کتاب 44: باب تَزْوِيجُ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم عَائِشَةَ وَقُدُومُهَا الْمَدِينَةَ وَبِنَاؤُهُ بِهَا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3894
فروہ بن ابی المَغراء نے مجھے بتایا کہ علی بن مسہر نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن عروہ) سے روایت ہے۔ {ہشام نے اپنے باپ سے،} انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی۔ کہتی تھیں: نبی ﷺ نے مجھ سے نکاح کیا اور اس وقت میں چھ سال کی تھی اور پھر ہم مدینہ میں بنی حارث بن خزرج کے ہاں اُترے۔ میں بخار سے بیمار ہوگئی اور میرے بال جھڑ گئے۔ جب بال کندھوں تک بڑھ گئے تو میری والدہ حضرت امّ رومانؓ میرے پاس آئیں اور اس وقت میں اپنی سہیلیوں کے ساتھ جھولے میں جھول رہی تھی۔ انہوں نے مجھے پکارا۔ میں ان کے پاس گئی۔ مجھے پتہ نہ تھا کہ مجھ سے کیا چاہتی ہیں۔ انہوں نے میرا ہاتھ پکڑا اور لے جاکر مجھے گھر کے دروازے پر کھڑا کردیا اور میں ہانپ رہی تھی۔ جب میرا سانس کچھ ٹھہرا تو پھر میری ماں نے کچھ پانی لیا اور اس سے میرا منہ اور میرا سر پونچھا۔ پھر مجھے گھر کے اندر لے گئیں۔ تو کیا دیکھتی ہوں کہ کمرہ میں کچھ انصار کی عورتیں ہیں۔ انہوں نے کہا: خیر و برکت ہو اور اچھا نصیب ہو۔ میری ماں نے مجھ کو ان کے سپرد کردیا۔ انہوں نے میرا سنگھار کیا۔ پھر چاشت کے وقت رسول اللہ ﷺ اچانک آگئے جس سے میں کچھ گھبرا گئی۔ میری ماں نے مجھے آپؐ کے سپرد کردیا اور اس وقت میری عمر نو سال تھی۔
صحیح بخاری 3895
معلیٰ (بن اسد) نے ہم سے بیان کیا۔ (انہوں نے کہا:) وہیب (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے، انہوں نے حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے ان سے فرمایا: خواب میں دو دفعہ تم مجھے دکھائی گئی تھی۔ میں دیکھتا ہوں کہ تم ریشمی کپڑے کے ایک ٹکڑے میں ہو اور کوئی کہتا ہے: یہ تمہاری بیوی ہے {اسے{ کھول کر دیکھو۔ تو کیا دیکھتا ہوں کہ وہ تم ہو۔ }میں کہا کرتا تھا کہ} اگر یہ رؤیا اللہ کی طرف سے ہے تو وہ اسے پورا کردے گا۔
صحیح بخاری 3896
عبید بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابو اُسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام (بن عروہ) سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت خدیجہؓ نبی ﷺ کے مدینہ جانے سے تین سال پہلے فوت ہو گئی تھیں۔ آپؐ دو برس یا اس کے قریب قریب (مکہ میں) ٹھہرے اور پھر حضرت عائشہؓ سے نکاح کیا جبکہ وہ چھ برس کی تھیں۔ پھر آپؐ ان کو اپنے گھر لائے اور وہ نو سال کی تھیں۔