کتاب 27: بَابُ سُؤَالِ الْمُشْرِكِينَ أَنْ يُرِيَهُمُ النَّبِيُّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ آيَةً فَأَرَاهُمُ انْشِقَاقَ الْقَمَرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3636
صدقہ بن فضل نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی نجیح سے، انہوں نے مجاہد سے، مجاہد نے ابومعمر سے، ابومعمر نے حضرت عبداللہ بن مسعود رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ کے زمانہ میں چاند پھٹ کر دو ٹکڑے ہوگیا تو نبی ﷺ نے فرمایا: دیکھو! گواہ رہو۔
صحیح بخاری 3637
عبداللہ بن محمد نے مجھ سے بیان کیا کہ یونس نے ہمیں بتایا کہ شیبان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک ؓ سے روایت کی۔ نیز خلیفہ نے مجھ سے کہا کہ یزید بن زُرَیع نے ہم سے بیان کیا کہ سعید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے ان سے بیان کیا کہ اہل مکہ نے رسول اللہ ﷺ سے مطالبہ کیا کہ ان کو کوئی نشان دکھائیں تو آپؐ نے شق القمر کا نشان ان کو دکھلایا۔
صحیح بخاری 3638
خلف بن خالد قرشی نے ہم سے بیان کیا کہ بکر بن مضر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے جعفر بن ربیعہ سے، جعفر نے عراک بن مالک سے، عراک نے عبیداللہ بن عبداللہ بن مسعود سے، عبیداللہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ چاند نبی ﷺ کے زمانہ میں پھٹ کر دو ٹکڑوں میں ہو گیا۔