کتاب 1: باب فَضَائِلِ أَصْحَابِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم

صحیح بخاری

صحیح بخاری 3649

حَدَّثَنَا عَلِيُّ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ عَنْ عَمْرٍو قَالَ سَمِعْتُ جَابِرَ بْنَ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنهما ـ يَقُولُ حَدَّثَنَا أَبُو سَعِيدٍ الْخُدْرِيُّ قَالَ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " يَأْتِي عَلَى النَّاسِ زَمَانٌ فَيَغْزُو فِئَامٌ مِنَ النَّاسِ فَيَقُولُونَ فِيكُمْ مَنْ صَاحَبَ رَسُولَ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَيَقُولُونَ نَعَمْ. فَيُفْتَحُ لَهُمْ. ثُمَّ يَأْتِي عَلَى النَّاسِ زَمَانٌ فَيَغْزُو فِئَامٌ مِنَ النَّاسِ فَيُقَالُ هَلْ فِيكُمْ مَنْ صَاحَبَ أَصْحَابَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَيَقُولُونَ نَعَمْ. فَيُفْتَحُ لَهُمْ ثُمَّ يَأْتِي عَلَى النَّاسِ زَمَانٌ فَيَغْزُو فِئَامٌ مِنَ النَّاسِ فَيُقَالُ هَلْ فِيكُمْ مَنْ صَاحَبَ مَنْ صَاحَبَ أَصْحَابَ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم فَيَقُولُونَ نَعَمْ. فَيُفْتَحُ لَهُمْ ".

علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو (بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوسعید خدریؓ نے ہم سے بیان کیا، کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ لوگ جوق دَر جوق حملہ کے لئے نکلیں گے اور پوچھیں گے: کیا تم میں کوئی ایسا ہے جو رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہا ہو؟ وہ ان سے کہیں گے: ہاں۔ تو پھر (اس کی برکت سے) ان کو فتح دی جائے گی۔ پھر لوگوں پر ایک ایسا زمانہ آئے گا کہ لوگ جو ق دَر جوق حملے کے لئے نکلیں گے اور پوچھا جائے گا: کیا تم میں سے کوئی ایسا شخص ہے جو رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کی صحبت میں رہا ہو؟ وہ کہیں گے: ہاں۔ تو ان کو (اس کی برکت سے) فتح دی جائے گی۔ پھر لوگوں پر ایسا زمانہ آئے گا کہ جوق دَر جوق لوگ حملے کے لئے نکلیں گے اور پوچھا جائے گا: کیا تم میں کوئی ایسا شخص ہے جو ایسے شخص کے ساتھ رہا ہو جو رسول اللہ ﷺ کے صحابہ کی صحبت میں رہ چکا ہو تو کہیں گے: ہاں۔ تو ان کو فتح دی جائے گی۔

صحیح بخاری 3650

حَدَّثَنِي إِسْحَاقُ حَدَّثَنَا النَّضْرُ أَخْبَرَنَا شُعْبَةُ عَنْ أَبِي جَمْرَةَ سَمِعْتُ زَهْدَمَ بْنَ مُضَرِّبٍ سَمِعْتُ عِمْرَانَ بْنَ حُصَيْنٍ ـ رضى الله عنهما ـ يَقُولُ قَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " خَيْرُ أُمَّتِي قَرْنِي ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ ". قَالَ عِمْرَانُ فَلاَ أَدْرِي أَذَكَرَ بَعْدَ قَرْنِهِ قَرْنَيْنِ أَوْ ثَلاَثًا " ثُمَّ إِنَّ بَعْدَكُمْ قَوْمًا يَشْهَدُونَ وَلاَ يُسْتَشْهَدُونَ وَيَخُونُونَ وَلاَ يُؤْتَمَنُونَ وَيَنْذُرُونَ وَلاَ يَفُونَ وَيَظْهَرُ فِيهِمُ السِّمَنُ ".

اسحاق (بن راہویہ) نے ہم سے بیان کیا کہ نضر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ابو جمرہ سے روایت کی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے زہدم بن مضرب سے سنا۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت عمران بن حصین رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میری امت کی صدیوں میں سے بہترین صدی میری ہے۔ پھر اُن لوگوں کی جو معاً اُن کے بعد ہوں گے۔ پھر اُن لوگوں کی جو معاً اُن کے بعد ہوں گے۔ حضرت عمرانؓ کہتے تھے: میں نہیں جانتا آپؐ نے اپنی صدی کے بعد دو صدیوں یا تین صدیوں کا ذکر کیا۔ (پھر فرمایا:) پھر تمہارے بعد ایسے لوگ ہوں گے جو شہادت دیں گے، بحالیکہ شہادت کیلئے نہ بلائے جائیں گے۔ اور خیانت کریں گے اور انہیں امین نہ سمجھا جائے گا اور منتیں مانیں گے اور پوری نہیں کریں گے۔ اور (حرام مال کھا کھا کر) ان میں موٹاپا خوب ہو گا۔

صحیح بخاری 3651

حَدَّثَنَا مُحَمَّدُ بْنُ كَثِيرٍ أَخْبَرَنَا سُفْيَانُ عَنْ مَنْصُورٍ عَنْ إِبْرَاهِيمَ عَنْ عَبِيدَةَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ ـ رضى الله عنه ـ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " خَيْرُ النَّاسِ قَرْنِي ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ ثُمَّ الَّذِينَ يَلُونَهُمْ ثُمَّ يَجِيءُ قَوْمٌ تَسْبِقُ شَهَادَةُ أَحَدِهِمْ يَمِينَهُ وَيَمِينُهُ شَهَادَتَهُ ". قَالَ إِبْرَاهِيمُ وَكَانُوا يَضْرِبُونَا عَلَى الشَّهَادَةِ وَالْعَهْدِ وَنَحْنُ صِغَارٌ.

محمد بن کثیر نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (ثوری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے منصور سے، منصور نے ابراہیم سے، ابراہیم نے عبیدہ (بن قیس سلمانی) سے، عبیدہ نے حضرت عبداللہ (بن مسعود) رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے فرمایا: بہترین لوگ میری صدی کے ہیں۔ پھر وہ جو معاً ان کے بعد ہوں گے۔ پھر وہ جو معاً ان کے بعد ہوں گے۔ پھر ایسے لوگ آئیں گے کہ ان میں سے ایک کی شہادت اُس کی قسم سے پہلے ہوگی اور اُس کی قسم اُس کی شہادت سے پہلے ہوگی۔ ابراہیم نے کہا: ہمیں (ہمارے بزرگ) شہادت دینے اور عہد کرنے پر مارا کرتے تھے اور ہم ان دنوں چھوٹے تھے۔

10 von 10 heute frei