کتاب 62: كتاب فضائل أصحاب النبى صلى الله عليه وسلم
صحیح بخاری, حصہ 3
صحیح بخاری 3689
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تم سے پہلے جو اُمتیں تھیں ان میں ایسے لوگ تھے جو محدث (جن کو کثرت سے الہام و کشوف ہوں) ہوا کرتے تھے اور اگر میری امت میں کوئی ایسا ہے تو وہ عمرؓ ہیں۔ زکریا بن ابی زائدہ نے سعد سے، سعد نے {ابوسلمہ سے، ابوسلمہ نے} حضرت ابوہریرہؓ سے روایت کرتے ہوئے اتنا بڑھایا کہ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: تم سے پہلے جو بنی اسرائیل ہوئے ہیں ان میں ایسے آدمی ہوچکے ہیں جن سے اللہ کلام کیا کرتا تھا بغیر اس کے کہ وہ نبی ہوتے۔ اگر میری امت میں بھی ان میں سے کوئی ایسا ہے تو وہ عمرؓ ہیں۔ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے (سورۃ الحج آیت ۵۳ کو) یوں پڑھا ہے: اور ہم نے آپ سے پہلے کوئی رسول، نہ کوئی نبی اور نہ کوئی محدث بھیجا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3690
عبداللہ بن یوسف نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا کہ عقیل نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے سعید بن مسیب اور ابوسلمہ بن عبدالرحمٰن سے روایت کی۔ ان دونوں نے کہا: ہم نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ایک چرواہا اپنی بکریوں میں تھا۔ اتنے میں بھیڑئیے نے حملہ کیا اور ان میں سے ایک بکری لے گیا۔ وہ اس کے پیچھے لگا اور اس بکری کو چھڑا لیا۔ وہ بھیڑیا اس کی طرف مڑا اور اس سے کہنے لگا: درندوں کے زمانے میں اس کا کون تھا جبکہ ہمارے سوا اس کا کوئی چرواہا نہ تھا۔ لوگوں نے کہا: سبحان اللہ! نبی ﷺ نے فرمایا: میں اس بات پر ایمان رکھتا ہوں اور ابوبکرؓ اور عمرؓ بھی۔ اور اس وقت حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ وہاں نہ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3691
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عقیل سے، عقیل نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: ابوامامہ بن سہل بن حنیف نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت ابوسعید خدریؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے رسول اللہ ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: میں سویا ہوا تھا۔ میں نے لوگوں کو دیکھا کہ میرے سامنے پیش کئے گئے ہیں اور انہوں نے قمیصیں پہنی ہوئی ہیں تو اُن میں سے بعض کی قمیصیں چھاتیوں تک ہی پہنچتی ہیں۔ اور ان میں سے بعض اس کے نیچے تک۔ اور عمرؓ بھی میرے سامنے پیش کئے گئے انہوں نے قمیص پہنی ہوئی تھی جس کو وہ گھسیٹ رہے تھے۔ صحابہ نے کہا: آپؐ نے اس سے کیا مراد لی ہے؟ فرمایا: دین۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3692
صلت بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ اسماعیل بن ابراہیم نے مجھے بتایا کہ ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت مسوَر بن مخرمہؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب حضرت عمرؓ کو زخمی کیا گیا، درد سے بیقرار ہونے لگے۔ حضرت ابن عباسؓ نے ان سے کہا جیسے کہ وہ ان کی بے قراری کو دور کرنے لگے ہیں۔ امیر المؤمنین! اگر آپ کو یہ تکلیف ہے تو آپ رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہ چکے ہیں اور آپ نے نہایت عمدگی سے آپؐ کا ساتھ دیا۔ پھر آپ ان سے ایسی حالت میں جدا ہوئے کہ آنحضرتﷺ آپؓ سے خوش تھے۔ پھر آپؓ حضرت ابوبکرؓ کے ساتھ رہے اور نہایت عمدگی سے ان کا ساتھ دیا۔ پھر آپ ان سے ایسی حالت میں جدا ہوئے کہ وہ آپ سے خوش تھے۔ پھر آپ ان کے صحابہ کے ساتھ رہے اور آپ نے نہایت عمدگی سے ان کا ساتھ دیا اور اگر آپ ان سے جدا ہوگئے تو یقینا آپ ایسی حالت میں ان سے جدا ہوں گے کہ وہ آپ سے خوش ہوں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یہ جو تم نے رسول اللہ ﷺ کی صحبت اور آپؐ کی خوشنودی کا ذکر کیا ہے تو یہ محض اللہ تعالیٰ کا احسان ہے جو اس نے مجھ پر کیا۔ اور جو تم نے حضرت ابوبکرؓ کی صحبت اور ان کی خوشنودی کا ذکر کیا ہے تو یہ بھی محض اللہ جل ذکرہٗ کا احسان ہے جو اس نے مجھ پر کیا اور یہ جو تم میری گھبراہٹ دیکھ رہے ہو تو یہ تمہاری خاطر اور تمہارے ساتھیوں کی خاطر ہے۔ اللہ کی قسم! اگر میرے پاس زمین بھر سونا بھی ہو تو میں ضرور اللہ عزو جل کے عذاب سے فدیہ دے کر چھڑا لوں پیشتر اس کے کہ میں وہ عذاب دیکھوں۔ حماد بن زید نے کہا: ایوب نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، ابن ابی ملیکہ نے حضرت ابن عباسؓ سے روایت کی کہ میں حضرت عمرؓ کے پاس گیا۔ پھر یہی حدیث بیان کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3693
