کتاب 22: باب مَنَاقِبُ الْحَسَنِ وَالْحُسَيْنِ رضى الله عنهما
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3746
صدقہ (بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن عیینہ نے ہمیں بتایا کہ ابوموسیٰ نے حسن (بصری) سے روایت کرتے ہوئے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت ابوبکرہؓ سے سنا۔ (وہ کہتے تھے:) میں نے نبی ﷺ سے منبر پر سنا اور حسنؓ آپؐ کے پہلو میں تھے۔ کبھی آپؐ لوگوں کی طرف دیکھتے کبھی حسنؓ کی طرف۔ آپؐ نے فرمایا: میرا یہ بیٹا سردار ہوگا اور امید ہے کہ اللہ اس کی وجہ سے مسلمانوں کے دو گروہوں میں صلح کرا دے گا۔
صحیح بخاری 3747
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: ابوعثمان نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے حضرت اسامہ بن زید رضی اللہ عنہما سے، حضرت اسامہؓ نے نبیﷺ سے روایت کی کہ آپؐ انہیں اور حضرت حسنؓ کو لیتے اور فرماتے: اے اللہ! میں ان دونوں سے محبت رکھتا ہوں اس لئے تو بھی ان سے محبت رکھ یا کچھ اسی طرح فرماتے۔
صحیح بخاری 3748
محمد بن حسین بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حسین بن محمد نے مجھے بتایا کہ جریر نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ عبید اللہ بن زیاد کے پاس حضرت حسین بن علی (رضی اللہ عنہما) کا سر لایا گیا جو ایک طشت میں رکھا گیا تو وہ چھڑی سے ان کے منہ پر ٹھکرانے لگا اور ان کی خوبصورتی کے متعلق کچھ کہا۔ حضرت انسؓ نے کہا: وہ سب لوگوں میں رسول اللہ ﷺ سے بہت مشابہت رکھتے تھے اور ان کے بالوں میں وسمے کا خضاب لگا تھا۔
صحیح بخاری 3749
حجاج بن منہال نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عدی نے مجھے خبر دی، کہا: میں نے حضرت براء رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے نبی ﷺ کو دیکھا اور حضرت حسن بن علیؓ آپؐ کے کندھے پر تھے۔ آپؐ فرماتے تھے: اے اللہ! میں اس سے محبت رکھتا ہوں تو بھی اس سے محبت رکھ۔
صحیح بخاری 3750
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ کہا کہ عمر بن سعید بن ابی حسین نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن ابی ملیکہ سے، ابن ابی ملیکہ نے عقبہ بن حارث سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت ابوبکرؓ کو دیکھا: انہوں نے حضرت حسنؓ کو اُٹھایا اور وہ یہ کہہ رہے تھے: میرا باپ تجھ پر قربان۔ یہ تو نبیؐ کی شکل و شباہت ہے، علیؓ کی شکل و شباہت نہیں اور حضرت علیؓ ہنس رہے تھے۔
صحیح بخاری 3751
یحيٰ بن معین اور صدقہ (بن فضل) نے مجھ سے بیان کیا۔ ان دونوں نے کہا: محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے شعبہ سے، شعبہ نے واقد (بن محمد) سے، واقد نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ وہ کہتے تھے: حضرت ابوبکرؓ نے کہا: محمد ﷺ کو مد نظر رکھتے ہوئے آپؐ کے اہل بیت کا خیال رکھو۔
صحیح بخاری 3752
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر سے، معمر نے زہری سے، زہری نے حضرت انسؓ سے روایت کی۔ اور عبدالرزاق نے یوں کہا کہ معمر نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ حضرت انسؓ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے کہا: حضرت حسن بن علیؓ سے بڑھ کر اور کوئی نبی ﷺ سے مشابہ نہ تھا۔
صحیح بخاری 3753
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے محمد بن ابی یعقوب سے روایت کی کہ میں نے (عبدالرحمٰن) بن ابی نعم سے سنا۔ (انہوں نے کہا:) میں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے سنا اور کسی نے ان سے محرم کے متعلق پوچھا۔ شعبہ کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ یہ پوچھا تھا کہ اگر محرم کوئی بِھڑ مار ڈالے؟ تو انہوں نے جواب دیا: عراق والے بِھڑوں کے متعلق پوچھتے ہیں حالانکہ انہوں نے رسول اللہ ﷺ کے نواسے کو مروا ڈالا ہے اور نبی ﷺ نے دونوں نواسوں کے متعلق فرمایا تھا کہ وہ دنیا میں میرے دو پھول ہیں۔