کتاب 26: بَابُ قَوْلِ اللَّهِ تَعَالَى: {يَعْرِفُونَهُ كَمَا يَعْرِفُونَ أَبْنَاءَهُمْ وَإِنَّ فَرِيقًا مِنْهُمْ لَيَكْتُمُونَ الْحَقَّ وَهُمْ يَعْلَمُونَ}
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3635
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ مالک بن انس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ کے پاس یہودی آئے اور انہوں نے آپؐ سے ذکر کیا کہ ان میں سے ایک مرد اور ایک عورت نے زنا کیا ہے۔ رسول اللہ ﷺ نے ان سے پوچھا: رجم کے متعلق تم تورات میں کیا حکم پاتے ہو؟ وہ کہنے لگے: ہم تو ان کو رسوا کرتے ہیں اور ان کو کوڑے لگائے جاتے ہیں۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے کہا: تم نے جھوٹ کہا ہے، (تورات میں تو) سنگسار کرنے کا حکم ہے۔ وہ تورات لائے، اس کو کھولا تو ان میں سے ایک نے اپنا ہاتھ اس آیت پر رکھ دیا جس میں سنگسار کرنے کا حکم تھا اور اس کے آگے اور پیچھے سے پڑھنے لگے۔ حضرت عبداللہ بن سلامؓ نے اس سے کہا: اپنا ہاتھ اُٹھاؤ۔ اس نے اپنا ہاتھ اُٹھایا تو کیا دیکھا کہ اس میں سنگسار کرنے کا حکم ہے۔ یہ دیکھ کر یہودی کہنے لگے: محمدؐ! (عبداللہ بن سلامؓ ) نے سچ کہا ہے کہ تورات میں سنگسار کرنے کا حکم ہے۔ چنانچہ آپؐ نے ان کے متعلق یہی حکم دیا اور ان دونوں کو سنگسار کیا گیا۔ حضرت عبداللہ (بن عمرؓ ) کہتے تھے: میں نے اس مرد کو دیکھا کہ وہ اس عورت پر جھک جاتا تھا اور اس کو پتھروں سے بچاتا تھا۔