کتاب 63: كتاب مناقب الأنصار
صحیح بخاری, حصہ 8
صحیح بخاری 3916
محمد بن صباح نے مجھ سے خود یا کسی اور نے ان سے نقل کرکے بیان کیا کہ اسماعیل (بن علیہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عاصم (بن احول) سے، عاصم نے ابوعثمان (نہدی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت (عبداللہ) بن عمر رضی اللہ عنہما سے سنا۔ جب ان سے یہ کہا جاتا کہ انہوں نے اپنے باپ سے پہلے ہجرت کی تو وہ ناراض ہوتے۔ وہ کہتے تھے: میں اور حضرت عمرؓ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ ہم نے آپؐ کو قیلولہ میں پایا۔ ہم گھر لوٹ آئے۔ پھر حضرت عمرؓ نے مجھے بھیجا اور کہا: جاؤ دیکھو آیا آپؐ جاگے ہیں؟ میں آپؐ کے پاس آیا۔ اندر گیا اور آپؐ سے بیعت کی۔ پھر اس کے بعد حضرت عمرؓ کے پاس چلا گیا اور انہیں بتایا کہ آپؐ جاگے ہیں۔ ہم آپؐ کی طرف جلدی جلدی چلے اور پہنچ کر حضرت عمرؓ آپؐ کے پاس اندر گئے اور آپؐ کی بیعت کی۔ اس کے بعد پھر میں نے آپؐ کی بیعت کی۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3917
احمد بن عثمان نے ہمیں بتایا کہ شریح بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہیم بن یوسف نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق (سبیعی) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براءؓ (بن عازب) سے سنا۔ وہ بیان کرتے تھے۔ کہتے تھے کہ حضرت ابوبکرؓ نے عازبؓ سے ایک کجاوہ خریدا۔ میں ان کے ساتھ اس کو اُٹھا کر لے چلا۔ براءؓ کہتے تھے: عازبؓ نے ان سے رسول اللہ ﷺ کی ہجرت کے متعلق پوچھا۔ حضرت ابوبکرؓ نے کہا: ہمارے راستوں پر چاروں طرف پہرے لگ گئے تھے۔ اس لئے ہم رات کو نکلے اور ہم رات بھر اور دن کو بھی تیز چلتے رہے۔ یہاں تک کہ ٹھیک دوپہر کا وقت ہوگیا۔ پھر دور سے ہمیں ایک چٹان دکھائی دی۔ ہم وہاں پہنچے اور اس کا کچھ سایہ تھا۔ حضرت ابوبکرؓ کہتے تھے: میں نے رسول اللہ ﷺ کیلئے ایک لبادہ بچھا دیا جو میرے ساتھ تھا۔ نبی ﷺ اس پر لیٹ گئے۔ میں نے آپؐ کے آس پاس جو کوڑا کرکٹ تھا اس کو جھاڑو دیا۔ اتنے میں کیا دیکھتا ہوں کہ ایک چرواہا ہے جو چند بکریاں لئے سامنے سے آ گیا۔ وہ اس چٹان کے سایہ میں ویسے ہی آرام کرنا چاہتا تھا جیسا کہ ہم نے چاہا۔ میں نے اس سے پوچھا: لڑکے تم کس کے ہو؟ اس نے کہا: فلاں کا۔ میں نے اس سے کہا: کیا تمہاری بکریوں میں کچھ دودھ ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ پھر میں نے کہا: کیا تو دُوہ سکتا ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ پھر اس نے ایک بکری لی اور میں نے اسے کہا: تھنوں کو جھاڑ کر صاف کر لے۔ حضرت ابوبکرؓ کہتے تھے: اس نے ایک پیالہ بھر دودھ دوہا اور میرے ساتھ پانی کی ایک چھاگل تھی جس پر ایک کپڑے کا ٹکڑا بندھا ہوا تھا۔ میں نے رسول اللہ ﷺ کیلئے وہ سنبھال کر رکھا تھا۔ میں نے دودھ پر اتنا پانی ڈالا کہ نیچے تک ٹھنڈا ہو گیا۔ پھر میں نبی ﷺ کے پاس اسے لے آیا اور میں نے کہا: یا رسول اللہ! پئیں۔ رسول اللہ ﷺ نے اتنا پیا کہ میں خوش ہوگیا۔ اس کے بعد ہم نے کوچ کیا اور ہمیں ڈھونڈنے والے ہمارے پیچھے لگے ہوئے تھے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3918
