کتاب 13: باب مَنَاقِبُ الزُّبَيْرِ بْنِ الْعَوَّامِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3717
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ علی بن مسہر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: مروان بن حکم نے مجھے بتایا: جس سال نکسیر کی بیماری پھیلی، حضرت عثمان بن عفان رضی اللہ عنہ کو بھی سخت نکسیر ہوئی۔ یہاں تک کہ اس نے ان کو حج سے روک دیا اور انہوں نے وصیت کردی تو اس وقت قریش میں سے ایک شخص ان کے پاس آیا کہنے لگا: کسی کو خلیفہ مقرر کر دیں۔ انہوں نے پوچھا: کیا لوگوں نے یہ بات کہی ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ حضرت عثمانؓ نے پوچھا: کس کو خلیفہ بنانا چاہتے ہیں؟ وہ خاموش رہا۔ اتنے میں پھر ایک اور شخص ان کے پاس آیا۔ میں سمجھتا ہوں کہ وہ حارث تھا۔ کہنے لگا: خلیفہ مقرر کر دیں۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: کیا لوگوں نے یہ کہا ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ حضرت عثمانؓ نے پوچھا: وہ کون ہے جو خلیفہ ہوگا؟ وہ خاموش رہا۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: شاید وہ کہتے ہیں زبیرؓ کو۔ اس نے کہا: ہاں۔ حضرت عثمانؓ نے کہا: اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے۔ جہاں تک مجھے علم ہے وہ ان میں سے یقیناً بہتر ہے اور رسول اللہ ﷺ کو بھی ان سب سے زیادہ پیارا تھا۔
صحیح بخاری 3718
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ ہشام سے روایت ہے کہ میرے باپ نے مجھے خبر دی۔ (انہوں نے کہا:) میں نے مروان بن حکم سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں حضرت عثمانؓ کے پاس تھا کہ اتنے میں ایک شخص ان کے پاس آیا اور کہنے لگا: آپ کسی کو خلیفہ مقرر کر دیں۔ انہوں نے کہا: کیا یہ بات لوگوں نے کہی ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ زبیرؓ کا تقرر چاہتے ہیں۔ حضرت عثمانؓ نے تین بار کہا۔ دیکھو تم جانتے ہی ہو کہ وہ تم میں سے بہتر ہیں۔
صحیح بخاری 3719
مالک بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز نے ہمیں بتایا، وہی جو ابوسلمہ کے بیٹے ہیں۔ انہوں نے محمد بن منکدر سے، انہوں نے حضرت جابرؓ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: نبیﷺ نے فرمایا: ہر ایک نبی کا ایک حواری ہوتا ہے اور میرا حواری زبیر بن عوامؓ ہے۔
صحیح بخاری 3720
احمد بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عبداللہ بن زبیرؓ سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: جنگ احزاب کے دن مجھے اور عمر بن ابی سلمہؓ کو عورتوں میں مقرر کیا گیا۔ میں نے جو نگاہ کی تو کیا دیکھتا ہوں کہ حضرت زبیرؓ اپنے گھوڑے پر سوار ہیں۔ بنی قریظہ کی طرف دو دفعہ یا تین دفعہ جاتے ہوئے دیکھا۔ جب میں لوٹ کر آیا۔ میں نے کہا: ابا میں نے آپ کو اِدھر اُدھر جاتے ہوئے دیکھا تھا۔ انہوں نے کہا: بیٹا! کیا تم نے مجھے دیکھا تھا؟ میں نے کہا: ہاں۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: بنو قریظہ کے پاس کون جائے گا اور ان کی خبر لے کر میرے پاس آئے گا؟ یہ سن کر میں چلا گیا۔ جب میں لوٹا تو رسول اللہ ﷺ نے میرے لئے اپنے ماں باپ دونوں کا اکٹھا نام لیا۔ یعنی فرمایا: میرے ماں باپ تجھ پر قربان ہوں۔
صحیح بخاری 3721
علی بن حفص نے ہم سے بیان کیا کہ ابن مبارک نے ہمیں بتایا۔ ہشام بن عروہ نے اپنے باپ سے روایت کرتے ہوئے ہمیں خبر دی کہ یرموک کی جنگ میں نبی ﷺ کے صحابہ نے حضرت زبیرؓ سے کہا: کیا آپ دھاوا نہیں بولیں گے تا کہ ہم بھی آپ کے ساتھ دھاوا بولیں؟ یہ سن کر حضرت زبیرؓ نے دشمن پر حملہ کر دیا۔ کافروں نے ان کے مونڈھے پر دو ضربیں لگائیں۔ ان دونوں کے درمیان ایک اور ضرب تھی جو انہیں بدر کی لڑائی میں لگی تھی۔ عروہ کہتے تھے: میں اپنی انگلیاں ان زخموں میں ڈال کر کھیلا کرتا تھا اور میں اس وقت چھوٹا تھا۔