کتاب 9: باب فَضْلُ مَنْ شَهِدَ بَدْرًا
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3982
عبداللہ بن محمد (مسندی) نے مجھے بتایا۔ معاویہ بن عمرو نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسحاق (ابراہیم بن محمد فزاری) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمید (طویل) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: میں نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے سنا۔ کہتے تھے: حارثہؓ (بن سراقہ بن حارث) جنگ بدر میں شہید ہوئے اور وہ ابھی نوجوان لڑکے تھے، ان کی ماں (ربیع بنت نضر حضرت انسؓ کی پھوپھی) نبی ﷺ کے پاس آئیں۔ کہنے لگیں: یا رسول اللہ! آپؐ جانتے ہی ہیں جو مقام حارثہؓ کا میرے نزدیک تھا۔ سو اگر وہ جنت میں ہے تو میں صبر کروں اور ثواب کی امید رکھوں اور اگر کوئی اور بات ہے تو آپؐ دیکھیں گے کہ میں کیا کچھ کرتی ہوں۔ آپؐ نے فرمایا: افسوس، کیا تو دیوانی ہے؟ کیا جنت ایک ہی ہے؟ جنتیں تو بہت سی ہیں اور تمہارا بیٹا تو جنت الفردوس میں ہے۔
صحیح بخاری 3983
اسحاق بن ابراہیم نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ بن ادریس نے ہمیں بتایا، کہا: میں نے حُصَین بن عبدالرحمٰن سے سنا۔ انہوں نے سعد بن عبیدہ سے، سعد نے ابوعبدالرحمٰن (عبداللہ بن حبیب) سلمی سے، انہوں نے حضرت علی رضی اللہ عنہ سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے مجھے اور ابومرثدؓ (غنوی) اور زبیرؓ کو بھیجا اور ہم سب گھڑسوار تھے۔ آپؐ نے فرمایا: تم (سفر پر) روانہ ہوجاؤ یہاں تک کہ جب تم روضہ خاخ (مقام) پر پہنچو تو وہاں تمہیں مشرکوں میں سے ایک عورت ملے گی اس کے پاس حاطب بن ابی بلتعہؓ کی طرف سے مشرکوں کے نام ایک خط ہے۔ چنانچہ ہم نے وہاں پہنچ کر اُس کو پالیا جہاں رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا۔ وہ اپنے اونٹ پر سوار چلی جارہی تھی۔ ہم نے (اس سے) کہا: لا خط نکال۔ کہنے لگی: ہمارے پاس کوئی خط نہیں۔ ہم نے اس کے اونٹ کو بٹھا دیا اور تلاشی لی مگر ہمیں کوئی خط نظر نہ آیا۔ ہم نے کہا: رسول اللہ ﷺ کا فرمانا غلط نہیں ہوسکتا، تم کو وہ خط نکالنا ہوگا ورنہ ہم تمہیں ننگا کریں گے۔ جب اس نے ہم میں سنجیدگی دیکھی تو وہ اپنی کمر پر بندھی ہوئی چادر کی طرف جھکی اور خط نکال کر رکھ دیا۔ ہم اس عورت کو لے کر رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔ حضرت عمرؓ نے کہا: یارسول اللہ! حاطب نے اللہ اور اس کے رسول اور مومنین سے خیانت کی ہے مجھے اجازت فرمائیں تو میں اس کی گردن اُڑا دوں۔ نبی ﷺ نے (حاطبؓ سے) پوچھا: کس بات نے تم کو اس کارروائی پر آمادہ کیا ہے جو تم نے کی ہے؟ حاطبؓ نے عرض کیا: بخدا بھلا مجھے کیا تھا کہ میں اللہ اور اس کے رسول ﷺ پر ایمان لانے والا نہ ہوتا؟ مَیں تو صرف یہ چاہتا تھا کہ ان (قریش کے) لوگوں پر میرا احسان ہو جس کے ذریعہ اللہ میرے بال بچوں اور جائیداد کی حفاظت کرتا اور آپ کے ساتھیوں میں سے کوئی بھی ایسا نہیں جس کا وہاں اس کے کنبے کا کوئی ایسا شخص نہ ہو کہ جس کے ذریعہ سے اللہ اس کے بال بچوں اور اس کی جائیداد سے ان کے شر کو دور کررہا ہو۔ نبی ﷺ نے فرمایا: اس نے سچ کہا ہے اور تم بھی اس کی نسبت بھلی بات کے سوا کچھ نہ کہو۔ حضرت عمرؓ نے کہا: اس نے اللہ اور اس کے رسولؐ اور مومنوں سے خیانت کی ہے، (یارسول اللہ!) مجھے اجازت دیں کہ اس کی گردن اُڑا دوں۔ آپؐ نے فرمایا: کیا وہ جنگ بدر میں شریک ہونے والوں میں سے نہیں تھا؟ آپؐ نے فرمایا: امید ہے اللہ نے اہل بدر کو دیکھا ہو اور یہ کہا ہو: جو تم چاہو کرو تمہارے لئے جنت ہوچکی یا فرمایا: میں نے تمہاری پردہ پوشی کرکے تم کو معاف کردیا ہے۔ یہ سن کر حضرت عمرؓ کی آنکھوں سے آنسو جاری ہوگئے اور کہنے لگے: اللہ اور اس کا رسولؐ بہتر جانتے ہیں۔