کتاب 3: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم: «سُدُّوا الأَبْوَابَ إِلاَّ بَابُ أَبِي بَكْرٍ»
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3654
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعامر نے ہمیں بتایا۔ فُلَیح (بن سلیمان) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: سالم ابونضر نے مجھ سے بیان کیا۔ انہوں نے بسر بن سعید سے، بسر نے حضرت ابوسعید خدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ لوگوں سے مخاطب ہوئے اور فرمایا: اللہ نے ایک بندے کو اختیار دیا ہے کہ دنیا کو پسند کرے یا اس نعمت کو پسند کرے جو اللہ کے پاس ہے تو اس بندے نے وہ نعمت پسند کی جو اللہ کے پاس ہے۔ (ابوسعیدؓ) کہتے تھے: یہ سن کر حضرت ابوبکرؓ رو پڑے اور ہم نے ان کے رونے پر تعجب کیا کہ رسول اللہ ﷺ تو ایک ایسے بندے کا ذکر فرما رہے ہیں جس کو اختیار دیا گیا (اور حضرت ابوبکرؓ سن کر رو پڑے۔) درحقیقت اس سے مراد رسول اللہ ﷺ ہی تھے جنہیں اختیار دیا گیا اور حضرت ابوبکرؓ ہم (صحابہ) میں سے سب سے زیادہ (اس بات کا) علم رکھنے والے تھے۔ (اس لئے آپؓ رو پڑے۔) رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمام لوگوں سے مجھ پر سب سے زیادہ احسان کرنے والے بلحاظ اپنی صحبت اور بلحاظ مال خرچ کرنے کے ابوبکرؓ ہیں اور اگر میں نے کسی کو اپنے ربّ کے سوا جانی دوست بنانا ہوتا تو میں ابوبکرؓ کو بناتا۔ البتہ اسلام کی اخوت اور اس کی محبت ان سے ہے۔ مسجد میں آنے کے لئے کسی کا دروازہ کھلا نہ رہے، سارے بند کر دئیے جائیں مگر ابوبکرؓ کا دروازہ کھلا رہے گا۔