کتاب 7: باب فَضْلُ دُورِ الأَنْصَارِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3789
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا۔ (کہتے تھے:) شعبہ نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ وہ حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ حضرت ابواسید رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے تھے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے فرمایا: انصار کے گھرانوں میں سے بنونجار کا گھرانہ سب سے بہتر ہے۔ پھر اس کے بعد بنو عبدالاشہل پھر بنوحارث بن خزرج پھر بنوساعدہ۔ اور انصار کے سارے گھرانوں میں ہی بھلائی ہے۔ حضرت سعدؓ (بن عبادہ) کہتے تھے: میں سمجھتا ہوں کہ نبی ﷺ نے ہم سے ان کو افضل قرار دیا۔ ان سے کہا گیا: آنحضرت ﷺ نے آپؐ کو بھی تو بہتوں سے افضل قرار دیا ہے۔ اور عبدالصمد نے کہا: شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ قتادہ نے ہمیں بتایا کہ میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ (انہوں نے کہا) کہ حضرت ابواسیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کرتے ہوئے یہی بتایا اور کہا: اس روایت میں حضرت سعدؓ کے باپ کا نام عبادہ مذکور ہے۔
صحیح بخاری 3790
سعد بن حفص طلحی نے ہم سے بیان کیا کہ شیبان نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ سے روایت ہے کہ ابوسلمہ نے کہا: حضرت ابواسیدؓ نے مجھے خبر دی۔ انہوں نے نبی ﷺ سے سنا۔ آپؐ فرماتے تھے: انصار میں سے بہتر یا فرمایا: انصار کے گھرانوں میں سے بہتر (گھرانے) بنو نجار اور بنو عبدالاشہل اور بنو حارث اور بنو ساعدہ ہیں۔
صحیح بخاری 3791
خالد بن مخلد نے ہم سے بیان کیا کہ سلیمان نے ہمیں بتایا، کہا: عمرو بن یحيٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عباس بن سہل سے، عباس نے حضرت ابوحمید (ساعدیؓ) سے، حضرت ابوحمیدؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: انصار کے گھرانوں میں سے بہتر گھرانہ بنو نجار کا ہے، پھر عبد الاشہل کا، پھر بنو حارث کا گھرانہ، پھر بنو ساعدہ کا۔ اور انصار کے تمام گھرانوں میں بھلائی ہے۔ پھر ہم حضرت سعد بن عبادہؓ سے ملے۔ انہوں نے کہا: ابو اسیدؓ! کیا تمہیں معلوم نہیں کہ نبی ﷺ نے انصار کو بہترین قرار دیا ہے اور ہمیں اخیر میں کردیا۔ حضرت سعدؓ نبی ﷺ سے ملے اور انہوں نے کہا: یا رسول اللہ! انصار کے گھرانوں میں سے بہترین گھرانوں کا ذکر کیا گیا اور ہمیں اخیر میں رکھا گیا۔ آپؐ نے فرمایا: کیا یہ تمہیں کافی نہیں کہ تم بھی اچھے لوگوں میں سے ہو۔