپنی کنیت نہ رکھو۔