کتاب 28: باب ذِكْرُ مُعَاوِيَةَ رضى الله عنه
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3764
حسن بن بشر نے ہم سے بیان کیا کہ معافٰی (بن عمران ازدی) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عثمان بن اسود سے، عثمان نے ابن ابی ملیکہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت معاویہؓ نے عشاء کے بعد ایک رکعت وتر پڑھی اور ان کے پاس حضرت ابن عباسؓ کے غلام تھے۔ وہ حضرت ابن عباسؓ کے پاس آئے تو حضرت ابن عباسؓ نے کہا: انہیں رہنے دو کیونکہ وہ رسول اللہ ﷺ کی صحبت میں رہے ہیں۔
صحیح بخاری 3765
(سعید) بن ابی مریم نے ہم سے بیان کیا کہ نافع بن عمر نے ہمیں بتایا کہ ابن ابی ملیکہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباسؓ سے کہا گیا: کیا امیر المؤمنین حضرت معاویہؓ کے متعلق آپ کو کچھ اعتراض ہے کیونکہ وہ ایک رکعت وتر پڑھتے رہے ہیں؟ انہوں نے کہا: وہ تو خود فقیہہ ہیں۔
صحیح بخاری 3766
عمرو بن عباس نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن جعفر نے ہمیں بتایا۔ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ابو تیاح سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حمران بن ابان سے سنا۔ انہوں نے حضرت معاویہ رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: تم لوگ یہ نماز پڑھتے ہو۔ ہم نبی ﷺ کے ساتھ رہ چکے ہیں۔ ہم نے آپؐ کو یہ دو رکعتیں پڑھتے نہیں دیکھا بلکہ آپؐ نے ان کے پڑھنے سے منع فرمایا یعنی عصر کے بعد کی دو رکعتیں۔