کتاب 10: بَابُ مَنَاقِبُ جَعْفَرِ بْنِ أَبِي طَالِبٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3708
احمد بن ابی بکر نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن ابراہیم بن دینار ابو عبداللہ جہنی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ذئب سے، انہوں نے سعید مقبری سے، سعید نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ لوگ سمجھتے ہیں کہ ابوہریرہ بہت ہی حدیثیں بیان کرتا ہے حالانکہ میں اپنا پیٹ بھرنے کو رسول اللہ ﷺ سے چمٹا رہتا تھا۔ یہ اس وقت کا ذکر ہے جبکہ میں خمیری روٹی نہیں کھاتا تھا اور نہ دھاری دار چادر پہنتا تھا اور نہ فلاں مرد اور نہ فلاں عورت میری خدمت کرتے تھے۔ اور بھوک کے مارے میں اپنا پیٹ کنکریلی زمین سے لگائے رکھتا تھا اور کبھی کسی شخص سے سرسری آیت کا مفہوم پوچھ لیتا تھا جو مجھے یاد ہوتی تا وہ مجھے اپنے گھر لے جائے اور کھانا کھلائے۔ اور جعفر بن ابی طالبؓ مسکینوں کے لئے سب لوگوں میں سے زیادہ اچھے تھے۔ ہمیں اپنے ساتھ لے کر گھر کو لوٹتے اور جو بھی ان کے گھر میں ہوتا ہمیں کھلا دیتے یہاں تک کہ وہ کبھی ہمارے پاس وہ کپی جس میں کچھ نہ ہوتا باہر لے آتے۔ ہم اس کو پھاڑ دیتے اور جو اُس میں ہوتا اسے چاٹ لیتے۔
صحیح بخاری 3709
عمرو بن علی (فلاس) نے ہم سے بیان کیا کہ یزید بن ہارون نے ہمیں بتایا۔ اسماعیل بن ابی خالد نے ہمیں بتایا کہ شعبی سے روایت ہے کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما کی عادت تھی کہ جب حضرت جعفرؓ کے بیٹے کو سلام کہتے تو یہ کہتے: ’’اے دو پنکھ والے کے بیٹے تم پر سلامتی ہو‘‘ {اور ابوعبداللہ (امام بخاریؒ) نے کہا: عربی زبان میں کہتے ہیں: کُنْ فِیْ جَنَاحِیْ۔ یعنی میرے پہلو میں رہو۔ گویا پہلو کو بازو کہتے ہیں۔}