کتاب 10: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3984
عبداللہ بن محمد جعفی نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواحمد زبیری (محمد بن عبداللہ بن زبیر) نے ہمیں بتایا کہ عبدالرحمٰن بن غسیل نے ہم سے بیان کیا کہ حمزہ بن ابواُسَید اور زبیر بن منذر بن ابواُسَید سے روایت ہے۔ ان دونوں نے حضرت ابواُسَید (مالک بن ربیعہ خزرجی ساعدی) رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: جنگ بدر کے دن رسول اللہ ﷺ نے ہمیں فرمایا: جب کافر تمہارے اتنے قریب ہو جائیں کہ وہ تمہاری زد میں ہوں تو پھر اس وقت ان پر تیر چلاؤ اور اپنے تیر بچائے رکھو۔
صحیح بخاری 3985
محمد بن عبدالرحیم (صاعقہ) نے مجھ سے بیان کیا کہ ابواحمد زبیری نے ہمیں بتایا کہ عبدالرحمٰن بن غسیل نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حمزہ بن ابو اُسَید اور منذر بن ابو اُسَید سے روایت کی کہ حضرت ابو اُسَید رضی اللہ عنہ نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے جنگ بدر کے دن ہمیں فرمایا کہ کافر جب تم پر ہجوم کرکے حملہ کریں تو پھر اُس وقت تم انہیں نشانہ بناؤ اور اپنے تیر بچائے رکھو۔
صحیح بخاری 3986
عمر و بن خالد نے ہم سے بیان کیا۔ زُہَیر نے ہمیں بتایا کہ ابو اسحاق نے ہم سے بیان کیا، کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے سنا۔ کہتے تھے: نبی ﷺ نے جنگ اُحد کے دن تیر اندازوں پر حضرت عبداللہ بن جبیرؓ کو سردار مقرر کیا اور کافروں نے ہمارے ستر آدمیوں کو زخمی کیا اور نبی ﷺ اور صحابہؓ نے جنگ بدر میں مشرکوں کے ایک سو چالیس آدمیوں کا نقصان کیا تھا یعنی ستر کو قید کیا اور ستر کو قتل کیا تھا۔ (جنگ احد میں) ابو سفیان نے کہا: یہ معرکہ بدر کے معرکہ کا بدلہ ہے اور لڑائی تو ڈول کی طرح ہے (کبھی ایک کے حق میں اور کبھی دوسرے کے حق میں۔)
صحیح بخاری 3987
(ابوکُرَیب) محمد بن علاء نے ہم سے بیان کیا کہ ابواسامہ (حماد بن اسامہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے بُرَید (بن عبداللہ بن عامر بن ابی موسیٰ) سے، انہوں نے اپنے دادا ابوبردہ (عامر) سے، ابوبردہ نے (اپنے والد) حضرت ابوموسیٰ (اشعریؓ) سے روایت کی۔ (ابوبردہ کہتے ہیں:) میں سمجھتا ہوں کہ انہوں نے نبی ﷺ سے روایت کی، آپؐ نے فرمایا کہ میں نے (خواب میں) جو خیر دیکھی اس کی تعبیر وہ خیر تھی جو اللہ (جنگ احد کے) بعد لایا اور صدق کا بدلہ وہ ہے جو اللہ نے ہم کو جنگ بدر کے بعد دیا۔
صحیح بخاری 3988
یعقوب بن ابراہیم نے مجھ سے بیان کیا کہ ابراہیم بن سعد نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سعد (بن ابراہیم) سے، انہوں نے ان کے دادا (ابراہیم بن عبدالرحمٰن بن عوف) سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت عبدالرحمٰن بن عوفؓ کہتے تھے کہ میں جنگ بدر کے دن صف میں کھڑا تھا میں نے نگاہ پھیری تو کیا دیکھتا ہوں کہ میرے دائیں اور بائیں دو نَوعمر جوان لڑکے ہیں جیسے اُن کی اس موجودگی پر مَیں اپنے آپ کو اَمن میں نہیں سمجھتا تھا۔ اتنے میں ان میں سے ایک نے چپکے سے جس کی خبر اُس کے ساتھی کو نہ ہوئی مجھے پوچھا: چچا! مجھے ابوجہل تو دِکھا دو۔ میں نے کہا: میرے بھتیجے! تجھے اس سے کیا کام؟ وہ کہنے لگا: میں نے اللہ سے یہ عہد کیا ہے کہ اگر میں اس کو دیکھ پاؤں تو میں اسے مار ڈالوں گا یا اس کے سامنے خود مارا جاؤں گا۔ پھر دوسرے نوجوان نے چپکے سے جس کی خبر اس کے ساتھی کو نہ ہوئی مجھ سے ویسے ہی پوچھا۔ حضرت عبدالرحمٰنؓ کہتے تھے: مجھے کبھی اتنی خوشی نہ ہوتی، اگر میں ان کی جگہ دو مَردوں کے درمیان ہوتا۔ میں نے ان دونوں کو ابوجہل کی طرف اشارہ کرکے بتایا (کہ وہ ہے۔) یہ سنتے ہی وہ دونوں شِکروں کی طرح اُس پر جھپٹے اور اس کو مار ڈالا اور وہ دونوں عفراء کے بیٹے تھے (معاذؓ اور معوّذؓ)۔
صحیح بخاری 3989
موسیٰ بن اسماعیل نے ہم سے بیان کیا کہ ابراہیم (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ ابن شہاب نے ہمیں خبر دی۔ انہوں نے کہا: عمرو (بن ابی اَسِید) بن جاریہ ثقفی نے جو بنی زہرہ کے حلیف اور حضرت ابوہریرہؓ کے دوستوں میں سے تھے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے دس مخبر بھیجے اور حضرت عاصم بن ثابت انصاریؓ کو اُن کا امیر بنایا جو عاصم بن عمر بن خطاب کے نانا تھے جب وہ عسفان اور مکہ کے درمیان ہدأہ کے مقام پر پہنچے تو کسی نے ہذیل کے ایک قبیلے سے جسے بنو لحیان کہتے تھے، (ان کا) ذکر کردیا۔ وہ تقریباً ایک سو تیر انداز لے کر ان کے تعاقب کے لئے نکلے اور ان کا کھوج لگانے لگے۔ آخر انہوں نے ایک ایسے مقام پر جہاں وہ اُترے تھے وہ جگہ پالی جہاں انہوں نے کھجوریں کھائی تھیں۔ کہنے لگے: یہ یثرب کی کھجوریں ہیں۔ چنانچہ یہاں سے وہ ان کے قدموں کے نشانوں پر اُن کے پیچھے گئے۔ جب حضرت عاصمؓ اور اُن کے ساتھیوں نے ان کی آہٹ پائی تو وہ ایک جگہ پناہ گزیں ہوگئے۔ ان لوگوں نے ان کو گھیر لیا اور ان سے کہنے لگے: تم نیچے اُتر آؤ اور اپنے آپ کو ہمارے سپرد کردو اور تم سے یہ پختہ عہد و پیمان ہے کہ ہم تم میں سے کسی کو بھی قتل نہیں کریں گے۔ حضرت عاصم بن ثابتؓ نے یہ سن کر کہا: اے لوگو! میں تو کسی کافر کی پناہ میں نہیں اُتروں گا۔ پھر انہوں نے دعا کی: اے اللہ اپنے نبی ﷺ کو ہماری حالت سے آگاہ کر۔ بنو لحیان ان پر تیر چلانے لگے اور حضرت عاصمؓ کو مار ڈالا اور تین شخص عہد و پیمان پر بھروسہ کرکے ان کے پاس اُتر آئے۔ حضرت خبیبؓ اور حضرت زید بن دثنہؓ نیز ایک اور شخص۔ جب بنو لحیان نے ان پر قابو پالیا تو اُن کی کمانوں کی تندیاں کھول کر انہیں باندھ لیا۔ تیسرے شخص (حضرت عبداللہ بن طارقؓ) نے کہا: یہ (تمہاری) پہلی بدعہدی ہے، اللہ کی قسم! میں تمہارے ساتھ نہیں جاؤں گا۔ میرے لئے ان لوگوں میں نمونہ ہے یعنی اُن لوگوں میں جو شہید ہوچکے تھے۔ انہوں نے انہیں گھسیٹا اور اُن سے کشمکش کی، انہوں نے اُن کے ساتھ جانے سے ہر طرح انکار کیا (آخر کار انہوں نے حضرت عبداللہ بن طارقؓ کو مار ڈالا۔) پھر وہ حضرت خبیبؓ اور حضرت زید بن دثنہؓ کو اپنے ساتھ لے گئے اور بدر کی جنگ کے بعد اُن دونوں کو بیچ دیا۔ بنو حارث بن عامر بن نوفل نے حضرت خبیبؓ کو خریدا اور حضرت خبیبؓ ہی تھے جنہوں نے حارث بن عامر کو جنگ بدر کے دن قتل کیا تھا۔ چنانچہ حضرت خبیبؓ ان کے پاس قیدی رہے۔ آخر انہوں نے ان کو مار ڈالنے کا فیصلہ کیا۔ حضرت خبیبؓ نے حارث کی ایک بیٹی سے اُسترا عاریۃً مانگا کہ اس سے ناف کے بال صاف کریں۔ اُس نے اُن کو اُسترا عاریۃً دے دیا۔ اس کا ایک چھوٹا بچہ رینگتے ہوئے حضرت خبیبؓ کے پاس آیا اور وہ بے خبر تھی، اس نے حضرت خبیبؓ کو دیکھا کہ وہ اپنی ران پر اُس کو بٹھائے ہوئے ہیں اور اُسترا اُن کے ہاتھ میں ہے، کہتی تھی: میں یہ دیکھ کر ایسی گھبرائی کہ خبیبؓ نے میری گھبراہٹ معلوم کرلی اور کہا: کیا تم ڈرتی ہو کہ میں اسے مار ڈالوں گا؟ میں ایسا کبھی نہیں کرنے کا۔ کہتی تھی: اللہ کی قسم! میں نے خبیبؓ سے بڑھ کر نیک قیدی کبھی نہیں دیکھا۔ اللہ کی قسم! ایک دن میں نے انہیں دیکھا کہ انگور کا خوشہ ہاتھ میں لئے انگور کھا رہے تھے اور وہ اس وقت لوہے کی زنجیروں میں جکڑے ہوئے تھے اور اُن دِنوں مکہ میں کوئی پھل نہ تھا۔ اور کہتی تھی: وہ ایسا رزق تھا جو اللہ تعالیٰ نے خبیبؓ کو دیا۔ جب اُن کو حرم کی سرحد سے باہر لے کر گئے تا اُن کو ایسی جگہ قتل کریں جہاں قتل جائز ہے۔ حضرت خبیبؓ نے ان سے کہا: مجھے دو رکعت نماز پڑھ لینے دو۔ انہوں نے اجازت دے دی۔ حضرت خبیبؓ نے دو رکعتیں ادا کیں۔ پھر کہنے لگے: بخدا! اگر یہ بات نہ ہوتی کہ تم لوگ یہ خیال کرو گے کہ جو میری حالت نماز میں تھی وہ موت کی گھبراہٹ کی وجہ سے ہے تو میں زیادہ پڑھتا، پھر کہنے لگے: اے اللہ! ان میں سے ایک بھی جانے نہ پائے اور انہیں پراگندہ کرکے ہلاک کر اور ان میں سے کوئی باقی نہ چھوڑ۔ پھر یہ شعر پڑھنے لگے: جبکہ میں مسلمان ہوکر مارا جا رہا ہوں مجھے پرواہ نہیں خواہ کسی کروٹ پر اللہ کیلئے گروں اور یہ میرا گرنا خدا کی خاطر ہے اور اگر وہ چاہے تو اُن جوڑوں میں برکت دے دے جو ٹکڑے ٹکڑے ہوچکے ہوں۔ اس کے بعد ابوسِروَعہ عقبہ بن حارث ان کے پاس گیا اور اُس نے انہیں قتل کردیا اور حضرت خبیبؓ ہی وہ ہیں جنہوں نے ہر ایسے مسلمان کیلئے جو بے بسی کی حالت میں مارا جائے یہ نمونہ قائم کیا کہ وہ (دو رکعت) نماز ادا کرے۔ اور نبی ﷺ نے اپنے صحابہ کو حضرت عاصمؓ اور اُن کے ساتھیوں کے شہید ہونے کی اسی دن خبر دے دی تھی جب وہ شہید ہوئے۔ قریش کے لوگوں کو جب یہ بتایا گیا کہ عاصم بن ثابتؓ قتل کردئے گئے ہیں تو انہوں نے کچھ لوگ بھیجے جو حضرت عاصمؓ کی لاش سے اس قدر حصہ کاٹ کر لائیں جس سے وہ پہچانے جائیں کیونکہ حضرت عاصمؓ نے اُن کے سرداروں میں سے ایک بڑے شخص کو قتل کیا تھا۔ اللہ نے حضرت عاصمؓ پر بِھڑوں کا ایک دَل بادل کی طرح بھیج دیا جس نے قریش کے بھیجے ہوئے آدمیوں سے انہیں بچایا۔ اس لئے وہ ان کے جسم کا کوئی حصہ بھی نہ کاٹ سکے۔ حضرت کعب بن مالکؓ کہتے تھے کہ لوگوں نے مرارہ بن ربیع عمریؓ اور ہلال بن امیہ واقفیؓ کا بھی ذکر کیا ہے جو دو نیک شخص تھے کہ وہ بھی جنگ بدر میں شریک ہوئے تھے۔
