کتاب 25: باب بُنْيَانُ الْكَعْبَةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3829
محمود (بن غیلان) نے ہمیں بتایا کہ عبدالرزاق نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: ابن جریج نے مجھے خبر دی، کہا: عمرو بن دینار نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: جب کعبہ بنایا گیا تو نبی ﷺ اور حضرت عباسؓ دونوں پتھر ڈھونے لگے۔ حضرت عباسؓ نے نبی ﷺ سے کہا: تم اپنے تہہ بند کو اپنی گردن پر ڈال لو تمہیں پتھروں کی تکلیف سے بچائے گا۔ (آپؐ نے ایسا ہی کیا اور) اسی وقت زمین پر گر پڑے اور آپؐ کی آنکھوں کی ٹکٹکی آسمان کی طرف بندھ گئی۔ پھر جب آپؐ ہوش میں آئے۔ آپؐ نے فرمایا: میرا تہہ بند، میرا تہہ بند۔ چنانچہ آپؐ نے اپنا تہہ بند مضبوطی سے باندھا۔
صحیح بخاری 3830
ابو نعمان (محمد بن فضل) نے ہم سے بیان کیا کہ حماد بن زید نے ہمیں بتایا کہ عمرو بن دینار اور عبیداللہ بن ابی یزید سے روایت ہے۔ ان دونوں نے کہا: نبی ﷺ کے زمانہ میں بیت اللہ کے گرد چار دیواری نہیں ہوتی تھی۔ لوگ بیت اللہ کے ارد گرد نماز پڑھا کرتے تھے۔ یہاں تک کہ حضرت عمرؓ (کی خلافت) کا زمانہ ہوا تو انہوں نے اس کے ارد گرد چار دیواری بنوا دی۔ عبیداللہ نے کہا: بیت اللہ کی دیواریں پست تھیں ان کو حضرت (عبداللہ) بن زبیرؓ نے بنایا۔