باب 5: باب قَوْلِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم " لَوْ كُنْتُ مُتَّخِذًا خَلِيلاً " قَالَهُ أَبُو سَعِيدٍ
صحیح بخاری, حصہ 2
صحیح بخاری 3676
احمد بن سعید ابوعبداللہ نے مجھ سے بیان کیا کہ وہب بن جریر نے ہمیں بتایا کہ صخر نے ہم سے بیان کیا۔ نافع سے مروی ہے کہ حضرت عبداللہ بن عمر رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: میں نے خواب میں دیکھا کہ میں ایک کنوئیں پر کھڑا ہو کر اس سے پانی نکال رہا ہوں۔ اسی اثناء میں ابوبکرؓ اور عمرؓ میرے پاس آئے تو ابوبکرؓ نے وہ ڈول لیا اور انہوں نے ایک یا دو ڈول کھینچ کر نکالے اور ان کے کھینچنے میں کچھ کمزوری تھی اور اللہ ان کی کمزوری پر پردہ پوشی فرماتے ہوئے ان سے درگذر کرے گا۔ پھر خطاب کے بیٹے نے ابوبکرؓ کے ہاتھ سے وہ ڈول لیا اور وہ ان کے ہاتھ میں ایک بڑا چرسا ہوگیا۔ میں نے لوگوں میں ایسا شہ زور نہیں دیکھا جو ان کی طرح حیرت انگیز کا م کرتا ہو۔ انہوں نے اتنا پانی نکالا کہ لوگ سیر ہوکر اپنے اپنے ٹھکانوں میں جا بیٹھے۔ وہب نے کہا: عَطَنٌ کے معنی اونٹوں کے بیٹھنے کی جگہ کے ہوتے ہیں اور ضَرَبَ النَّاسُ بِعَطَنٍ کے معنی یہ ہیں کہ لوگوں کے اونٹ سیر ہوکر اپنی اپنی جگہ بیٹھ گئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3677
ولید بن صالح نے ہم سے بیان کیا کہ عیسیٰ بن یونس نے ہمیں بتایا کہ عمر بن سعید بن ابی حسین مکی نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ میں ان لوگوں میں کھڑا تھا جنہوں نے حضرت عمر بن خطابؓ کے لئے دعا کی اور انہیں تختہ پر رکھ دیا گیا۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک شخص نے میرے پیچھے سے آ کر اپنی کہنی میرے کندھے پر رکھ دی۔ کہنے لگا: اللہ تم پر رحم کرے۔ مجھے تو یہی امید تھی کہ اللہ تمہیں بھی تمہارے دونوں ساتھیوں کے ساتھ ہی دفن کرے گا کیونکہ میں نے رسول اللہ ﷺ کو یہ فرماتے بہت دفعہ سنا تھا۔ میں اور ابوبکرؓ اور عمرؓ فلاں جگہ تھے اور میں نے اور ابوبکرؓ اور عمرؓ نے یہ کیا۔ میں اور ابوبکرؓ اور عمرؓ چلے گئے۔ اس لئے میں یہی امید رکھتا تھا کہ اللہ تم کو بھی ان دونوں کے ساتھ ہی رکھے گا۔ میں نے جو مڑ کر دیکھا تو حضرت علی بن ابی طالبؓ تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3678
محمد بن یزید کوفی نے ہم سے بیان کیا کہ ولید نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اوزاعی سے، اوزاعی نے یحيٰ بن ابی کثیر سے، يحيٰ نے محمد بن ابراہیم سے، انہوں نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت عبداللہ بن عمروؓ سے سخت سے سخت اس سلوک کی نسبت پوچھا جو مشرکوں نے رسول اللہ ﷺ سے کیا تھا۔ انہوں نے کہا: میں نے عقبہ بن ابی معیط کو دیکھا کہ وہ نبی ﷺ کے پاس آیا اور آپؐ اس وقت نماز پڑھ رہے تھے تو اس نے آپؐ کی گردن میں (اپنی) چادر ڈالی اور نہایت زور سے آپؐ کا گلا گھونٹا۔ اتنے میں حضرت ابوبکرؓ آن پہنچے اور انہوں نے عقبہ کو دھکا دے کر آپؐ سے ہٹایا اور کہنے لگے: کیا تم ایک شخص کو اس بات پر مار ڈالنا چاہتے ہو کہ وہ یہ کہتا ہے: میرا ربّ اللہ ہے اور وہ تمہارے رب کی طرف سے تمہارے پاس کھلے کھلے دلائل بھی لایا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah