کتاب 18: باب ذِكْرُ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 3732

حَدَّثَنَا قُتَيْبَةُ بْنُ سَعِيدٍ حَدَّثَنَا لَيْثٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ رضى الله عنها أَنَّ قُرَيْشًا أَهَمَّهُمْ شَأْنُ الْمَخْزُومِيَّةِ فَقَالُوا مَنْ يَجْتَرِئُ عَلَيْهِ إِلاَّ أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ حِبُّ رَسُولِ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم.

قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ مخزومی عورت کے معاملے نے قریش کو فکر میں ڈالا۔ وہ کہنے لگے: آنحضرت ﷺ کے پاس کون جرأت کرے گا سوائے اسامہ بن زیدؓ کے جو رسول اللہ ﷺ کو پیارا ہے۔

صحیح بخاری 3733

حَدَّثَنَا عَلِيٌّ حَدَّثَنَا سُفْيَانُ قَالَ ذَهَبْتُ أَسْأَلُ الزُّهْرِيَّ عَنْ حَدِيثِ الْمَخْزُومِيَّةِ فَصَاحَ بِي قُلْتُ لِسُفْيَانَ فَلَمْ تَحْتَمِلْهُ عَنْ أَحَدٍ قَالَ وَجَدْتُهُ فِي كِتَابٍ كَانَ كَتَبَهُ أَيُّوبُ بْنُ مُوسَى عَنِ الزُّهْرِيِّ عَنْ عُرْوَةَ عَنْ عَائِشَةَ ـ رضى الله عنها أَنَّ امْرَأَةً مِنْ بَنِي مَخْزُومٍ سَرَقَتْ فَقَالُوا مَنْ يُكَلِّمُ فِيهَا النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم فَلَمْ يَجْتَرِئْ أَحَدٌ أَنْ يُكَلِّمَهُ فَكَلَّمَهُ أُسَامَةُ بْنُ زَيْدٍ فَقَالَ " إِنَّ بَنِي إِسْرَائِيلَ كَانَ إِذَا سَرَقَ فِيهِمُ الشَّرِيفُ تَرَكُوهُ وَإِذَا سَرَقَ الضَّعِيفُ قَطَعُوهُ لَوْ كَانَتْ فَاطِمَةُ لَقَطَعْتُ يَدَهَا ".

نیز علی(بن مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: مخزومی عورت کے واقعہ کے متعلق زہری سے میں پوچھنے گیا تو انہوں نے مجھے ڈانٹا۔ (علی بن مدینی کہتے تھے:) میں نے سفیان سے پوچھا: کیا پھر آپ نے یہ حدیث کسی سے نہیں سنی؟ انہوں نے کہا: میں نے ایک کتاب میں اسے پایا جو ایوب بن موسیٰ نے لکھی تھی کہ زہری سے مروی ہے۔ انہوں نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ بنی مخزوم کی ایک عورت نے چوری کی تو لوگوں نے کہا: اس کے متعلق نبی ﷺ سے کون سفارش کرے گا؟ تو آپؐ سے بات کرنے کی کسی نے بھی جرأت نہ کی۔ آخر حضرت اُسامہ بن زیدؓ نے آپؐ سے بات کی تو آپؐ نے فرمایا: بنی اسرائیل بھی ایسے تھے کہ جب ان میں سے کوئی بڑا آدمی چوری کرتا تو اس کو چھوڑ دیتے اور جب غریب چوری کرتا تو اس کے ہاتھ کاٹ ڈالتے۔ اگر فاطمہؓ بھی چوری کرے تو میں اس کا ہاتھ بھی ضرور کاٹوں گا۔

