کتاب 18: باب مَنَاقِبُ أَبِي طَلْحَةَ رضى الله عنه
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3811
ابو معمر نے ہمیں بتایا کہ عبد الوارث نے ہم سے بیان کیا کہ عبد العزیز (بن صہیب) نے ہمیں بتایا۔ حضرت انس رضی اللہ عنہ سے مروی ہے۔ انہوں نے کہا: جب اُحد کی جنگ ہوئی لوگ شکست کھا کر نبی ﷺ سے ہٹنے لگے اور حضرت ابو طلحہؓ نبی ﷺ کے سامنے اپنی ایک چمڑے کی ڈھال سے آپؐ پر آڑ کئے رہے اور حضرت ابو طلحہؓ بڑے تیر انداز اور کمان کو زور سے کھینچنے والے تھے۔ انہوں نے اس دن دو یا تین کمانیں توڑ دیں اور جو کوئی آدمی تیروں کی ترکش لئے ادھر سے گزرتا آپؐ اسے فرماتے: ابو طلحہؓ کے لئے تیر بکھیر جاؤ۔ نبی ﷺ جو لوگوں کو دیکھنے کے لئے سر اٹھا کر جھانکتے تو حضرت ابو طلحہؓ کہتے: اے نبی اللہ! میرے ماں باپ آپؐ کے قربان۔ جھانکیں نہ، مبادا لوگوں کا تیر کہیں آپؐ کو لگ جائے۔ میرا سینہ آپؐ کے سینے کے آڑے ہے۔ اور میں نے حضرت عائشہؓ بنت ابی بکرؓ اور حضرت امّ سلیمؓ کو جو اپنی پنڈلیوں سے کپڑا چڑھائے ہوئے تھیں اور ان کے پاؤں کے زیور دکھائی دیتے تھے دیکھا کہ وہ پانی کی مشکیں اپنی پیٹھوں پر اٹھائے انہیں اچھالتے جلدی جلدی آتیں اور لوگوں کے منہ میں انہیں انڈیلتی جاتی تھیں۔ پھر وہ واپس جاتیں اور ان کو بھرتیں اور پھر آ کر لوگوں کے منہ میں ڈالتیں اور (اس دن) حضرت ابو طلحہؓ کے ہاتھوں سے تلوار دو یا تین دفعہ گر گئی تھی۔