کتاب 52: باب إِتْيَانِ الْيَهُودِ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم حِينَ قَدِمَ الْمَدِينَةَ

صحیح بخاری

صحیح بخاری 3941

حَدَّثَنَا مُسْلِمُ بْنُ إِبْرَاهِيمَ حَدَّثَنَا قُرَّةُ عَنْ مُحَمَّدٍ عَنْ أَبِي هُرَيْرَةَ عَنِ النَّبِيِّ صلى الله عليه وسلم قَالَ " لَوْ آمَنَ بِي عَشَرَةٌ مِنَ الْيَهُودِ لآمَنَ بِي الْيَهُودُ ".

مسلم بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ قرہ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے محمد (بن سیرین) سے، انہوں نے حضرت ابوہریرہؓ سے، حضرت ابوہریرہؓ نے نبی ﷺ سے روایت کی۔ آپؐ نے فرمایا: اگر دس یہودی مجھ پر ایمان لاتے تو سب یہودی مسلمان ہو جاتے۔

صحیح بخاری 3942

حَدَّثَنِي أَحْمَدُ ـ أَوْ مُحَمَّدُ ـ بْنُ عُبَيْدِ اللَّهِ الْغُدَانِيُّ حَدَّثَنَا حَمَّادُ بْنُ أُسَامَةَ أَخْبَرَنَا أَبُو عُمَيْسٍ عَنْ قَيْسِ بْنِ مُسْلِمٍ عَنْ طَارِقِ بْنِ شِهَابٍ عَنْ أَبِي مُوسَى ـ رضى الله عنه ـ قَالَ دَخَلَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم الْمَدِينَةَ وَإِذَا أُنَاسٌ مِنَ الْيَهُودِ يُعَظِّمُونَ عَاشُورَاءَ وَيَصُومُونَهُ فَقَالَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم " نَحْنُ أَحَقُّ بِصَوْمِهِ ". فَأَمَرَ بِصَوْمِهِ.

احمد یا محمد بن عبیداللہ غدانی نے مجھ سے بیان کیا کہ حماد بن اسامہ نے ہمیں بتایا۔ ابوعمیس نے قیس بن مسلم سے، قیس نے طارق بن شہاب سے، طارق نے حضرت ابوموسیٰ (اشعری) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: نبی ﷺ مدینہ میں آئے اور دیکھا کہ یہودیوں میں کچھ لوگ عاشورہ کی تعظیم کرتے ہیں اور اس دن روزہ رکھتے ہیں۔ نبی ﷺ نے فرمایا: ہم پر زیادہ حق ہے کہ اس دن روزہ رکھیں اور آپؐ نے اس دن روزہ رکھنے کا حکم دیا۔

صحیح بخاری 3943

حَدَّثَنَا زِيَادُ بْنُ أَيُّوبَ حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ حَدَّثَنَا أَبُو بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ لَمَّا قَدِمَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم الْمَدِينَةَ وَجَدَ الْيَهُودَ يَصُومُونَ عَاشُورَاءَ فَسُئِلُوا عَنْ ذَلِكَ فَقَالُوا هَذَا الْيَوْمُ الَّذِي أَظْفَرَ اللَّهُ فِيهِ مُوسَى وَبَنِي إِسْرَائِيلَ عَلَى فِرْعَوْنَ وَنَحْنُ نَصُومُهُ تَعْظِيمًا لَهُ فَقَالَ رَسُولُ اللَّهِ صلى الله عليه وسلم " نَحْنُ أَوْلَى بِمُوسَى مِنْكُمْ ". ثُمَّ أَمَرَ بِصَوْمِهِ.

زیاد بن ایوب نے ہمیں بتایا کہ ہم سے ہشیم نے بیان کیا۔ ابوبشر (جعفر) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جب نبی ﷺ مدینہ میں آئے آپؐ نے یہود کو عاشورہ کے دن روزہ رکھتے ہوئے پایا۔ اس کے متعلق ان سے پوچھا گیا۔ کہنے لگے: یہ وہ دن ہے جس میں اللہ نے حضرت موسیٰؑ اور بنی اسرائیل کو فرعون کے مقابل کامیاب کیا تھا اور ہم اس کو بڑا دن سمجھتے ہوئے اس دن روزہ رکھتے ہیں۔ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: تمہاری نسبت موسیٰؑ سے ہم زیادہ تعلق رکھتے ہیں۔ اس کے بعد پھر اس دن آپؐ نے روزہ رکھنے کا حکم دیا۔

صحیح بخاری 3944

حَدَّثَنَا عَبْدَانُ حَدَّثَنَا عَبْدُ اللَّهِ عَنْ يُونُسَ عَنِ الزُّهْرِيِّ قَالَ أَخْبَرَنِي عُبَيْدُ اللَّهِ بْنُ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عُتْبَةَ عَنْ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ أَنَّ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم كَانَ يَسْدِلُ شَعْرَهُ وَكَانَ الْمُشْرِكُونَ يَفْرُقُونَ رُءُوسَهُمْ وَكَانَ أَهْلُ الْكِتَابِ يَسْدِلُونَ رُءُوسَهُمْ وَكَانَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم يُحِبُّ مُوَافَقَةَ أَهْلِ الْكِتَابِ فِيمَا لَمْ يُؤْمَرْ فِيهِ بِشَىْءٍ ثُمَّ فَرَقَ النَّبِيُّ صلى الله عليه وسلم رَأْسَهُ.

عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یونس سے، یونس نے زہری سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھے بتایا کہ حضرت عبداللہ بن عباس رضی اللہ عنہما نے روایت کی کہ نبی ﷺ اپنے بالوں کو پیشانی پر لٹکاتے تھے اور مشرک اپنے سروں میں مانگ نکالا کرتے تھے اور اہل کتاب (یعنی عیسائی) اپنے بالوں کو پیشانی پر لٹکاتے تھے اور رسول اللہ ﷺ ان امور میں جن کے متعلق کوئی حکم نہ ہوتا، اہل کتاب کی موافقت پسند فرماتے تھے۔ پھر اس کے بعد نبی ﷺ نے اپنے سر کی مانگ بھی نکالی۔

صحیح بخاری 3945

حَدَّثَنِي زِيَادُ بْنُ أَيُّوبَ حَدَّثَنَا هُشَيْمٌ أَخْبَرَنَا أَبُو بِشْرٍ عَنْ سَعِيدِ بْنِ جُبَيْرٍ عَنِ ابْنِ عَبَّاسٍ ـ رضى الله عنهما ـ قَالَ هُمْ أَهْلُ الْكِتَابِ جَزَّءُوهُ أَجْزَاءً فَآمَنُوا بِبَعْضِهِ وَكَفَرُوا بِبَعْضِهِ. {يَعْنِي قَوْلَ اللَّهِ تَعَالَى {الَّذِينَ جَعَلُوا الْقُرْآنَ عِضِينَ }

زیاد بن ایوب نے مجھے بتایا کہ ہشیم نے ہم سے بیان کیا کہ ابوبشر (بن ابی وحشیہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے سعید بن جبیر سے، سعید نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ اہل کتاب ہی وہ لوگ ہیں جنہوں نے کتاب کو ٹکڑے ٹکڑے کر دیا۔ اس کی بعض باتیں مانیں اور بعض کا انکار کیا۔

10 von 10 heute frei