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عثمان بن غیاث نے مجھے بتایا کہ ابو عثمان نہدی نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت ابو موسیٰ ؓ سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا کہ میں نبی ﷺ کے ساتھ مدینہ کے باغوں میں سے ایک باغ میں تھا، اتنے میں ایک شخص آیا اور اس نے دروازہ کھولنے کیلئے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: اس کیلئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ میں نے اس کے لئے دروازہ کھولا تو میں کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت ابو بکرؓ ہیں۔ میں نے ان کو اس بات کی بشارت دی جو نبی ﷺ نے فرمائی تھی۔ انہوں نے الحمد للہ کہا۔ پھر ایک شخص آیا اور اس نے دروازہ کھولنے کیلئے کہا۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ میں نے دروازہ کھولا تو دیکھتا ہوں کہ حضرت عمرؓ ہیں۔ میں نے ان کو وہ بات بتائی جو نبی ﷺ نے فرمائی۔ انہوں نے الحمد للہ کہا۔ پھر ایک شخص نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کے لئے دروازہ کھولو اور اس کو بھی جنت کی بشارت دو، باوجود ایک مصیبت کے جو اُسے پہنچے گی۔ تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہ حضرت عثمانؓ ہیں۔ میں نے ان کو وہ بات بتائی جو نبی ﷺ نے فرمائی۔ انہوں نے بھی الحمد للہ کہا۔ پھر کہا: مصیبت سے محفوظ رہنے کے لئے اللہ ہی سے مدد طلب کی جا سکتی ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3694
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن وہب نے مجھے بتایا۔ کہا کہ حیوہ نے مجھ کو خبر دی۔ انہوں نے کہا کہ ابوعقیل زہرہ بن معبد نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے اپنے دادا عبداللہ بن ہشام سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ہم نبی ﷺ کے ساتھ تھے اور آپؐ نے حضرت عمر بن خطابؓ کا ہاتھ پکڑا ہوا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3695
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابوعثمان سے، ابوعثمان نے حضرت ابوموسیٰ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ ایک باغ میں داخل ہوئے اور مجھ سے فرمایا کہ میں اس باغ کے دروازے پر پہرہ دوں۔ اتنے میں ایک شخص آیا۔ اندر آنے کی اجازت مانگنے لگا۔ آپؐ نے فرمایا: اس کو اجازت دو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ تو کیا دیکھا کہ وہ حضرت ابوبکرؓ ہیں۔ پھر ایک اور شخص آیا۔ اجازت مانگنے لگا تو آپؐ نے فرمایا: اسے اجازت دو اور اس کو جنت کی بشارت دو۔ تو کیا دیکھا کہ حضرت عمرؓ ہیں۔ پھر ایک اور آیا، اجازت مانگنے لگا۔ آپؐ تھوڑی دیر خاموش رہے۔ پھر فرمایا: اسے اجازت دو اور اس کو جنت کی بشارت دو، باوجود ایک بڑی مصیبت کے جو عنقریب اس کو پہنچے گی۔ تو کیا دیکھا کہ حضرت عثمان بن عفانؓ ہیں۔ حماد نے کہا: اور عاصم احول اور علی بن حکم دونوں نے ہم سے بیان کیا۔ دونوں نے ابوعثمان سے سنا۔ وہ بھی حضرت ابوموسیٰؓ سے اس طرح روایت کرتے ہوئے بیان کرتے تھے۔ وَزَادَ فِيْهِ عَاصِمٌ أَنَّ النَّبِيَّ صَلَّى اللهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ كَانَ قَاعِدًا فِي مَكَانٍ فِيْهِ مَاءٌ قَدْ كَشَفَ عَنْ رُكْبَتَيْهِ أَوْ رُكْبَتِهِ فَلَمَّا دَخَلَ عُثْمَانُ غَطَّاهَا۔ اور عاصم نے اس میں اتنا بڑھایا کہ نبی ﷺ ایسی جگہ بیٹھے تھے جہاں پانی تھا۔ اپنے گھٹنے، یا کہا: اپنا گھٹنا کھولے ہوئے تھے۔ جب حضرت عثمانؓ اندر آئے تو آپؐ نے اس (گھٹنے) کو ڈھانپ دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3696
