کتاب 42: باب الْمِعْرَاجِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3887
ہدبہ بن خالد نے ہمیں بتایا کہ ہمام بن یحيٰ نے ہم سے بیان کیا۔ قتادہ (بن دعامہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت انس بن مالکؓ سے، حضرت انسؓ نے حضرت مالک بن صعصعہؓ سے روایت کی کہ نبی اللہ ﷺ نے ان سے اس رات کے متعلق بیان کیا جس رات کو آپؐ لے جائے گئے۔ فرماتے تھے: اس اثناء میں کہ میں حطیم میں تھا اور کبھی آپؐ نے فرمایا: حجر میں لیٹا ہوا تھا کہ اتنے میں میرے پاس ایک آنے والا آیا اور اس نے چیر ڈالا۔ قتادہ کہتے ہیں کہ میں نے حضرت انسؓ کو یہ بھی کہتے سنا کہ یہاں سے یہاں تک چیر ڈالا۔ تو میں نے جارود (بن ابی سبرہ) سے کہا اور وہ میرے پاس ہی تھے: اس سے آپؐ کی کیا مراد تھی؟ انہوں نے کہا کہ دُگدگی (یعنی ہنسلی کی ہڈی) سے ناف تک اور میں نے حضرت انسؓ سے سنا۔ وہ کہتے تھے کہ سینے کے سرے سے ناف تک چیر کر میرا دل نکالا۔ پھر میرے پاس ایک سونے کا طشت لایا گیا جو ایمان سے بھرا ہوا تھا۔ پھر میرا دل دھویا گیا۔ پھر اس کو اندر ڈال دیا گیا۔ اس کے بعد میرے پاس ایک جانور لایا گیا جو خچر سے چھوٹا اور گدھے سے بڑا تھا۔ سفید رنگ کا تھا۔ جارود نے حضرت انسؓ سے کہا کہ ابو حمزہ یہی براق ہوتا ہے؟ حضرت انسؓ نے کہا: ہاں۔ وہ اپنی نگاہ کے انتہائی حد تک اپنا قدم ڈالتا تھا۔ مجھے اس پر سوار کیا گیا اور مجھے جبرائیلؑ لے کر چل پڑے یہاں تک کہ جب سب سے نچلے آسمان پر پہنچے تو انہوں نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ کہا: جبرائیلؑ۔ پوچھا گیا: تمہارے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا: محمدؐ۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا ہے؟ کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں۔ کیا اچھا ہے ان کا یہ آنا! پھر دروازہ کھول دیا گیا۔ جب میں اندر گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہاں آدمؑ ہیں۔ جبرائیلؑ نے کہا: تمہارے باپ آدمؑ ہیں۔ انہیں سلام کہیے۔ چنانچہ میں نے ان کو السلام علیکم کہا اور انہوں نے سلام کا جواب دیا۔ پھر کہنے لگے: خوشی سے آئیں اچھے بیٹے اور اچھے نبی۔ پھر مجھے لے کر (جبرائیلؑ) اوپر چڑھے۔ یہاں تک کہ جب دوسرے آسمان پر پہنچے اور انہوں نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبرائیلؑ۔ پوچھا گیا اور تمہارے ساتھ کون ہے؟ کہا: محمدؐ ہیں۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں۔ آپؐ کا آنا کیا ہی اچھا ہے! اور دروازہ کھول دیا گیا۔ جب میں اندر پہنچا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ یحيٰؑ اور عیسیٰؑ ہیں اور وہ دونوں خالہ زاد بھائی ہیں۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ یحيٰؑ اور عیسیٰؑ ہیں انہیں السلام علیکم کہیے۔ چنانچہ میں نے السلام علیکم کہا۔ انہوں نے جواب دیا اور وہ دونوں کہنے لگے: خوشی سے آئیں اچھے بھائی اور اچھے نبی۔ پھر جبرائیلؑ مجھے ساتھ لے کر تیسرے آسمان پر چڑھے اور انہوں نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ پوچھا گیا: یہ کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبرائیلؑ۔ پوچھا گیا اور تمہارے ساتھ کون ہے؟ کہا کہ محمدؐ ہیں۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں۔ آپؐ کا آنا کیا ہی اچھا ہے! پھر دروازہ کھول دیا گیا۔ جب میں اندر گیا تو کیا دیکھتا ہوں کہ یوسفؑ ہیں۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ یوسفؑ ہیں۔ انہیں سلام کہیے۔ میں نے السلام علیکم کہا۔ انہوں نے جواب دیا اور کہا: خوشی سے آئیں اچھے بھائی اور اچھے نبی۔ پھر جبرائیلؑ مجھے لے کر اُوپر چڑھے یہاں تک کہ چوتھے آسمان تک پہنچے اور انہوں نے دروازہ کھولنے کیلئے کہا۔ پوچھا گیا: کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبرائیلؑ، پوچھا گیا اور تمہارے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا: محمدؐ۔ پوچھا گیا: آیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں۔ آپؐ کا آنا کیا ہی اچھا ہے! پھر دروازہ کھول دیا گیا۔ جب میں ادریسؑ کے پاس پہنچا۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ ادریسؑ ہیں انہیں سلام کہیے۔ چنانچہ میں نے السلام علیکم کہا اور انہوں نے جواب دیا۔ پھر کہنے لگے: خوشی سے آئیں اچھے بھائی اور اچھے نبی۔ پھر اس کے بعد جبرائیلؑ مجھ کو لے کر اُوپر چڑھے اور جب پانچویں آسمان پر پہنچے۔ انہوں نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ پوچھا گیا: کون ہے؟ کہا گیا: جبرائیلؑ۔ پوچھا گیا اور تمہارے ساتھ کون ہے؟ کہا کہ محمدؐ ہیں۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا گیا: خوشی سے آئیں آپؐ کا آنا کیا ہی اچھا ہے! جب میں اندر پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ہارونؑ ہیں۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ ہارونؑ ہیں انہیں سلام کہیے۔ تب میں نے انہیں السلام علیکم کہا۔ انہوں نے جواب دیا اور کہا: خوشی سے آئیں اچھے بھائی اور اچھے نبی۔ پھر اس کے بعد جبرائیلؑ مجھے لے کر اوپر چڑھ گئے، یہاں تک کہ چھٹے آسمان پر پہنچے اور دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ پوچھا گیا: کون ہے؟ انہوں نے کہا: جبرائیلؑ۔ پوچھا گیا اور تمہارے ساتھ کون ہے؟ کہا: محمدؐ ہیں۔ پوچھا گیا: کیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا: خوشی سے آئیں ان کا آنا کیا ہی اچھا ہے! جب میں اندر پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ موسیٰؑ ہیں۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ موسیٰؑ ہیں انہیں سلام کہیے۔ میں نے السلام علیکم کہا اور انہوں نے جواب دیا۔ پھر وہ کہنے لگے: خوشی سے آئیں اچھے بھائی اور اچھے نبی۔ جب میں آگے بڑھا تو موسیٰؑ رونے لگے۔ ان سے پوچھا گیا: آپ کو کیا بات رلا رہی ہے؟ انہوں نے کہا: میں اس لئے رو رہا ہوں کہ یہ ایک لڑکا میرے بعد مبعوث کیا گیا ہے کہ جس کی امت میں سے جنت میں زیادہ لوگ داخل ہوں گے بہ نسبت ان کے جو میری امت میں سے داخل ہوئے۔ پھر جبرائیلؑ مجھ کو لے کر ساتویں آسمان پر چڑھے اور جبرائیلؑ نے دروازہ کھولنے کے لئے کہا۔ پوچھا گیا: کون ہے؟ کہا گیا: جبرائیلؑ۔ پوچھا گیا اور تمہارے ساتھ کون ہے؟ انہوں نے کہا: محمدؐ۔ پوچھا گیا اور کیا انہیں بلا بھیجا گیا ہے؟ انہوں نے کہا: ہاں۔ کہا: خوشی سے آئیں آپؐ کا آنا کیا ہی اچھا ہے! جب میں اندر پہنچا تو کیا دیکھتا ہوں کہ ابراہیمؑ ہیں۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ آپؐ کے باپ ہیں انہیں سلام کہئے۔ آپؐ نے فرمایا: میں نے انہیں السلام علیکم کہا۔ انہوں نے سلام کا جواب دیا۔ کہنے لگے: خوشی سے آئیں اچھے بیٹے اور اچھے نبی۔ پھر مجھے دور سے سدرة المنتہٰی دکھلایا گیا۔ میں کیا دیکھتا ہوں کہ اس کے بیر ہجر کے مٹکوں کے برابر ہیں اور اس کے پتے ہاتھیوں کے کانوں کے برابر۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہ سدرة المنتہٰی ہے اور کیا دیکھتا ہوں کہ چار دریا ہیں دو اندر چھپے ہوئے اور دو باہر۔ میں نے کہا: جبرائیلؑ یہ دو دریا کیا ہیں؟ کہنے لگے: وہ جو اندر ہیں تو وہ دو نہریں ہیں جنت میں اور وہ جو باہر ہیں تو وہ نیل اور فرات ہیں۔ پھر اس کے بعد مجھے اور بلندی سے بیت معمور دکھلایا گیا۔ پھر اس کے بعد میرے پاس شراب کا ایک برتن لایا گیا اور ایک دودھ کا برتن اور ایک شہد کا برتن۔ میں نے دودھ لیا۔ جبرائیلؑ نے کہا: یہی وہ فطرت ہے جس پر تم اور تمہاری امت ہے۔ پھر پچاس نمازیں روزانہ مجھ پر فرض کی گئیں۔ میں لوٹا اور موسیٰؑ کے پاس سے گزرا۔ موسیٰؑ نے پوچھا: آپؐ کو کیا کچھ حکم ہوا ہے؟ آنحضرتﷺ نے جواب دیا: مجھے روزانہ پچاس نمازوں کا حکم ہوا ہے۔ موسیٰؑ نے کہا: آپؐ کی امت روزانہ پچاس نمازوں کی طاقت نہیں رکھے گی اور میں آپؐ سے پہلے بخدا لوگوں کا تجربہ کرچکا ہوں اور بنی اسرائیل کی اصلاح کے لئے میں بہت جتن کرچکا ہوں۔ اس لئے اپنے ربّ کے پاس واپس جائیں اور اس سے درخواست کریں کہ وہ آپؐ کی امت کے لئے کمی کر دے۔ اس پر میں واپس گیا اور اس (اللہ) نے دس نمازیں کم کر دیں۔ پھر میں موسیٰؑ کے پاس لوٹا اور پھر انہوں نے ویسا ہی کہا۔ چنانچہ میں لوٹا اور اس (اللہ) نے میری نمازوں سے دس اور کم کر دیں۔ میں موسیٰؑ کے پاس واپس آیا۔ انہوں نے پھر ویسا ہی کہا۔ چنانچہ میں لوٹا اور اس (اللہ) نے میری نمازوں سے دس اور کم کر دیں۔ میں موسیٰؑ کے پاس واپس آیا۔ انہوں نے پھر ویسا ہی کہا۔ میں پھر لوٹا اور مجھے ہر روز دس نمازوں کا حکم ہوا۔ میں واپس لوٹا اور موسیٰؑ نے پھر ویسا ہی کہا۔ چنانچہ میں پھر لوٹا اور مجھے ہر روز پانچ نمازوں کا حکم ہوا۔ میں موسیٰؑ کے پاس واپس آیا اور انہوں نے پوچھا: آپؐ کو کتنی نمازوں کا حکم دیا گیا ہے؟ میں نے کہا: مجھے ہر روز پانچ نمازوں کا حکم دیا گیا ہے۔ موسیٰؑ نے کہا: آپؐ کی امت تو ہر روز پانچ نمازوں کی بھی طاقت نہیں رکھے گی اور میں آپؐ سے پہلے لوگوں کا خوب تجربہ کرچکا ہوں اور بنی اسرائیل کی اصلاح میں سارے جتن کرچکا ہوں۔ اس لئے آپؐ پھر اپنے ربّ کے پاس جائیں اور اس سے درخواست کریں کہ آپؐ کی امت کیلئے کم کردے۔ آنحضرتﷺ نے فرمایا: میں نے اپنے ربّ سے اس قدر درخواستیں کی ہیں کہ میں شرمندہ ہوں۔ اب میں اس پر راضی ہوں اور اس کو تسلیم کرتا ہوں۔ آنحضرت ﷺ نے فرمایا: جب میں آگے بڑھا تو پکارنے والے نے پکارا کہ میں نے جو کچھ مقرر کیا ہوا تھا اس کو نافذ کردیا ہے اور اپنے بندوں سے تخفیف بھی کر دی ہے۔
صحیح بخاری 3888
حمیدی نے ہمیں بتایا کہ سفیان (بن عیینہ) نے ہم سے بیان کیا۔ عمرو (بن دینار) نے ہمیں بتایا۔ عکرمہ سے روایت ہے کہ انہوں نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے اللہ تعالیٰ کے قول وَمَا جَعَلْنَا الرُّؤْیَا کے متعلق روایت کی۔ یعنی وہ رؤیا جو ہم نے تمہیں دکھلائی وہ اس لئے دکھلائی کہ لوگوں کیلئے اسے آزمائش بنائیں حضرت ابن عباسؓ نے کہا: یہ روٴیا آنکھ کا دیکھنا ہے جو رسول اللہﷺ کو اس رات دکھلایا گیا جس میں آپؐ کو بیت المقدس تک سیر کروائی گئی۔ حضرت ابن عباسؓ نے کہا اور شجرہ ملعونہ جس کا ذکر قرآن مجید میں کیا گیا ہے وہ زقوم کا درخت ہے۔