صحیح بخاری 3734

حَدَّثَنِي الْحَسَنُ بْنُ مُحَمَّدٍ حَدَّثَنَا أَبُو عَبَّادٍ يَحْيَى بْنُ عَبَّادٍ حَدَّثَنَا الْمَاجِشُونُ أَخْبَرَنَا عَبْدُ اللَّهِ بْنُ دِينَارٍ قَالَ نَظَرَ ابْنُ عُمَرَ يَوْمًا وَهْوَ فِي الْمَسْجِدِ إِلَى رَجُلٍ يَسْحَبُ ثِيَابَهُ فِي نَاحِيَةٍ مِنَ الْمَسْجِدِ فَقَالَ انْظُرْ مَنْ هَذَا لَيْتَ هَذَا عِنْدِي. قَالَ لَهُ إِنْسَانٌ أَمَا تَعْرِفُ هَذَا يَا أَبَا عَبْدِ الرَّحْمَنِ هَذَا مُحَمَّدُ بْنُ أُسَامَةَ قَالَ فَطَأْطَأَ ابْنُ عُمَرَ رَأْسَهُ وَنَقَرَ بِيَدَيْهِ فِي الأَرْضِ ثُمَّ قَالَ لَوْ رَآهُ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لأَحَبَّهُ.

حسن بن محمد (زعفرانی) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعباد یحيٰ بن عباد (ضبعی بصری) نے ہمیں بتایا کہ ماجشون (عبدالعزیز بن عبداللہ بن ابی سلمہ) نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن دینار نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت (عبداللہ) بن عمرؓ نے ایک دن جبکہ وہ مسجد میں تھے، ایک شخص کو دیکھا کہ وہ مسجد میں ایک طرف اپنے کپڑے گھسیٹتے ہوئے جا رہا ہے۔ (عبداللہ بن دینار کہتے تھے:) حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے (مجھ سے) کہا: دیکھو تو یہ کون ہے؟ کاش یہ میرے پاس ہوتا تو ایک آدمی نے ان سے کہا: ابوعبدالرحمٰن! آپ اس کو نہیں پہچانتے؟ یہ محمد بن اُسامہ ہیں۔ عبداللہ بن دینار کہتے تھے: یہ سن کر حضرت ابن عمرؓ نے اپنا سر جھکا لیا اور زمین پر اپنے ہاتھ سے ٹھکرانے لگے۔ پھر کہا: اگر رسول اللہ ﷺ اس کو دیکھتے تو اس سے محبت کرتے۔

صحیح بخاری 3735

حَدَّثَنَا مُوسَى بْنُ إِسْمَاعِيلَ حَدَّثَنَا مُعْتَمِرٌ قَالَ سَمِعْتُ أَبِي حَدَّثَنَا أَبُو عُثْمَانَ عَنْ أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ ـ رضى الله عنهما ـ حَدَّثَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم أَنَّهُ كَانَ يَأْخُذُهُ وَالْحَسَنَ فَيَقُولُ " اللَّهُمَّ أَحِبَّهُمَا فَإِنِّي أُحِبُّهُمَا ".

موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہم سے کہا کہ میں نے اپنے باپ سے سنا کہ ابوعثمان نے ہمیں بتایا کہ حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے روایت ہے کہ انہوں نے نبی ﷺ کے متعلق بتایا کہ آپؐ انہیں اور حضرت حسنؓ کو لیتے اور فرماتے: اے اللہ! ان دونوں سے محبت کر کیونکہ میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں۔

صحیح بخاری 3736

وَقَالَ نُعَيْمٌ عَنِ ابْنِ الْمُبَارَكِ أَخْبَرَنَا مَعْمَرٌ عَنِ الزُّهْرِيِّ أَخْبَرَنِي مَوْلًى لأُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ. أَنَّ الْحَجَّاجَ بْنَ أَيْمَنَ ابْنِ أُمِّ أَيْمَنَ وَكَانَ أَيْمَنُ ابْنُ أُمِّ أَيْمَنَ أَخَا أُسَامَةَ لأُمِّهِ وَهْوَ رَجُلٌ مِنَ الأَنْصَارِ فَرَآهُ ابْنُ عُمَرَ لَمْ يُتِمَّ رُكُوعَهُ وَلاَ سُجُودَهُ فَقَالَ أَعِدْ.