احمد بن شبیب بن سعید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میرے باپ نے یونس سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا۔ ابن شہاب سے روایت ہے۔ عروہ نے مجھ کو خبر دی۔ عبیداللہ بن عدی بن خیار نے ان کو بتایا کہ حضرت مسور بن مخرمہؓ اور عبدالرحمٰن بن اسود بن عبدیغوث دونوں نے مجھے کہا کہ تمہیں کیا بات روک ہے کہ حضرت عثمانؓ سے ان کے بھائی ولید سے متعلق گفتگو کرو کیونکہ لوگوں نے اس کے متعلق بہت کچھ چہ مگوئیاں کی ہیں۔ تو میں حضرت عثمانؓ کے پاس گیا۔ وہ نماز کے لئے باہر آئے۔ میں نے کہا: آپ سے مجھے ایک کام ہے اور وہ آپ کی خیر خواہی ہی ہے۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: بھلے آدمی۔ تم سے… معمر نے کہا: میں سمجھتا ہوں، انہوں نے کہا: میں تم سے اللہ کی پناہ مانگتا ہوں۔ یہ سن کر میں وہاں سے چل دیا اور ان لوگوں کے پاس واپس آیا۔ اتنے میں حضرت عثمانؓ کا پیغامبر آیا اور میں ان کے پاس گیا۔ انہوں نے پوچھا: تمہاری کیا خیر خواہی ہے؟ میں نے کہا: اللہ سبحانہ نے محمدؐ کو سچائی کے ساتھ مبعوث فرمایا اور آپؐ پر کتاب نازل کی اور آپؓ بھی انہی لوگوں میں سے ہیں، جنہوں نے اللہ اور اس کے رسولؐ کی دعوت قبول کی اور آپؓ نے دو ہجرتیں بھی کیں اور رسول اللہؐ کا ساتھ دیا اور آپؓ نے حضورؐ کی روش دیکھی اور ولید کے متعلق لوگ بہت کچھ کہہ چکے ہیں۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: کیا تم نے رسول اللہؐ کا زمانہ پایا؟ میں نے کہا: نہیں۔ لیکن آپؐ کے علم سے وہ باتیں مجھے پہنچی ہیں جو ایک کنواری عورت کو بھی اس کے پردے میں پہنچتی ہیں۔ حضرت عثمانؓ نے فرمایا: اما بعد۔ اللہ نے یقینا محمدؐ کو سچائی کے ساتھ بھیجا اور میں بھی ان لوگوں میں سے ہوں جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول کی دعوت قبول کی اور میں ان تمام باتوں پر ایمان لایا جن کے ساتھ آپؐ مبعوث کئے گئے اور میں نے دو ہجرتیں بھی کیں جیسا کہ تم نے کہا۔ اور میں رسول اللہؐ کے ساتھ رہا اور آپؐ کی بیعت کی اور اللہ کی قسم! میں نے آپؐ کی نافرمانی نہیں کی اور نہ آپؐ سے کوئی دغا کیا یہاں تک کہ اللہ نے آپؐ کو وفات دی۔ پھر حضرت ابوبکرؓ بھی میرے لئے ویسے ہی مطاع رہے اور حضرت عمرؓ بھی ویسے مطاع رہے۔ پھر مجھے خلیفہ بنایا گیا تو کیا میرا بھی وہی حق نہیں جو ان کا ہے؟ میں نے کہا: کیوں نہیں۔ انہوں نے کہا: تو پھر یہ کیا باتیں ہیں جو تمہاری طرف سے مجھے پہنچتی رہتی ہیں؟ اور یہ جو ولید کے معاملہ سے متعلق تم نے ذکر کیا ہے تو ہم انشاء اللہ اس کو واجبی سزا دیں گے۔ پھر اس کے بعد انہوں نے حضرت علیؓ کو بلایا اور ان سے فرمایا کہ اس کو کوڑے لگائیں اور انہوں نے اس کو اَسّی کوڑے لگائے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3697
محمد بن حاتم بن بزیع نے مجھ سے بیان کیا کہ شاذان نے ہمیں بتایا کہ عبدالعزیز بن ابی سلمہ ماجشون نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے عبیداللہ سے، عبیداللہ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نبی ﷺ کے زمانہ میں تھے۔ کسی کو بھی حضرت ابوبکرؓ کے برابر نہیں سمجھا کرتے تھے۔ پھر حضرت عمرؓ کے برابر پھر حضرت عثمانؓ کے برابر۔ پھر نبی ﷺ کے صحابہ کو چھوڑ دیتے تھے۔ ان میں سے کسی کو ایک دوسرے سے افضل نہیں سمجھتے تھے۔ شاذان کی طرح عبداللہ بن صالح نے بھی اس حدیث کو عبدالعزیز سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3698
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا کہ عثمان نے ہم سے بیان کیا، وہی عثمان جو موہب کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے کہا: مصر والوں میں سے ایک شخص آیا اور اس نے بیت اللہ کا حج کیا اور کچھ لوگوں کو بیٹھے ہوئے دیکھا۔ اس نے پوچھا: یہ کون لوگ ہیں؟ انہوں نے کہا: یہ قریش ہیں۔ اس نے ان سے پوچھا: ان میں یہ بوڑھا شخص کون ہے؟ لوگوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمرؓ ہیں۔ اس نے کہا: ابن عمرؓ میں آپ سے ایک بات کے متعلق پوچھتا ہوں۔ آپ مجھے بتلائیں: کیا آپ کو علم ہے کہ حضرت عثمانؓ اُحد کے دن بھاگ گئے تھے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ پھر اس نے کہا: کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ جنگ بدر سے غیر حاضر رہے اور اس میں شریک نہ ہوئے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ اس نے کہا: کیا آپ جانتے ہیں کہ وہ بیعت رضوان سے بھی غیر حاضر تھے اور اس میں شریک نہیں ہوئے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ تو اس شخص نے اللہ اکبر کہا۔ حضرت ابن عمرؓ نے کہا: ادھر آؤ، میں تم سے حقیقت بیان کرتا ہوں۔ جنگ اُحد کے دن جو اُن کا بھاگ جانا ہے تو میں یہ شہادت دیتا ہوں کہ اللہ نے ان کو معاف کر دیا ہے اور ان پر پردہ پوشی فرمائی۔ اور بدر سے جو اُن کا غائب رہنا ہے تو اس کی وجہ یہ تھی کہ رسول اللہﷺ کی بیٹی ان کے نکاح میں تھیں اور وہ بیمار تھیں۔ رسول اللہﷺ نے ان سے فرمایا: تمہیں بھی ان آدمیوں میں سے ایک شخص کا ثواب اور حصہ ملے گا جو بدر میں شریک ہوں۔ اور بیعت رضوان سے جو اُن کا غیر حاضر رہنا ہے تو اگر کوئی وادئ مکہ میں حضرت عثمانؓ سے بڑھ کر معزز ہوتا تو آپ ان کی جگہ اُس کو وہاں بھیجتے۔ اس طرح رسول اللہﷺ نے حضرت عثمانؓ ہی کو بھیجا اور بیعت رضوان اس وقت ہوئی جب حضرت عثمانؓ مکہ کو چلے گئے تھے تو رسول اللہﷺ نے اپنے دائیں ہاتھ کے بارہ میں فرمایا: یہ عثمانؓ کا ہاتھ ہے۔ اور اس کو اپنے دوسرے ہاتھ پر مارا اور فرمایا: یہ عثمانؓ کا ہاتھ ہے۔ پھر حضرت ابن عمرؓ نے اس سے کہا: اب یہ تین باتیں اپنے ساتھ لے جاؤ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3699
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ یحيٰ (قطان) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید سے، سعید نے قتادہ سے روایت کی کہ حضرت انس رضی اللہ عنہ نے ان سے بیان کیا، کہا: نبی ﷺ اُحد پر چڑھے اور آپؐ کے ساتھ حضرت ابوبکرؓ اور حضرت عمرؓ اور حضرت عثمانؓ تھے تو وہ ہلنے لگا۔ آپؐ نے فرمایا: اُحد ٹھہر جا۔ میں سمجھتا ہوں کہ آپؐ نے اس پر اپنا پاؤں بھی مارا۔ کیونکہ تم پر اور کوئی نہیں، صرف ایک نبی اور ایک صدیق اور دو شہید ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3700
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین سے، حصین نے عمرو بن میمون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمر بن خطابؓ کو اُن کے زخمی کئے جانے سے کچھ دن پہلے مدینہ میں دیکھا۔ وہ حضرت حذیفہ بن یمانؓ اور حضرت عثمانؓ بن حُنَیف کے پاس ٹھہرے۔ پوچھنے لگے: تم دونوں نے کیا کیا؟ کیا تم اس سے تو نہیں ڈرتے کہ کہیں اس زمین پر ایسا لگان مقرر کیا گیا ہو جس کی وہ طاقت نہ رکھتی ہو۔ ان دونوں نے کہا: ہم نے ایسا ہی لگان مقرر کیا ہے جس کی طاقت زمین رکھتی ہے۔ اس میں چنداں زیادتی نہیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: پھر غور کر لو کہ کہیں اس زمین پر ایسا لگان مقرر کیا گیا ہو جس کی وہ طاقت نہ رکھتی ہو۔ {عمرو بن میمون کہتے تھے:{ ان دونوں نے کہا: نہیں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اگر اللہ نے مجھے سلامت رکھا تو میں ضرور اہل عراق کی بیواؤں کو بلاؤں گا تا کہ یہ میرے بعد کبھی کسی شخص کی محتاج نہ ہوں۔ عمرو بن میمون کہتے تھے: پھر حضرت عمرؓ پر ابھی چوتھی رات نہیں آئی تھی کہ وہ زخمی کئے گئے۔ کہتے تھے کہ جس دن وہ زخمی کئے گئے اس دن میں ایسے مقام پر کھڑا تھا کہ میرے اور ان کے درمیان صرف حضرت عبداللہ بن عباسؓ ہی تھے اور ان کی عادت تھی کہ جب دو صفوں میں سے گذرتے تو فرماتے سیدھے ہو جاؤ۔ جب ان صفوں میں کوئی خلل نہ دیکھتے تو اس وقت آگے بڑھتے اور اللہ اکبر کہتے اور بسا اوقات سورۂ یوسف یا سورۂ نحل یا ایسی ہی سورتیں پہلی رکعت میں پڑھتے تا لوگ جمع ہو جائیں۔ ابھی اللہ اکبر کہا ہی تھا کہ میں نے ان کو کہتے سنا: کتے نے مجھے مار ڈالا ہے یا کہا: کاٹ کھایا ہے۔ جب اس نے آپؓ کو زخمی کیا تو وہ پارسی دو دھاری چھری لئے ہوئے تھا جس کسی کے پاس دائیں بائیں گذرتا تو اُس کو زخمی کرتا یہاں تک کہ اس نے تیرہ آدمیوں کو زخمی کیا۔ ان میں سے سات وفات پا گئے۔ مسلمانوں میں سے ایک شخص نے جب یہ دیکھا تو اس نے بارانی کوٹ اس پر پھینکا۔ جب اس پارسی نے سمجھ لیا کہ وہ پکڑا گیا ہے تو اُس نے اپنا گلا کاٹ لیا۔ اور حضرت عمرؓ نے حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کا ہاتھ پکڑ کر اُن کو آگے کیا اور جو لوگ حضرت عمرؓ کے قریب تھے انہوں نے وہ ماجرا دیکھا جو میں نے دیکھا اور مسجد کے اطراف میں جو تھے تو وہ نہیں جانتے تھے سوا اس کے کہ انہوں نے حضرت عمرؓ کی آواز نہ سنی اور وہ سبحان اللہ }سبحان اللہ} کہنے لگے تو حضرت عبدالرحمٰنؓ (بن عوف) نے ان کو ہلکی سی نماز پڑھائی۔ جب وہ نماز سے فارغ ہو گئے تو انہوں نے کہا: ابن عباسؓ دیکھو مجھ کو کس نے مارا؟ حضرت ابن عباسؓ کچھ دیر تک ادھر گھومتے رہے پھر آئے اور انہوں نے بتایا کہ مغیرہ کے غلام نے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: وہی جو کاریگر ہے؟ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اللہ اسے ہلاک کرے۔ میں نے اس کے متعلق نیک سلوک کرنے کا حکم دیا تھا۔ اللہ کا شکر ہے کہ اللہ نے میری موت ایسے شخص کے ہاتھ سے نہیں کی جو اسلام کا دعویٰ کرتا ہو۔ ابن عباسؓ ! تم اور تمہارا باپ پسند کرتے تھے کہ یہ پارسی غلام مدینہ میں بہت آباد ہوں اور عباسؓ ہی سب سے زیادہ ان غلاموں کو رکھنے والے تھے۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا: اگر آپ چاہیں تو میں ان کا کام تمام کر دوں یعنی اگر آپ چاہیں تو میں ان کو مروا ڈالوں۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: تم تو پھر غلطی کرو گے جبکہ وہ تمہاری زبان میں باتیں کرنے لگ گئے ہیں اور تمہارے قبلے کی طرف نمازیں پڑھتے ہیں اور تمہاری طرح حج کرتے ہیں۔ پھر حضرت عمرؓ کو اٹھا کر ان کے گھر لے گئے۔ ہم بھی ان کے ساتھ چلے گئے۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ گویا مسلمانوں پر اس سے پہلے کوئی ایسی مصیبت نہیں آئی۔ کوئی کہنے والا یوں کہتا: کچھ ڈر نہیں۔ اور کوئی کہنے والا کہتا: میں تو ان کے بارے میں ڈرتا ہوں (کہ وہ جانبر نہ ہو سکیں گے) آخر ان کے پاس نبیذ (یعنی انگوروں کا شربت) لایا گیا اور انہوں نے وہ پیا جو اُن کے پیٹ سے نکل گیا۔ پھر ان کے پاس دودھ لایا گیا۔ انہوں نے پیا، وہ بھی زخم سے نکل گیا تو وہ سمجھ گئے کہ وہ جانبر نہیں ہوں گے۔ (عمرو بن میمون کہتے تھے:) ہم ان کے پاس گئے اور لوگ بھی آئے، ان کی تعریف کرنے لگے اور ایک نوجوان شخص آیا۔ اس نے کہا: امیرالمومنین! آپؓ کو اللہ کی بشارت ہو۔ آپؓ کو رسول اللہ ﷺ کی صحبت نصیب ہوئی اور اسلام میں وہ اعلیٰ درجہ ملا ہے جو آپؓ خوب جانتے ہیں۔ پھر آپؓ خلیفہ ہوئے اور آپ نے انصاف کیا۔ پھر یہ شہادت ہے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: میری تو یہ آرزو ہے کہ یہ باتیں برابر ہی برابر رہیں۔ نہ میرا مؤاخذہ ہو اور نہ مجھے ثواب ملے۔ جب وہ پیٹھ موڑ کر جانے لگا۔ دیکھا کہ اس کا تہبند زمین سے لگ رہا ہے۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اس لڑکے کو میرے پاس واپس بھیج دو۔ فرمانے لگے: میرے بھائی کے بیٹے! اپنا کپڑا تو اٹھاؤ کیونکہ یہ تمہارے کپڑے کو بچائے رکھے گا اور تمہارے ربّ کے نزدیک تقویٰ کے زیادہ قریب ہے۔ پھر عبداللہ بن عمرؓ کو کہنے لگے: دیکھو مجھ پر کتنا قرض ہے؟ انہوں نے حساب کیا تو اس کو چھیاسی ہزار درہم یا کچھ اتنا ہی پایا۔ حضرت عمرؓ نے فرمایا: اگر عمرؓ کے خاندان کی جائداد اس کو پورا کر دے تو پھر ان کی جائداد سے اس کو ادا کر دو، ورنہ بنو عدی بن کعب سے مانگنا۔ اگر ان کی جائیدادیں بھی پورا نہ کریں تو قریش سے مانگنا اور ان کے سوا کسی کے پاس نہ جانا۔ یہ قرض میری طرف سے ادا کر دینا۔ حضرت عائشہؓ امّ المومنین کے پاس جاؤ اور کہو: عمرؓ آپؓ کو سلام کہتے ہیں اور امیر المومنین نہ کہنا کیونکہ آج میں مومنوں کا امیر نہیں ہوں۔ اور کہو: عمر بن خطابؓ اس بات کی اجازت مانگتا ہے کہ اسے اس کے دونوں ساتھیوں کے ساتھ دفن کیا جائے۔ چنانچہ حضرت عبداللہؓ نے سلام کہا اور اندر آنے کی اجازت مانگی۔ پھر ان کے پاس اندر گئے تو انہیں دیکھا کہ بیٹھی ہوئی رو رہی ہیں۔ حضرت عبداللہؓ نے کہا: عمر بن خطابؓ آپ کو سلام کہتے ہیں اور اجازت مانگتے ہیں کہ ان کے دونوں ساتھیوں کے ساتھ ان کو دفن کیا جائے۔ حضرت عائشہؓ کہنے لگیں: میں اس جگہ کو اپنے لئے چاہتی تھی اور آج میں اپنی ذات پر ان کو مقدم کروں گی۔ جب حضرت عبداللہؓ لوٹ کر آئے تو (حضرت عمرؓ سے) کہا گیا کہ یہ عبداللہ بن عمرؓ آگئے ہیں۔ انہوں نے کہا: مجھے اٹھاؤ۔ تو ایک شخص نے آپ کو سہارا دے کر اٹھایا۔ انہوں نے پوچھا: تمہارے پاس کیا خبر ہے؟ (عبداللہؓ نے) کہا: امیر المومنینؓ! وہی جو آپ پسند کرتے ہیں۔ حضرت عائشہؓ نے اجازت دے دی ہے۔ کہنے لگے: الحمدللہ، اس سے بڑھ کر اور کسی چیز کا مجھے فکر نہ تھا۔ جب میں مر جاؤں تو مجھے اٹھا کر لے جانا۔ پھر سلام کہنا اور یہ کہنا کہ عمر بن خطابؓ اجازت مانگتا ہے۔ اگر انہوں نے میرے لئے اجازت دی تو مجھے اندر (حجرے میں تدفین کے لئے) لے جانا۔ اور اگر انہوں نے میری بات نہ مانی تو پھر مجھے مسلمانوں کے مقبرے میں واپس لے جانا۔ اور امّ المومنین حضرت حفصہؓ آئیں اور دوسری عورتیں بھی ان کے ساتھ آئیں۔ جب ہم نے ان کو دیکھا۔ ہم کھڑے ہو گئے تو وہ ان کے پاس اندر گئیں اور کچھ دیر اُن کے پاس روتی رہیں۔ کچھ مردوں نے اندر آنے کی اجازت مانگی تو وہ مردوں کے آتے ہی اندر چلی گئیں اور ہم اندر سے ان کے رونے کی آواز سنتے رہے۔ لوگوں نے کہا: امیر المومنینؓ! وصیت کر دیں۔ کسی کو خلیفہ مقرر کر جائیں۔ انہوں نے فرمایا: میں اس خلافت کا حقدار اُن چند لوگوں سے بڑھ کر اور کسی کو نہیں پاتا کہ رسول اللہؐ ایسی حالت میں فوت ہوئے کہ آپؐ ان سے راضی تھے اور انہوں نے حضرت علیؓ، حضرت عثمانؓ، حضرت زبیرؓ، حضرت طلحہؓ، حضرت سعدؓ اور حضرت عبدالرحمٰن (بن عوفؓ) کا نام لیا اور کہا: عبداللہ بن عمرؓ تمہارے ساتھ شریک رہے گا اور اس خلافت میں اس کا کوئی حق نہیں۔ گویا یہ بات عبداللہ کو تسلی دینے کے لئے کہی ہے۔ اگر خلافت سعدؓ کو مل گئی۔ پھر وہی خلیفہ ہو ورنہ جو بھی تم میں سے امیر بنایا جائے وہ سعدؓ سے مدد لیتا رہے کیونکہ میں نے ان کو اس لئے معزول نہیں کیا کہ وہ کسی کام کے کرنے سے عاجز تھے اور نہ اس لئے کہ کوئی خیانت کی تھی۔ نیز فرمایا: میں اس خلیفہ کو جو میرے بعد ہوگا پہلے مہاجرین کے بارے میں وصیت کرتا ہوں کہ وہ ان کے حقوق ان کے لئے پہچانیں اور ان کی عزت کا خیال رکھیں اور میں انصار کے متعلق بھی عمدہ سلوک کرنے کی وصیت کرتا ہوں کہ انہوں نے مہاجرین سے پہلے اپنے گھروں میں ایمان کو جگہ دی۔ جو ان میں سے نیک کام کرنے والا ہو، اسے قبول کیا جائے اور جو ان میں سے قصور وار ہو اس سے درگذر کیا جائے۔ اور میں سارے شہروں کے باشندوں کے ساتھ عمدہ سلوک کرنے کی اس کو وصیت کرتا ہوں۔ کیونکہ وہ اسلام کے پشت پناہ ہیں اور مال کے محصل ہیں اور دشمن کے کڑھنے کا موجب ہیں اور یہ کہ ان کی رضامندی سے ان سے وہی لیا جائے جو اُن کی ضرورتوں سے بچ جائے اور میں اس کو بدوی عربوں کے ساتھ نیک سلوک کرنے کی وصیت کرتا ہوں کیونکہ وہ عربوں کی جڑھ ہیں اور اسلام کا مادہ ہیں۔ یہ کہ ان کے ایسے مالوں سے لیا جائے جو ان کے کام کے نہ ہوں اور پھر انہی کے محتاجوں کو دے دیا جائے۔ اور میں اس کو اللہ کے ذمہ اور اس کے رسول ﷺ کے ذمہ کی وصیت کرتا ہوں کہ جن لوگوں سے عہد کیا گیا ہو اُن کا عہد اُن کے لئے پورا کیا جائے اور ان کی حفاظت کیلئے ان سے مدافعت کی جائے اور ان سے بھی اتنا ہی لیا جائے جتنا ان کی طاقت ہو۔ جب آپؓ فوت ہو گئے ہم ان کو لے کر نکلے اور پیدل چلنے لگے تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے (حضرت عائشہؓ کو) السلام علیکم کہا اور کہا: عمر بن خطابؓ اجازت مانگتے ہیں۔ انہوں نے کہا: ان کو اندر لے آؤ۔ چنانچہ ان کو اندر لے گئے اور وہاں ان کے دونوں ساتھیوں کے ساتھ رکھ دیئے گئے۔ جب ان کی تدفین سے فراغت ہوئی تو وہ آدمی جمع ہوئے (جن کا نام حضرت عمرؓ نے لیا تھا) حضرت عبدالرحمٰن (بن عوفؓ) نے کہا: اپنا معاملہ اپنے میں سے تین آدمیوں کے سپرد کر دو۔ حضرت زبیرؓ نے کہا: میں نے اپنا اختیار حضرت علیؓ کو دیا اور حضرت طلحہؓ نے کہا: میں نے اپنا اختیار حضرت عثمانؓ کو دیا اور حضرت سعدؓ نے کہا: میں نے اپنا اختیار حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کو دیا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ نے (حضرت علیؓ اور حضرت عثمانؓ سے) کہا: آپ دونوں میں سے جو بھی اس امر سے دستبردار ہوگا ہم اسی کے حوالے اس معاملہ کو کر دیں گے اور اللہ اور اسلام اس کا نگران ہوگا۔ ان میں سے اسی کو تجویز کرے گا جو اس کے نزدیک افضل ہے۔ اس بات نے دونوں بزرگوں کو خاموش کر دیا۔ پھر حضرت عبدالرحمٰنؓ نے کہا: کیا آپ اس معاملہ کو میرے سپرد کرتے ہیں؟ اور اللہ میرا نگران ہے کہ جو آپ میں سے افضل ہے اس کو تجویز کرنے کے متعلق کوئی بھی کمی نہیں کروں گا۔ ان دونوں نے کہا: اچھا۔ پھر حضرت عبدالرحمٰنؓ ان دونوں میں سے ایک کا ہاتھ پکڑ کر الگ لے گئے اور کہنے لگے: آپ کو رسول اللہ ﷺ سے رشتہ کا تعلق ہے اور اسلام میں بھی وہ مقام ہے جو آپ جانتے ہی ہیں۔ اللہ آپ کا نگران ہے۔ بتائیں، اگر میں آپ کو امیر بناؤں تو کیا آپ ضرور انصاف کریں گے؟ اور اگر میں عثمانؓ کو امیر بناؤں تو آپ ان کی بات سنیں گے اور ان کا حکم مانیں گے؟ پھر حضرت عبدالرحمٰنؓ دوسرے کو تنہائی میں لے گئے اور ان سے بھی ویسے ہی کہا۔ جب انہوں نے پختہ عہد لے لیا تو کہنے لگے: عثمانؓ! آپ اپنا ہاتھ اٹھائیں اور انہوں نے ان سے بیعت کی۔ اور حضرت علیؓ نے بھی ان سے بیعت کی اور گھر والے اندر آگئے اور انہوں نے بھی ان سے بیعت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3701