حضرت براءؓ (بن عازب) کہتے تھے: میں حضرت ابوبکرؓ کے ساتھ ان کے گھر والوں کے پاس اندر چلا گیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ ان کی بیٹی حضرت عائشہؓ لیٹی ہوئی ہیں۔ انہیں بخار ہوگیا تھا۔ میں نے ان کے باپ کو دیکھا کہ انہوں نے ان کے رخسار پر بوسہ دیا اور پوچھا: میری بیٹی تم کیسی ہو؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3919
سلیمان بن عبدالرحمٰن نے ہم سے بیان کیا کہ محمد بن حمیر نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم بن ابی عبلہ نے ہم سے بیان کیا کہ عقبہ بن وساج نے نبی ﷺ کے خادم حضرت انسؓ سے روایت کرتے ہوئے انہیں بتایا۔ کہا: نبی ﷺ مدینہ آئے اور اس وقت آپؐ کے صحابہؓ میں سے کسی کے بال سفید نہ تھے سوائے حضرت ابوبکرؓ کے۔ اور انہوں نے بھی بالوں کو مہندی اور وسمہ کا خضاب لگانا شروع کر دیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3920
اور دحیم (عبدالرحمٰن بن ابراہیم دمشقی) نے کہا: ولید نے ہم سے بیان کیا کہ اوزاعی نے ہمیں بتایا۔ (انہوں نے کہا:) ابوعبید نے عقبہ بن وساج سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا، کہا: نبی صلی اللہ علیہ و سلم مدینہ آئے تو آپؐ کے صحابہؓ میں سب سے بڑی عمر کے حضرت ابوبکرؓ تھے اور انہوں نے بالوں کو مہندی اور وسمہ سے اتنا خضاب لگایا کہ بالوں کا رنگ سیاہ ہو گیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3921
اصبغ (بن فرح) نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عروہ بن زبیر سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ نے کلب قبیلہ کی ایک عورت سے شادی کی جسے امّ بکر کہا کرتے تھے۔ جب حضرت ابوبکرؓ نے ہجرت کی تو اسے طلاق دیدی۔ پھر اس عورت کے چچیرے بھائی (ابوبکر شداد بن اسود) نے اس سے شادی کر لی۔ یہ وہ شاعر ہے جس نے کفار قریش کا مرثیہ لکھا۔ (اس کا ترجمہ یہ ہے:) بدر کے پرانے کنویں میں کیسی عظیم ہستیاں مری پڑی ہیں یہ وہ لوگ تھے جن کے لکڑی کے بڑے بڑے پیالوں کو اونٹ کے کوہان کے گوشت سے زینت دی جاتی تھی ہاں ہاں بدر کے کنویں میں وہ لوگ قتل ہو کر گرے ہوئے ہیں جو گانے والیوں کے گانے سننے کے شیدائی اور شراب کو بکثرت پینے والے تھے۔ امّ بکر مجھے سلامتی کی دعا دے رہی ہے اور کیا میری قوم کے بعد میرے لئے کوئی سلامتی ہو سکتی ہے؟ یہ رسول ہمیں بتاتا ہے کہ ہم عنقریب موت کے بعد زندہ ہو جائیں گے، بھلا قبروں کے الو بھی زندہ ہو سکتے ہیں؟
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3922
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ہمام نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ثابت (بنانی) سے، ثابت نے حضرت انسؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت ابوبکر رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ کہتے تھے: میں نبی ﷺ کے ساتھ غار میں تھا۔ میں نے سر جو اٹھایا تو کیا دیکھتا ہوں کہ لوگوں کے پاؤں ہیں۔ میں نے کہا: یا نبی اللہ! اگر ان میں سے کسی نے اپنی نگاہ نیچے کی تو ہمیں دیکھ لے گا۔ آپؐ نے فرمایا: ابوبکرؓ خاموش رہیں۔ ہم دو ایسے آدمی ہیں کہ جن کے ساتھ تیسرا اللہ ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3923