صحیح بخاری 3990
قتیبہ (بن سعید) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے یحيٰ (بن سعید انصاری) سے، انہوں نے نافع سے روایت کی کہ حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے جمعہ کے دن کسی نے ذکر کیا کہ حضرت سعید بن زید بن عمرو بن نفیلؓ جو بدری صحابی ہیں وہ بیمار ہیں۔ چنانچہ حضرت ابن عمرؓ سوار ہو کر (ان کی عیادت کے لئے) ان کے پاس گئے جبکہ دن بہت چڑھ چکا تھا اور جمعہ کا وقت قریب تھا۔ انہوں نے (حضرت سعید بن زیدؓ کی بیماری کی وجہ سے) جمعہ چھوڑ دیا۔
صحیح بخاری 3991
اور لیث (بن سعد) نے کہا: یونس نے ابن شہاب سے روایت کرتے ہوئے مجھے بتایا کہ انہوں نے کہا: عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ نے مجھ سے بیان کیا کہ ان کے باپ (عبداللہ) نے عمر بن عبداللہ بن ارقم زہری کو یہ حکم دیتے ہوئے لکھا کہ وہ حضرت سُبَیعہ بنت حارث اسلمیہؓ کے پاس جائیں اور اُن سے اُن کی بات پوچھیں اور وہ بات بھی پوچھیں جو رسول اللہ ﷺ نے اُن سے فرمائی تھی جبکہ انہوں نے آپؐ سے مسئلہ پوچھا تھا۔ چنانچہ عمر بن عبداللہ بن ارقم نے (جواب میں) عبداللہ بن عتبہ کو لکھا اور خبر دی کہ حضرت سُبَیعہ بنت حارثؓ نے انہیں یہ خبر دی تھی کہ وہ حضرت سعد بن خولہؓ کے نکاح میں تھیں جو بنی عامر بن لؤی کے قبیلہ سے اور بدری صحابہ میں سے تھے وہ حجۃ الوداع میں فوت ہوگئے جبکہ حضرت سُبَیعہؓ حاملہ تھیں۔ حضرت سعدؓ کی وفات پر زیادہ مدت نہیں گزری تھی کہ ان (کی بیوی) کے ہاں بچہ پیدا ہوا۔ جب وہ اپنے نفاس کے بعد اچھی ہوگئیں تو شادی کا پیغام بھیجنے والوں کے لئے زیب و زینت کی۔ اس وقت ان کے پاس ابوسنابل بن بعکـکؓ جو قبیلہ عبدالدار کے ایک شخص تھے گئے اور ان سے کہنے لگے: کیا ہے کہ میں تمہیں دیکھتا ہوں کہ نکاح کا پیغام بھیجنے والوں کے لیے تم زیب و زینت کرکے بیٹھ گئی ہو اور نکاح کرنے کی امید کررہی ہو؟ بخدا! تم ہرگز نکاح نہیں کرسکتی یہاں تک کہ تم پر چار ماہ اور دس دن نہ گزر جائیں۔ حضرت سُبَیعہؓ کہتی تھیں: جب انہوں نے مجھ سے یہ کہا اور شام کا وقت ہوا تو میں نے کپڑے اوڑھے اور رسول اللہ ﷺ کے پاس گئی اور آپؐ سے اس بارے میں پوچھا۔ آپؐ نے مجھے یہ فتویٰ دیا کہ جب بچہ پیدا ہوگیا ہے تو مَیں آزاد ہوں اور فرمایا: اگر میں مناسب سمجھوں تو نکاح کرلوں۔ (لیث کی طرح) اصبغ بن فرج نے بھی اسے روایت کیا ہے۔ انہوں نے (عبداللہ) بن وہب سے، انہوں نے یونس سے یہ حدیث روایت کی۔ اور لیث نے کہا: یونس نے مجھے بتایا کہ ابن شہاب سے یہی مروی ہے اور ہم نے ابن شہاب سے پوچھا تو انہوں نے کہا: محمد بن عبدالرحمٰن بن ثوبان نے جو بنو عامر بن لؤیّ کے آزاد کردہ غلام تھے، مجھے بتایا کہ محمد بن ایاس بن بُکَیر نے انہیں خبر دی اور ان کے باپ جنگ بدر میں شریک تھے۔