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابو حازم سے، ابو حازم نے حضرت سہل بن سعد رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کل میں ایسے شخص کو جھنڈا دوں گا جس کے ہاتھوں پر اللہ فتح دے گا۔ سہل کہتے تھے: وہ لوگ ساری رات چہ میگوئیاں کرتے رہے کہ ان میں سے کس کو وہ جھنڈا دیا جائے گا؟ جب لوگ صبح کو اٹھے تو سویرے ہی رسول اللہ ﷺ کے پاس گئے۔ ان میں سے ہر ایک امید رکھتا تھا کہ اس کو وہ جھنڈا دیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: علی بن ابی طالبؓ کہاں ہیں؟ لوگوں نے کہا: یا رسول اللہ! ان کی آنکھیں دُکھتی ہیں۔ آپؐ نے فرمایا: ان کے پاس کسی کو بھجوا دو اور انہیں میرے پاس لے آؤ۔ جب وہ آئے تو آپؐ نے ان کی آنکھوں پر اپنا لعاب لگایا اور ان کے لئے دعا کی۔ وہ ایسے اچھے ہو گئے جیسے کہ ان کو کوئی بیماری نہ تھی اور آپؐ نے ان کو جھنڈا دیا۔ حضرت علیؓ نے کہا: یا رسول اللہ! کیا ان سے اس وقت تک لڑتا رہوں کہ وہ ہماری طرح ہو جائیں؟ آپؐ نے فرمایا: آہستگی سے سنبھل کر ان کے اندر جاؤ۔ جب ان کے آنگن میں ڈیرے ڈال دو تو پھر ان کو اسلام کی طرف بلاؤ اور ان کو وہ باتیں بتاؤ جن میں اللہ کا حق ان پر واجب ہے کیونکہ اگر تیرے ذریعہ سے اللہ ایک شخص کو بھی ہدایت دے دے تو بخدا تیرے لئے بہتر ہے کہ تجھے سرخ اونٹ مل جائیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3702
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یزید بن ابی عبید سے، یزید نے سلمہ (بن اکوع) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جنگ خیبر میں حضرت علیؓ نبی ﷺ کے پیچھے رہ گئے تھے اور ان کو آنکھوں کی تکلیف تھی۔ پھر انہوں نے سوچا کہ میں رسول اللہ ﷺ سے پیچھے رہ جاؤں، اچھی بات نہیں۔ تو حضرت علیؓ نکل پڑے اور نبی ﷺ سے جا ملے۔ جب اس رات کی شام ہوئی جس کی صبح کو اللہ نے فتح دی تو رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کل میں اس شخص کو جھنڈا دوں گا یا فرمایا: وہ شخص جھنڈا لے گا جس سے اللہ اور اس کا رسولؐ محبت رکھتا ہے۔ یا فرمایا: جو اللہ اور اس کے رسولؐ سے محبت رکھتا ہے، اس کے ذریعہ اللہ فتح دے گا۔ تو ہم کیا دیکھتے ہیں کہ حضرت علیؓ آرہے ہیں۔ ان (کے آنے) کی ہمیں امید نہ تھی۔ لوگوں نے کہا: حضرت علیؓ آگئے ہیں۔ تو رسول اللہ ﷺ نے ان کو جھنڈا دیا اور اللہ نے ان کے ذریعہ سے فتح دی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3703
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن ابی حازم نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ ایک شخص حضرت سہل بن سعدؓ کے پاس آیا اور مدینہ کے امیر کا نام لے کر کہا: یہ فلاں شخص حضرت علیؓ کو منبر کے پاس بیٹھ کر بُرا بھلا کہتا ہے۔ انہوں نے کہا کہ حضرت سہلؓ نے پوچھا: کیا (کہتا ہے؟) اس نے کہا: ان کو ابوتراب کہتا ہے۔ یہ سن کر حضرت سہلؓ ہنس پڑے۔ کہنے لگے: بخدا نبی ﷺ نے ہی ان کا یہ نام رکھا تھا اور حضرت علیؓ کو اس سے بڑھ کر اور کوئی نام پیارا نہ تھا۔ میں نے بات کا مزا اُٹھا کر حضرت سہلؓ سے پوچھا۔ میں نے کہا: ابوعباسؓ! آنحضرت ﷺ نے یہ نام کیسے رکھا تھا؟ انہوں نے کہا: حضرت علیؓ حضرت فاطمہؓ کے پاس گئے اور پھر باہر چلے آئے اور مسجد میں لیٹ رہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہارے چچا کا بیٹا کہاں ہے؟ حضرت فاطمہؓ نے کہا: مسجد میں۔ وہاں سے نکل کر آپؐ ان کے پاس آئے اور دیکھا کہ ان کی چادر ان کی پیٹھ سے گر پڑی ہے اور مٹی ان کی پیٹھ کو لگی ہوئی ہے۔ تو آپؐ ان کی پیٹھ سے مٹی پونچھنے لگے اور یہ فرما رہے تھے: ابوتراب اُٹھ بیٹھو۔ ابوتراب اُٹھ بیٹھو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3704