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ ولید بن مسلم (دمشقی) نے ہمیں بتایا۔ اوزاعی نے ہم سے بیان کیا۔ نیز محمد بن یوسف نے کہا: اوزاعی نے ہم سے بیان کیا کہ زہری نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: عطاء بن یزید لیثی نے مجھ سے بیان کیا، کہا: حضرت ابوسعید (خدری) رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: ایک اعرابی نبی ﷺ کے پاس آیا اور اس نے آپؐ سے ہجرت کے متعلق پوچھا۔ تو آپؐ نے فرمایا: ارے ہجرت تو بہت مشکل کام ہے۔ کیا تمہارے اونٹ ہیں؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا تم ان کی زکوٰة دیتے ہو؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا جس دن وہ پانی پلائے جاتے ہیں۔ اس دن دودھ دوہ کر کسی کو دیتے ہو؟ اس نے کہا: ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: ان سمندروں کے پار رہ کر بھی نیک اعمال کرتے رہو اللہ تمہارے عمل کا ثواب کچھ بھی کم نہیں کرے گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3924
ابوالولید نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا، کہا: ابواسحاق نے ہمیں خبر دی کہ انہوں نے حضرت براء (بن عازب) رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: پہلے جو ہمارے پاس آئے وہ مُصعب بن عمیر اور ابن امّ مکتوم تھے۔ پھر اس کے بعد عمار بن یاسر اور بلال رضی اللہ عنہم ہمارے پاس آئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3925
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: پہلے جو ہمارے پاس آئے وہ مصعب بن عمیرؓ اور ابن امّ مکتومؓ تھے۔ جو لوگوں کو قرآن پڑھایا کرتے تھے۔ پھر بلالؓ اور سعدؓ (بن ابی وقاص) اور عمار بن یاسرؓ۔ پھر اس کے بعد حضرت عمر بن خطابؓ نبی ﷺ کے بیس صحابہ سمیت آئے۔ اس کے بعد نبی ﷺ تشریف لائے۔ میں نے نہیں دیکھا کہ اہل مدینہ کسی بات پر اتنا خوش ہوئے ہوں جتنا رسول اللہ ﷺ کے آنے پر خوش ہوئے۔ یہاں تک کہ لونڈیاں بھی کہنے لگیں کہ رسول اللہ ﷺ آگئے۔ حضرت براءؓ کہتے تھے: آنحضرت ﷺ ابھی مدینہ میں تشریف نہیں لائے تھے کہ میں سورة الاعلیٰ اور بعض مفصل سورتیں پڑھ چکا تھا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3926
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے ہمیں بتایا کہ مالک نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے عروہ سے، عروہ نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں تشریف لائے تو حضرت ابوبکرؓ اور حضرت بلالؓ کو بخار ہوگیا۔ کہتی تھیں: میں ان دونوں کے پاس گئی اور پوچھا: ابا! آپ اپنے تئیں کیسا پاتے ہیں اور بلالؓ تم اپنے آپ کو کیسا پاتے ہو؟ کہتی تھیں: جب حضرت ابوبکرؓ کو بخار چڑھتا تو وہ یہ شعر پڑھتے: ہر آدمی جب اپنے کنبے میں صبح کو اُٹھتا ہے سلامتی کی دعائیں دی جاتی ہیں اور حالت یہ ہوتی ہے کہ موت اس کی جوتی کے تسمہ سے زیادہ قریب ہوتی ہے۔ اور بلال جب ان سے بخار اتر جاتا تو وہ چلاکر روتے اور یہ شعر پڑھتے: اے کاش کہ مجھے پتہ ہو آیا میں وادیٴ مکہ میں ایک رات پھر بھی گزاروں گا اور میرے آس پاس اذخر اور جلیل گھاس ہوں گے۔ اور آیا کسی دن میں مجنہ کے پانیوں پر پہنچوں گا اور کیا شامہ اور طفیل پہاڑ مجھے دکھائی دیں گے۔ حضرت عائشہؓ کہتی تھیں: میں رسول اللہ ﷺ کے پاس آئی اور ان کا یہ خیال آپؐ سے بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اے اللہ! مدینہ بھی ہمیں ایسا ہی پیارا بنا جیسا کہ مکہ سے ہمیں محبت ہے بلکہ اس سے بڑھ کر؛ اور اس کو صحت بخش جگہ بنا اور ہمارے لئے اس کے صاع اور مد میں برکت دے اور اس کے بخار کو یہاں سے لے جاکر جحفہ میں اسے ڈال دے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3927
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا۔ ہشام نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) عروہ (بن زبیر) نے مجھ سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن عدی نے ان کو بتایا۔ (کہا:) حضرت عثمانؓ کے پاس میں گیا … اور بشر بن شعیب نے کہا کہ میرے باپ نے مجھے بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر نے مجھ سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن عدی بن خیار نے انہیں بتایا۔ کہتے تھے کہ حضرت عثمانؓ کے پاس میں گیا۔ انہوں نے کلمہ شہادت پڑھا۔ پھر کہا: دیکھو اللہ نے محمد ﷺ کو حق کے ساتھ بھیجا اور میں ان لوگوں میں سے تھا جنہوں نے اللہ اور اس کے رسول کا ارشاد مانا اور میں اس دین پر ایمان لایا جس کے ساتھ محمد ﷺ بھیجے گئے۔ پھر میں نے دو ہجرتیں کیں اور رسول اللہ ﷺ کی دامادی کی عزت پائی اور آپؐ کی بیعت کی۔ اللہ کی قسم! میں نے آپؐ کی نافرمانی نہیں کی اور نہ ہی آپؐ سے کوئی خیانت کی۔ یہاں تک کہ آپؐ کو اللہ نے وفات دی۔ شعیب کی طرح یہ حدیث اسحاق (بن یحيٰ) کلبی نے بھی بیان کی۔ کہا کہ زہری نے مجھ سے اسی طرح بیان کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3928
یحيٰ بن سلیمان نے ہم سے بیان کیا کہ (عبداللہ) بن وہب نے مجھے بتایا۔ مالک نے ہم سے کہا: نیز یونس نے مجھے بتایا۔ انہوں نے ابن شہاب سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ نے مجھے خبر دی کہ حضرت ابن عباسؓ نے انہیں بتایا۔ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ اپنے گھر والوں کے پاس لوٹ گئے اس وقت وہ منیٰ میں تھے۔ جبکہ حضرت عمرؓ نے آخری حج کیا۔ انہوں نے مجھے دیکھا اور کہا: عبدالرحمٰنؓ! میں نے کہا: امیر المومنین! حج کا موسم ہے۔ عامی اور شور مچانے والے لوگ بھی اکٹھے ہوتے ہیں اور میں سمجھتا ہوں کہ آپ مدینہ پہنچنے تک انہیں مہلت دیں کیونکہ وہ دار الہجرت، سنت اور سلامتی کی جگہ ہے اور آپ وہاں صرف سمجھ دار شریف اور اہل الرائے لوگوں سے جا کر ملیں گے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اچھا پہلی بار مدینہ میں خطبے کے لئے کھڑا ہونے کا جو موقع مجھے ملا، میں اس میں لوگوں کو اچھی طرح نصیحت کروں گا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3929
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ ابراہیم بن سعد نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے ہمیں بتایا۔ خارجہ بن زید بن ثابت سے روایت ہے کہ حضرت امّ العلاءؓ جو انصار کی عورتوں میں سے ایک خاتون تھی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے بیعت کی تھی۔ انہوں نے ان کو بتایا کہ حضرت عثمان بن مظعونؓ رہائش کیلئے ان کے حصہ میں آئے جبکہ انصار نے مہاجروں کی رہائش کیلئے قرعے ڈالے تھے۔ حضرت امّ العلاءؓ کہتی تھیں کہ حضرت عثمانؓ ہمارے پاس بیمار ہوگئے۔ میں ان کی تیمار داری کرتی رہی مگر فوت ہوگئے اور ہم نے ان کو ان کے کپڑوں ہی میں کفنایا۔ نبی ﷺ ہمارے پاس آئے۔ میں نے کہا: ابوسائبؓ ! تم پر اللہ کی رحمت ہو۔ تمہارے متعلق میری شہادت یہی ہے کہ اللہ نے ضرور تمہیں نوازا ہے۔ نبی ﷺ نے فرمایا: تمہیں کیا پتہ اللہ نے اسے نوازا ہے؟ کہتی تھی: میں نے کہا: میرے ماں باپ آپؐ کے قربان میں نہیں جانتی کہ پھر اور کس کو نوازے گا۔ آپؐ نے فرمایا: ان کے متعلق کیا کہنا بخدا یہ تو فوت ہوگئے اور ان کے لئے بھلائی ہی کی امید رکھتا ہوں اور اللہ کی قسم! میں بھی نہیں جانتا حالانکہ میں اللہ کا رسول ہوں کہ مجھ سے کیا کیا جائے گا۔ کہتی تھیں: اس کے بعد اب میں کسی کو بھی پاک نہیں ٹھہراتی۔ کہتی تھیں: اس بات نے مجھے غمگین کردیا اور میں سو گئی اور مجھے خواب میں حضرت عثمانؓ کا ایک چشمہ دکھایا گیا جو بہہ رہا تھا۔ میں رسول ﷺ کے پاس آئی اور آپؐ سے یہ خواب بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: یہ ان کا عمل ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3930
عبیداللہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ عروہ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی: بعاث کی جنگ بھی ایسی جنگ تھی جسے اللہ عزوجل نے اپنے رسول ﷺ کی خاطر بطور پیش خیمہ بنایا تھا۔ رسول اللہ ﷺ مدینہ میں تشریف لائے اور حالت یہ تھی کہ مدینہ والوں کی جمیعت بکھر چکی تھی اور ان کے بڑے بڑے سردار مارے گئے تھے جس کی وجہ سے وہ اسلام میں داخل ہوگئے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3931
محمد بن مثنیٰ نے مجھے بتایا۔ غندر نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام سے، ہشام نے اپنے باپ (عروہ) سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت ابوبکرؓ عید الفطر یا عید الاضحیٰ کے دن ان کے پاس آئے جبکہ نبی ﷺ بھی ان کے پاس تھے اور اس وقت ان کے پاس دو گانے والیاں اُن شعروں کو گارہی تھیں جو انصار نے بعاث کی جنگ میں ایک دوسرے کی ہجو میں کہے تھے۔ حضرت ابوبکرؓ نے سن کر دو دفعہ کہا: شیطان کی بنسریاں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: رہنے دو۔ ہر ایک قوم کی عید ہوتی ہے اور یہ دن ہماری عید کا ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3932
مسدد نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالوارث نے ہمیں بتایا۔ نیز اسحاق بن منصور نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالصمد نے ہمیں بتایا۔ کہا: میں نے اپنے باپ (عبدالوارث) سے سنا۔ وہ بیان کرتے تھے کہ ابوتیاح یزید بن حمید ضبعی نے ہمیں بتایا۔ کہا: حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ نے مجھ سے بیان کیا۔ کہتے تھے: جب رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے آپؐ مدینہ کی بلند جانب ایک قبیلہ کے محلہ میں اُترے جنہیں بنو عمرو بن عوف کہتے تھے۔ انہوں نے کہا: آپؐ ان لوگوں میں چودہ راتیں رہے۔ پھر آپؐ نے بنو نجار کے بڑے بڑے لوگوں کو بلا بھیجا۔ کہتے تھے: وہ اپنی تلواروں کو حمائل کئے ہوئے آئے۔ کہتے تھے: گویا مَیں اس وقت بھی رسول اللہ ﷺ کو اپنی اونٹنی پر سوار دیکھ رہا ہوں اور حضرت ابوبکرؓ آپؐ کے پیچھے سوار ہیں اور بنی نجار کے لوگ آپؐ کے اردگرد ہیں۔ آپؐ نے آکر حضرت ابوایوبؓ کے صحن میں ڈیرا ڈالا۔ کہتے تھے: جہاں بھی آپؐ کو نماز کا وقت آجاتا، آپؐ نماز ادا کرتے اور بکریوں کے باڑوں میں بھی نماز پڑھ لیا کرتے تھے۔ کہتے تھے: اس کے بعد آپؐ نے مسجد بنانے کا ارشاد فرمایا۔ آپؐ نے بنی نجار کے بڑے بڑے لوگوں کو بلا بھیجا۔ وہ آئے۔ آپؐ نے فرمایا: بنی نجار! اپنے اس باغ کی قیمت مجھ سے ٹھہراؤ۔ انہوں نے کہا: بخدا نہیں۔ ہم اس کی قیمت صرف اللہ ہی سے مانگیں گے۔ حضرت انسؓ کہتے تھے: اس باغ میں یہ کچھ چیزیں تھیں جو میں تمہیں بتاتا ہوں: اس میں مشرکوں کی قبریں تھیں اور اس میں کچھ کھنڈرات تھے اور اس میں کچھ کھجوروں کے درخت تھے۔ رسول اللہ ﷺ نے مشرکوں کی قبروں کی نسبت حکم دیا جو اکھیڑ ڈالی گئیں اور کھنڈرات کے متعلق فرمایا اور وہ برابر کر دیئے گئے اور کھجوروں کے متعلق فرمایا جو کاٹ دی گئیں۔ آپؐ نے فرمایا: ان کھجوروں کو مسجد کے سامنے ایک قطار میں رکھ دو۔ کہتے تھے: اور انہوں نے بجائے دروازوں کے تختوں کے پتھر رکھے۔ کہتے تھے: وہ پتھر ڈھوتے تھے اور یہ رجزیہ شعر پڑھتے تھے اور رسول اللہ ﷺ بھی ان کے ساتھ پڑھتے۔ کہتے تھے: اے اللہ! حقیقت یہ ہے کہ آخرت کی بھلائی کے سوا کوئی بھلائی نہیں۔ تو انصار اور مہاجرین کی مدد فرما۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3933
ابراہیم بن حمزہ نے مجھ سے بیان کیا کہ حاتم (بن اسماعیل) نے عبدالرحمٰن بن حمید زہری سے ہمیں بتایا۔ انہوں نے کہا: میں نے عمر بن عبدالعزیز سے سنا کہ وہ سائب بن اخت نمر (کندی) سے پوچھ رہے تھے: مکہ میں ٹھہرنے کے متعلق تم نے کیا سنا ہے؟ انہوں نے کہا: میں نے حضرت علاء بن حضرمیؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: منیٰ سے لوٹنے کے بعد مہاجر کو تین دن تک ٹھہرنے کی اجازت ہے۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3934
عبداللہ بن مسلمہ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز (بن ابوحازم) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت سہل بن سعدؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: صحابہ نے نبی ﷺ کی بعثت سے تاریخ کا شمار نہیں کیا اور نہ آپؐ کی وفات سے۔ بلکہ آپؐ کے مدینہ میں آنے سے ہی انہوں نے تاریخ کا شمار شروع کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah
صحیح بخاری 3935
مسدد نے ہمیں بتایا کہ یزید بن زُریع نے ہم سے بیان کیا کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ (بن زبیر) سے، عروہ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: نماز دو رکعتیں فرض کی گئی تھی۔ اس کے بعد نبی ﷺ نے ہجرت کی اور چار رکعتیں فرض کی گئیں اور سفر کی نماز پہلی تعداد پر ہی رہنے دی گئی۔ یزید بن زُریع کی طرح اس بات کو عبدالرزاق نے بھی معمر سے روایت کیا۔
Urdu translation: Hazrat Syed Zain-ul-Abidin Waliullah Shah