اور نعیم نے ابن مبارک سے نقل کیا کہ معمر نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حضرت اسامہ بن زیدؓ کے آزاد کردہ غلام نے مجھے بتایا کہ حجاج بن ایمن بن امّ ایمن کو حضرت ابن عمرؓ نے دیکھا کہ اس نے اپنا رکوع پورا نہیں کیا اور نہ ہی اپنا سجدہ۔ یہ ایمن بن امّ ایمن حضرت اسامہ بن زیدؓ کا ماں کی طرف سے بھائی تھا اور یہ انصار میں سے ایک شخص تھا تو حضرت ابن عمرؓ نے اس سے کہا: دوبارہ پڑھو۔

صحیح بخاری 3737

قَالَ أَبُو عَبْدِ اللَّهِ وَحَدَّثَنِي سُلَيْمَانُ بْنُ عَبْدِ الرَّحْمَنِ حَدَّثَنَا الْوَلِيدُ حَدَّثَنَا عَبْدُ الرَّحْمَنِ بْنُ نَمِرٍ عَنِ الزُّهْرِيِّ حَدَّثَنِي حَرْمَلَةُ مَوْلَى أُسَامَةَ بْنِ زَيْدٍ أَنَّهُ بَيْنَمَا هُوَ مَعَ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُمَرَ إِذْ دَخَلَ الْحَجَّاجُ بْنُ أَيْمَنَ فَلَمْ يُتِمَّ رُكُوعَهُ وَلاَ سُجُودَهُ فَقَالَ أَعِدْ. فَلَمَّا وَلَّى قَالَ لِي ابْنُ عُمَرَ مَنْ هَذَا قُلْتُ الْحَجَّاجُ بْنُ أَيْمَنَ ابْنِ أُمِّ أَيْمَنَ. فَقَالَ ابْنُ عُمَرَ لَوْ رَأَى هَذَا رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم لأَحَبَّهُ فَذَكَرَ حُبَّهُ وَمَا وَلَدَتْهُ أُمُّ أَيْمَنَ. قَالَ وَحَدَّثَنِي بَعْضُ أَصْحَابِي عَنْ سُلَيْمَانَ وَكَانَتْ حَاضِنَةَ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم.

ابو عبداللہ (امام بخاری) نے کہا: اور سلیمان بن عبدالرحمن نے مجھ سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم نے ہمیں بتایا۔ (کہا:) عبدالرحمٰن بن نمر نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے کہ حرملہ نے جو حضرت اُسامہ بن زیدؓ کے آزاد کردہ غلام تھے، مجھ سے بیان کیا کہ اسی دوران کہ وہ حضرت عبداللہ بن عمرؓ کے ساتھ تھے، حجاج بن ایمن (مسجد میں) آئے۔ انہوں نے اپنا رکوع اور سجدہ پورا نہ کیا تو حضرت عبداللہ بن عمرؓ نے کہا: دوبارہ پڑھو۔ جب حجاج پیٹھ موڑ کر چلا تو حضرت ابن عمرؓ نے مجھ سے پوچھا: یہ کون ہے؟ میں نے کہا: حجاج بن ایمن بن امّ ایمن۔ تو حضرت ابن عمرؓ نے کہا: اگر رسول اللہ ﷺ اس کو دیکھتے تو اس سے محبت کرتے۔ پھر انہوں نے حضرت امّ ایمنؓ کی اولاد سے آپؐ کی محبت کا ذکر کیا۔ (ابو عبداللہ امام بخاری نے) کہا: اور میرے بعض ساتھیوں نے سلیمان (بن عبدالرحمٰن) سے روایت کرتے ہوئے مجھ سے یہی بیان کیا اور اس میں یہ الفاظ بھی ہیں: اور امّ ایمن نبی ﷺ کی کھلائی بھی تھیں۔

10 von 10 heute frei