محمد بن رافع نے ہم سے بیان کیا کہ حسین (بن علی جعفی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زائدہ سے، زائدہ نے ابو حصین سے، ابو حصین نے سعد بن عبیدہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ایک شخص حضرت (عبداللہ) ابن عمرؓ کے پاس آیا اور اس نے حضرت عثمانؓ کے متعلق پوچھا۔ تو انہوں نے ان کی خوبیاں بیان کیں۔ پھر کہا: شاید تجھے یہ بُری معلوم ہوتی ہوں۔ اس نے کہا: ہاں۔ تو حضرت عبداللہؓ نے کہا: اللہ تیری ناک خاک آلودہ کرے۔ پھر اس نے ان سے حضرت علیؓ کے متعلق پوچھا تو انہوں نے ان کی خوبیاں بیان کیں۔ کہا: حضرت علیؓ وہ انسان ہیں جن کا گھر نبیﷺ کے گھروں کے عین وسط میں ہے۔ پھر کہنے لگے: شاید یہ بات بھی تجھے بُری لگتی ہو؟ اس نے کہا: ہاں۔ انہوں نے کہا: اللہ تیری ناک خاک آلودہ کرے۔ چلے جاؤ۔ میرے برخلاف بھی جتنا تمہارا زور ہے، لگا لو۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3705
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے حکم سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا کہ میں نے ابن ابی لیلیٰ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ حضرت علیؓ نے ہم سے بیان کیا کہ حضرت فاطمہ علیہا السلام نے ان نشانوں کی تکلیف کا شکوہ کیا جو چکی پیسنے سے ان کے ہاتھوں میں پڑ گئے تھے۔ نبی ﷺ کے پاس کچھ قیدی آئے تو وہ آپؐ کے پاس چلی گئیں۔ مگر آپؐ کو نہ پایا اور حضرت عائشہؓ سے ملیں تو ان سے بیان کیا۔ جب نبی ﷺ آئے تو حضرت عائشہؓ نے آپؐ کو بتایا کہ فاطمہؓ آئی تھیں۔ (یہ سن کر) نبی ﷺ ہمارے پاس آئے اور ہم اپنے بستروں پر لیٹ چکے تھے۔ میں اٹھنے لگا تو آپؐ نے فرمایا: تم دونوں اپنی جگہ رہو اور آپؐ ہمارے درمیان بیٹھ گئے اس طور سے کہ میں نے آپؐ کے پاؤں کی ٹھنڈک اپنے سینے میں محسوس کی اور آپؐ نے فرمایا: کیا میں تم لوگوں کو ایسی بات نہ بتلاؤں جو اس بات سے بہتر ہو جو تم نے مانگی ہے؟ جب تم اپنے بستروں پر لیٹو تو چونتیس بار اللہ اکبر اور تینتیس بار سبحان اللہ اور تینتیس بار الحمد اللہ کہو تو یہ بات تمہارے لئے خادم سے بہتر ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3706
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ سعد سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے ابراہیم بن سعد (بن ابی وقاص) سے سنا۔ انہوں نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ نبی ﷺ نے حضرت علیؓ سے فرمایا: کیا تم اس سے خوش نہیں ہوتے کہ تم میرے ساتھ ایسے ہی ہو جیسے موسٰیؑ کے ساتھ ہارونؑ۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3707
علی بن جعد نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ایوب سے، ایوب نے ابن سیرین سے، ابن سیرین نے عَبِیدہ سے، عبیدہ نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے، انہوں نے کہا: تم فیصلہ کر لیا کرو جیسا کہ تم پہلے کیا کرتے تھے کیونکہ میں اختلاف کو ناپسند کرتا ہوں تا وقتیکہ سب لوگ ایک جماعت بن جائیں یا میں بھی اپنے ساتھیوں کی طرح وفات پا جاؤں۔ ابن سیرین کے خیال میں حضرت علی ؓ سے منسوب کی گئی اکثر روایتیں درست نہیں ہیں۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3708
احمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن ابراہیم بن دینار ابو عبداللہ جہنی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ذئب سے، انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ابوہریرہ بہت ہی حدیثیں بیان کرتا ہے حالانکہ میں اپنا پیٹ بھرنے کو رسول اللہ ﷺ سے چمٹا رہتا تھا۔ یہ اس وقت کا ذکر ہے جبکہ میں خمیری روٹی نہیں کھاتا تھا اور نہ دھاری دار چادر پہنتا تھا اور نہ فلاں مرد اور نہ فلاں عورت میری خدمت کرتے تھے۔ اور بھوک کے مارے میں اپنا پیٹ کنکریلی زمین سے لگائے رکھتا تھا اور کبھی کسی شخص سے سرسری آیت کا مفہوم پوچھ لیتا تھا جو مجھے یاد ہوتی تا وہ مجھے اپنے گھر لے جائے اور کھانا کھلائے۔ اور جعفر بن ابی طالبؓ مسکینوں کے لئے سب لوگوں میں سے زیادہ اچھے تھے۔ ہمیں اپنے ساتھ لے کر گھر کو لوٹتے اور جو بھی ان کے گھر میں ہوتا ہمیں کھلا دیتے یہاں تک کہ وہ کبھی ہمارے پاس وہ کپی جس میں کچھ نہ ہوتا باہر لے آتے۔ ہم اس کو پھاڑ دیتے اور جو اُس میں ہوتا اسے چاٹ لیتے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah