کتاب 27: باب مَنَاقِبُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ مَسْعُودٍ رضى الله عنه
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3759
حفص بن عمر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ سلیمان سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے ابو وائل سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے مسروق سے سنا۔ انہوں نے کہا: حضرت عبداللہ بن عمروؓ (بن عاص) کہتے تھے کہ رسول اللہ ﷺ نہ تو درشت زبان تھے اور نہ تکلف سے درشتی کا اظہار کرنے والے تھے۔ اور آپؐ نے فرمایا: تم میں سے وہ مجھے زیادہ پیارے ہیں جو اخلاق میں نہایت اچھے ہیں۔
صحیح بخاری 3760
اور آپؐ نے فرمایا: چار شخصوں سے قرآن سیکھو - عبداللہ بن مسعودؓ اور سالم مولیٰ ابوحذیفہؓ سے اور اُبیّ بن کعبؓ اور معاذ بن جبلؓ سے۔
صحیح بخاری 3761
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے ابوعوانہ سے، ابوعوانہ نے مغیرہ سے، مغیرہ نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے علقمہ سے روایت کی کہ میں شام گیا اور میں نے دو رکعتیں پڑھیں۔ میں نے کہا: اے اللہ! میرے لئے کوئی اچھا ہم نشین میسر کر۔ پھر میں نے ایک بزرگ کو سامنے سے آتے ہوئے دیکھا۔ جب وہ قریب آئے تو میں نے دل میں کہا کہ میں امید کرتا ہوں کہ اللہ نے میری دعا قبول فرمائی ہے۔ انہوں نے پوچھا: تم کہاں سے ہو؟ میں نے کہا: اہل کوفہ سے۔ انہوں نے کہا: کیا تم میں وہ شخص نہیں تھا جو جوتی اور تکیہ اور آنحضرت ﷺ کا وضو کا برتن اپنے پاس رکھتا تھا؟ کیا وہ شخص تم میں نہ تھا جسے اللہ نے شیطان سے پناہ دی؟ کیا تم میں وہ رازدار نہیں جس راز کو اس کے سوا کوئی نہیں جانتا؟ امّ عبد کے بیٹے (حضرت عبداللہ بن مسعودؓ) سورۃ وَالَّیْلِ کس طرح پڑھتے تھے؟ میں نے پڑھا: وَالَّيْلِ اِذَا يَغْشَى۰۰ وَالنَّهَارِ اِذَا تَجَلّٰى۰۰ وَالذَّكَرِ وَالْأُنْثَى۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے مجھے بھی منہ در منہ یہی پڑھایا تھا۔ یہ لوگ میرے پیچھے پڑے رہے یہاں تک کہ قریب تھا کہ مجھے اس قراءت سے ہٹا دیتے۔
صحیح بخاری 3762
سلیمان بن حرب نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے عبدالرحمٰن بن یزید سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: ہم نے حضرت حذیفہؓ سے ایسے شخص کے متعلق پوچھا جو خصلت اور روش میں نبی ﷺ کے قریب قریب ہو تاکہ ہم اس سے دین کا علم حاصل کریں تو انہوں نے کہا: خصلت اور اطوار اور وضع و قطع میں امّ عبد کے بیٹے سے زیادہ میں کسی کو بھی نبی ﷺ کے قریب نہیں پاتا۔
صحیح بخاری 3763
محمد بن علاء نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن یوسف بن ابی اسحاق نے ہمیں بتایا کہ انہوں نے کہا: میرے باپ نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواسحاق سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: اسود بن یزید نے مجھ سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت ابوموسیٰ اشعری رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں اور میرا بھائی یمن سے واپس آئے اور ہم ایک مدت تک اسی خیال میں رہے کہ حضرت عبداللہ بن مسعود ؓ بھی نبی ﷺ کے اہل بیت میں سے ہیں کیونکہ ہم ان کو اور ان کی والدہ کو نبی ﷺ کے پاس آتے جاتے دیکھا کرتے تھے۔