کتاب 49: بَابُ قَوْلِ النَّبِيِّ صَلَّى اللَّهُ عَلَيْهِ وَسَلَّمَ: «اللَّهُمَّ أَمْضِ لأَصْحَابِي هِجْرَتَهُمْ». وَمَرْثِيَتِهِ لِمَنْ مَاتَ بِمَكَّةَ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3936
یحيٰ بن قزعہ نے ہم سے بیان کیا۔ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عامر بن سعد بن مالک سے، عامر نے اپنے باپ سے روایت کی کہ حجۃ الوداع کے سال نبی ﷺ میری اس بیماری میں میری عیادت کیلئے آئے کہ جس سے میں موت کے قریب پہنچ گیا تھا۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! بیماری نے مجھے اس قدر نڈھال کردیا ہے جو آپؐ دیکھ رہے ہیں اور میں مالدار ہوں اور میرا کوئی وارث نہیں سوائے میری ایک بیٹی کے۔ کیا میں اپنے دو تہائی مال کو صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: نہیں۔ میں نے کہا: تو کیا اس کا نصف صدقہ میں دے دوں؟ آپؐ نے فرمایا: ایک تہائی دے دو اور ایک تہائی بھی بہت ہے اور یاد رکھو! اگر تم اپنی اولاد کو دولت مند چھوڑ جاؤ یہ بہتر ہے اس سے کہ تم ان کو محتاج چھوڑ جاؤ۔ وہ لوگوں کے سامنے ہاتھ پھیلاتے پھریں۔ احمد بن یونس نے ابراہیم سے أَنْ تَذَرَ ذُرِّیَّتَکَ کے بعد یوں نقل کیا اور تم ایسا جو خرچ بھی کرتے ہو کہ اس کے ذریعہ سے اللہ کی رضامندی چاہتے ہو تو تمہیں اللہ اس کا ضرور بدلہ دے گا۔ یہاں تک کہ وہ لقمہ بھی جو تم اپنی بیوی کے منہ میں ڈالتے ہو۔ میں نے کہا: یا رسول اللہ! کیا مجھے اپنے ساتھیوں سے پیچھے چھوڑ دیا جائے گا۔ آپؐ نے فرمایا: تمہیں ہرگز پیچھے نہیں چھوڑا جائے گا۔ (اگر رہ بھی گئے) تو پھر جو کام بھی تم کرو گے کہ جس کے ذریعہ اللہ کی رضامندی چاہتے ہو تو تم ضرور اس سے درجہ اور بلندی میں بڑھو گے اور شاید تمہیں بھی زندہ رہنے دیا جائے تا تمہارے ذریعہ سے کچھ لوگ فائدہ اُٹھائیں اور کچھ نقصان اُٹھائیں۔ اے میرے اللہ! میرے ساتھیوں کیلئے ان کی ہجرت برقرار رکھ اور ان کو ان کی ایڑیوں کے بل نہ لوٹا۔ مگر بیچارے سعد بن خولہؓ کے لئے رسول اللہ ﷺ افسوس کرتے تھے کہ وہ مکہ میں فوت ہو گئے۔ احمد بن یونس اور موسیٰ نے ابراہیم سے روایت کرتے ہوئے أَنْ تَذَرَ ذُرِّیَّتَکَ کے الفاظ کی بجائے أَنْ تَذَرَ وَرَثَتَکَ کے الفاظ استعمال کئے ہیں۔