کتاب 22: باب ذِكْرُ حُذَيْفَةَ بْنِ الْيَمَانِ الْعَبْسِيِّ رضى الله عنه
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3824
مجھ سے اسماعیل بن خلیل نے بیان کیا کہ سلمہ بن رجاء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ وہ کہتی تھیں: جب اُحد کی جنگ ہوئی مشرک شکست فاش کھا گئے۔ ابلیس نے پکار کر کہا: اے اللہ کے بندو! تم اپنے پیچھے والوں کی خبر لو۔ چنانچہ جو آگے تھے وہ اپنے پچھلوں پر لوٹ پڑے اور جو پچھلے تھے ان سے لڑنا شروع کر دیا۔ حضرت حذیفہؓ نے جو غور سے دیکھا تو کیا دیکھتے ہیں کہ لوگ ان کے باپ سے لپٹے ہوئے ہیں۔ انہوں نے پکارا: اللہ کے بندو! میرا باپ ہے، میرا باپ ہے۔ کہتی تھیں: اللہ کی قسم! وہ نہ رکے یہاں تک کہ اس کو مار ہی ڈالا۔ حضرت حذیفہؓ نے یہ دیکھ کر کہا: تمہیں اللہ بخشے۔ (ہشام بن عروہ نے کہا:) میرے باپ کہتے تھے: اللہ کی قسم! حذیفہؓ میں اسی کلمہ کی وجہ سے ہمیشہ بھلائی رہی یہاں تک کہ وہ اللہ عزوجل سے جا ملے۔