کتاب 6: باب أَتْبَاعُ الأَنْصَارِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3787
محمد بن بشار نے ہمیں بتایا کہ غندر نے ہم سے بیان کیا۔ شعبہ نے ہمیں بتایا کہ عمرو (بن مرہ) سے روایت ہے (انہوں نے کہا:) میں نے ابو حمزہ سے سنا۔ وہ حضرت زید بن ارقمؓ سے روایت کرتے تھے کہ انصار نے کہا: یا رسول اللہ! ہر نبی کے پیرو ہوتے ہیں اور ہم نے چونکہ آپؐ کی پیروی کی ہے۔ اس لئے آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ وہ ہمارے پیروؤں کو بھی ہم میں سے بنا دے۔ چنانچہ آپؐ نے اس کے متعلق دعا کی۔ (عمرو بن مرہ کہتے ہیں:) میں نے یہ حدیث (عبدالرحمٰن) بن ابی لیلیٰ سے بیان کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زیدؓ یہی کہتے تھے۔
صحیح بخاری 3788
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن مرہ نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میں نے ابو حمزہ سے سنا جو ایک انصاری شخص تھے۔ (وہ کہتے تھے:) انصار نے (نبی ﷺ سے) کہا: ہر ایک قوم کے اہالی موالی ہوتے ہیں اور ہم چونکہ آپؐ کے پیرو ہیں۔ آپؐ اللہ سے دعا کریں کہ ہمارے اہالی موالی بھی ہم میں سے ہی بنا دے۔ نبی ﷺ نے دعا کی: اے اللہ ! ان کے اہالی و موالی کو بھی انہی میں سے کر دے۔ عمرو نے کہا: میں نے یہ حدیث عبدالرحمٰن بن ابی لیلیٰ سے بیان کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زیدؓ یہی کہتے تھے۔ شعبہ نے کہا: میں سمجھتا ہوں کہ یہ حضرت زید بن ارقمؓ ہیں۔