کتاب 32: بَابُ ذِكْرُ الْجِنِّ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3859
عبیداللہ بن سعید نے مجھے بتایا کہ ابواسامہ بن اسامہ نے ہم سے بیان کیا کہ مسعر (بن کدام) نے ہمیں بتایا کہ معن بن عبدالرحمٰن سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنے باپ سے سنا۔ کہتے تھے: میں نے مسروق سے پوچھا کہ نبی ﷺ کو جنوں کے متعلق جس رات کہ انہوں نے قرآن مجید سنا، کس نے اطلاع دی؟ تو انہوں نے کہا کہ تمہارے والد یعنی حضرت عبداللہ (بن مسعودؓ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ایک درخت نے ان کے متعلق اطلاع دی تھی۔
صحیح بخاری 3860
موسیٰ بن اسماعیل نے ہمیں بتایا۔ عمرو بن یحيٰ بن سعید نے ہم سے بیان کیا۔ انہوں نے کہا: میرے دادا (سعید بن عمرو) نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ وہ نبی ﷺ کے ساتھ آپؐ کے وضو اور قضاءِ حاجت کے لئے چھاگل اٹھا کر لے جایا کرتے تھے۔ ایک بار وہ چھاگل اٹھائے ہوئے جا رہے تھے کہ آپؐ نے پوچھا کہ یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: میں ابوہریرہؓ۔ آپؐ نے فرمایا کہ میرے لئے چند پتھر ڈھونڈ لاؤ، جن سے میں استنجا کروں۔ میرے لئے ہڈی نہ لانا اور نہ ہی لید۔ چنانچہ میں آپؐ کے پاس اپنے کپڑے کے کنارے میں چند پتھر اُٹھا لایا اور آپؐ کے پاس رکھ دیئے اور پھر میں ایک طرف ہٹ گیا۔ یہاں تک کہ جب آپؐ فارغ ہوئے تو میں آپؐ کے پاس آیا اور میں نے پوچھا: ہڈی اور لید میں کیا بات ہے؟ (کہ آپؐ نے ان کے لانے سے منع فرمایا ہے) آپؐ نے فرمایا کہ یہ دونوں جنّوں کی خوراک ہیں اور میرے پاس نصیبین کے جنّوں کے نمائندے آئے تھے وہ اچھے جِن تھے۔ انہوں نے مجھ سے زادِ راہ مانگا اور میں نے ان کے لئے اللہ سے یہ دعا کی کہ وہ جس ہڈی یا گوبر کے پاس سے بھی گزریں وہ ضرور اس میں اپنی خوراک پائیں۔