کتاب 27: باب الْقَسَامَةُ فِي الْجَاهِلِيَّةِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3845
ابو معمر نے ہم سے بیان کیا کہ ہمیں عبد الوارث نے بتایا۔ قطن ابو الہیثم نے ہم سے بیان کیا کہ ابو یزید مدنی نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: قسامت جو زمانہ جاہلیت میں پہلے پہل ہوئی وہ ہم بنی ہاشم میں ہوئی۔ بنی ہاشم میں سے ایک شخص تھا جس کو ایک قریشی نے جو کہ کسی دوسرے خاندان سے تھا، نوکر رکھا۔ یہ نوکر اس ہاشمی کے ساتھ اس کے اونٹ لے کر چل پڑا۔ بنی ہاشم میں سے ایک شخص اس کے پاس سے گزرا جس کی بوری کا بندھن ٹوٹ گیا تھا۔ اس ہاشمی نے اس نوکر سے کہا: ایک اونٹ کا بندھن دے کر میری مدد کرو تاکہ میں اس سے اپنی بوری کا منہ باندھ لوں۔ یہ اُونٹ کہیں بھاگ نہ جائیں گے۔ چنانچہ اس نے اس کو اُونٹ کا ایک بندھن دے دیا۔ جس سے اس نے اپنی بوری کا منہ باندھا۔ جب انہوں نے ڈیرے لگائے تو سب اونٹ سوائے ایک اونٹ کے باندھے گئے۔ جس شخص نے اس کو نوکر رکھا تھا اس نے پوچھا: اس اونٹ کو کیا ہوا ہے کہ یہ اونٹوں میں سے نہیں باندھا گیا؟ اس نے کہا: اس کا بندھن نہیں ہے۔ اس قریشی نے کہا: پھر اس کا بندھن کہاں ہے؟ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے کہ اس نے اس پر لاٹھی پھینکی جو اس کی موت کا موجب ہوئی۔ اتنے میں اہل یمن میں سے ایک شخص اس کے پاس سے گزرا اور (اس سے) اس نوکر نے پوچھا: کیا تم ہر سال ہی حج کو جایا کرتے ہو؟ اس نے کہا: نہیں۔ لیکن کبھی کبھی جاتا بھی ہوں۔ نوکر نے کہا: اگر تو جائے تو کیا میرا یہ پیغام پہنچا دے گا۔ اس نے کہا: ہاں۔ نوکر نے کہا: جب تو حج میں جائے تو یوں پکاریو۔ اے قریش کے لوگو! جب وہ تمہیں جواب دیں تو یوں پکاریو: اے بنی ہاشم کے لوگو! اگر تمہیں جواب دیں تو ابوطالب کے متعلق ان سے دریافت کرو تو اُن کو تم بتلاؤ کہ فلاں نے مجھے ایک بندھن کی وجہ سے مار ڈالا ہے اور وہ نوکر مر گیا۔ جب وہ شخص جس نے اس کو نوکر رکھا تھا (مکہ) پہنچا۔ ابو طالب اس کے پاس آئے اور انہوں نے پوچھا: ہمارے اس ساتھی کو کیا ہوا؟ اس نے کہا: وہ بیمار ہوگیا تھا۔ میں نے اس کی اچھی طرح خدمت کی (آخر مر گیا) تو میں نے اس کو دفن کردیا ہے۔ ابو طالب نے کہا: وہ تم سے اسی سلوک کا مستحق تھا۔ ابو طالب کچھ مدت ٹھہرے۔ پھر وہ شخص جسے اس نوکر نے پیغام پہنچانے کی وصیت کی تھی وہ حج کے موقع پر آن پہنچا۔ اس نے کہا: اے قریش کے لوگو! لوگوں نے کہا: یہ قریش ہیں۔ اس نے کہا: اے بنی ہاشم کے لوگو! لوگوں نے کہا: یہ بنی ہاشم ہیں۔ اس نے کہا: ابو طالب کہاں ہیں؟ لوگوں نے بتایا۔ ابو طالب یہ ہیں۔ اس نے کہا: فلاں نے مجھ سے کہا تھا کہ میں تم کو یہ پیغام پہنچا دوں کہ فلاں شخص نے اس کو ایک بندھن کے بدلے مار ڈالا ہے۔ یہ سنتے ہی ابو طالب اس شخص کے پاس آئے اور اس سے کہا: ہم سے تین باتوں میں سے ایک بات اختیار کرلو۔ اگر تم چاہو تو ایک سو اُونٹ ادا کردو۔ کیونکہ تم نے ہمارے ساتھی کو مار ڈالا ہے اور اگر تم چاہو تو تمہاری قوم کے پچاس آدمی قسم کھا لیں کہ تم نے اس کو قتل نہیں کیا۔ اگر تم یہ نہ مانو تو ہم اس کے بدلے تم کو قتل کر دیں گے۔ چنانچہ وہ قریشی اپنی قوم کے پاس آیا۔ لوگوں نے کہا: ہم قسم کھائیں گے۔ یہ سن کر بنی ہاشم کی ایک عورت جو اُن قریشیوں میں سے کسی شخص کی بیوی تھی جس کا ایک لڑکا بھی تھا وہ ابو طالب کے پاس آئی اور کہنے لگی: ابو طالب! میں چاہتی ہوں کہ ان پچاس لوگوں میں جن سے ایک شخص کے بدلے قسمیں لی جائیں گی اس میرے بیٹے کی قسم معاف کر دو اور جہاں قسمیں لی جائیں گی وہاں اس کو قسم کھانے کے لئے مجبور نہ کیا جائے۔ چنانچہ ابو طالب نے ایسا ہی کیا۔ پھر ان میں سے ایک اور شخص ابو طالب کے پاس آیا اور کہنے لگا: ابو طالب آپ نے یہ چاہا ہے کہ سو اونٹ کے بدلہ پچاس آدمی قسم کھائیں۔ اس حساب سے ہر ایک شخص کے حصے دو اونٹ آتے ہیں۔ یہ دو اونٹ لو اور مجھ سے یہ قبول کرو اور مجھے قسم کیلئے اس جگہ مجبور نہ کرو جہاں حکماً قسمیں لی جائیں گی۔ ابو طالب نے ان دو اونٹوں کو منظور کر لیا اور اڑتالیس آدمی آئے اور انہوں نے قسمیں کھائیں۔ حضرت ابن عباسؓ کہتے تھے: اسی ذات کی قسم ہے جس کے ہاتھ میں میری جان ہے ابھی ایک سال نہیں گزرا تھا کہ ان اڑتالیس آدمیوں میں سے ایک جھپکنے والی آنکھ بھی باقی رہی ہو۔
صحیح بخاری 3846
عبید بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: بعاث کی جنگ ایسی تھی کہ جس کو اللہ تعالیٰ نے اپنے رسول ﷺ کی خاطر بطور پیش خیمہ بنایا تھا۔ رسول اللہ ﷺ مدینہ میں آئے تو یہ حالت تھی کہ مدینہ والوں کی جمعیت پراگندہ ہو چکی تھی اور ان کے سردار کچھ مارے جا چکے تھے اور کچھ زخمی تھے۔ اللہ تعالیٰ نے اس جنگ کو اپنے رسول ﷺ کے لئے بطور پیش خیمہ بنایا تا کہ وہ اسلام میں داخل ہو جائیں۔
صحیح بخاری 3847
(عبداللہ) بن وہب کہتے تھے کہ عمرو (بن حارث) نے بکیر بن اشج سے روایت کرتے ہوئے بتایا کہ حضرت ابن عباسؓ کے آزاد کردہ غلام کریب نے ان سے بیان کیا کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: وادی کے نشیب میں صفا اور مروہ کے درمیان دوڑنا سنت نہیں ہے بلکہ یہ تو زمانہ جاہلیت کے لوگ دوڑا کرتے تھے اور کہتے تھے کہ ہم دوڑ کر ہی اس میدان کے پار جائیں گے۔
صحیح بخاری 3848
عبداللہ بن محمد جعفی نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان نے ہمیں بتایا۔ مطرف نے ہم کو خبر دی کہ میں نے ابوسفر (سعید بن یحمد) سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا۔ وہ کہتے تھے: اے لوگو! جو بات میں تم سے کہتا ہوں وہ تم مجھ سے سنو اور جو تم کہتے ہو وہ تم مجھے سناؤ اور یہ نہ ہو کہ تم باہر جاکر کہو کہ ابن عباسؓ نے یہ کہا، ابن عباسؓ نے یہ کہا۔ جو بیت اللہ کا طواف کرے، چاہیے کہ وہ حِجر کے پرے سے طواف کرے اور حِجر کو حطیم نہ کہو۔ حطیم اس کو اس لئے کہتے تھے کہ جاہلیت میں کوئی شخص جو قسم کھاتا وہ اپنا کوڑا یا اپنی جوتی یا اپنا کمان وہاں پھینک دیتا تھا۔
صحیح بخاری 3849
نعیم بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ ہشیم نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حصین سے، حصین نے عمرو بن میمون سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے زمانہ جاہلیت میں ایک بندریا کو دیکھا کہ جس پر بہت سے بندر اکٹھے ہیں۔ اس نے زنا کیا تھا۔ ان بندروں نے اس کو سنگسار کیا۔ میں نے بھی اس کو ان بندروں کے ساتھ سنگسار کیا۔
صحیح بخاری 3850
علی بن عبداللہ (مدینی) نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہمیں بتایا۔ عبیداللہ (بن ابی یزید) سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے سنا کہ انہوں نے کہا: جاہلیت کی خصلتوں میں سے یہ خصلت بھی تھی کہ نسب کا طعنہ مارنا اور میت پر نوحہ کرنا اور عبیداللہ تیسری بات کو بھول گئے اور سفیان نے کہا: لو گ کہتے ہیں: تیسری بات ستاروں کے ذریعہ سے بارش طلب کرنا ہے۔