کتاب 8: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ لِلأَنْصَارِ: «اصْبِرُوا حَتَّى تَلْقَوْنِي عَلَى الْحَوْضِ»
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3792
محمد بن بشار نے ہم سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ انہوں نے کہا: میں نے قتادہ سے سنا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک سے، انہوں نے حضرت اُسَید بن حضیر رضی اللہ عنہم سے روایت کی کہ انصار میں سے ایک شخص نے کہا: یا رسول اللہ! کیا آپؐ مجھے اپنا کارکن نہیں بنائیں گے جیسے آپؐ نے فلاں کو کارکن بنایا ہے؟ آپؐ نے فرمایا: عنقریب تم میرے بعد خود غرضی کو پاؤ گے یعنی تم پر اوروں کو ترجیح دی جائے گی سو تم صبر کرنا یہاں تک کہ تم مجھ سے حوض کوثر پر ملو۔
صحیح بخاری 3793
محمد بن بشار نے مجھ سے بیان کیا کہ غندر نے ہمیں بتایا کہ شعبہ نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام سے مروی ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے انصار سے فرمایا: عنقریب تم میرے بعد خودغرضی پاؤ گے سو تم صبر کرنا، یہاں تک کہ تم مجھ سے ملو اور تم سے ملنے کا مقام حوض کوثر ہوگا۔
صحیح بخاری 3794
عبداللہ بن محمد نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا کہ یحيٰ بن سعید سے روایت ہے۔ انہوں نے حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے اس وقت سنا جب وہ یحيٰ کے ساتھ ولید سے ملنے کے لئے نکلے تھے۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ نے انصار کو بلایا تا انہیں بحرین کا ملک بطور جاگیر دیں۔ انصار نے کہا: ہم نہیں لیں گے مگر اس وقت کہ آپؐ ہمارے ان مہاجر بھائیوں کو بھی ویسی ہی جاگیر دیں۔ آپؐ نے فرمایا: اگر نہیں لیتے تو پھر مجھ سے ملنے تک تم صبر کرنا کیونکہ تم کو میرے بعد عنقریب خود غرضی کی تکلیف پہنچے گی۔