کتاب 12: باب
صحیح بخاری
صحیح بخاری 3996
خلیفہ (بن خیاط) نے مجھے بتایا کہ محمد بن عبداللہ انصاری نے ہم سے بیان کیا۔ سعید (بن ابی عروبہ) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے قتادہ سے، قتادہ نے حضرت انس رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا کہ حضرت ابوزید (قیس بن سکنؓ) فوت ہوگئے اور انہوں نے اپنے پیچھے کوئی اولاد نہ چھوڑی اور وہ بدری تھے۔
صحیح بخاری 3997
عبداللہ بن یوسف (تنیسی) نے مجھے بتایا کہ لیث (بن سعد) نے ہم سے بیان کیا، کہا: یحيٰ بن سعید نے مجھے بتایا۔ انہوں نے قاسم بن محمد سے، قاسم نے (عبداللہ) بن خباب سے روایت کی کہ حضرت ابوسعید بن مالک خدری رضی اللہ عنہ کسی سفر سے آئے اور ان کے گھر والوں نے ان کے سامنے قربانی کے گوشت میں سے کچھ پیش کیا۔ وہ کہنے لگے: جب تک میں مسئلہ پوچھ نہ لوں اس وقت تک کبھی گوشت نہیں کھاؤں گا۔ وہ اپنے بھائی کے پاس جو اُن کی ماں کی طرف سے تھے چلے اور وہ بدری تھے یعنی حضرت قتادہ بن نعمان (انصاریؓ) کے پاس اور ان سے پوچھا، انہوں نے کہا: آپؓ کے بعد ایک اور نیا حکم ہوا تھا جس نے وہ (پہلا) حکم منسوخ کر دیا تھا جس میں تین دن کے بعد قربانیوں کا گوشت کھانے کی ممانعت تھی۔
صحیح بخاری 3998
عبید بن اسماعیل نے مجھ سے بیان کیا کہ ابو اسامہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ہشام بن عروہ سے، ہشام نے اپنے باپ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: حضرت زبیرؓ (بن عوام) کہتے تھے کہ جنگ بدر کے دن عبیدہ بن سعید بن عاص سے میری مڈبھیڑ ہوئی اور اس نے ہتھیاروں کو پورے طور پر پہنا ہوا تھا اس کی صرف آنکھیں ہی نظر آتی تھیں اور اس کی کنیت ابو ذات الکرش تھی, کہنے لگا: میں ابو ذات الکرش ہوں۔ یہ سنتے ہی میں نے اس پر برچھی سے حملہ کردیا اور اس کی آنکھ میں زخم لگایا۔ وہ وہیں مر گیا۔ ہشام کہتے تھے: مجھے بتایا گیا ہے کہ حضرت زبیرؓ کہتے تھے: میں نے اپنا پاؤں اس پر رکھا پھر دونوں ہاتھ لمبے کرکے مشکل سے میں نے وہ برچھی کھینچ کر نکالی اور اس کے دونوں کنارے مڑ گئے تھے۔ عروہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے وہ برچھی حضرت زبیرؓ سے طلب فرمائی۔ انہوں نے آپؐ کو دی۔ جب رسول اللہ ﷺ فوت ہوئے تو حضرت زبیرؓ نے وہ لے لی پھر اس کے بعد حضرت ابوبکرؓ نے وہ برچھی طلب کی اور حضرت زبیرؓ نے دے دی جب حضرت ابوبکرؓ فوت ہوئے تو حضرت عمرؓ نے ان سے برچھی طلب کی اور انہوں نے دے دی۔ جب حضرت عمرؓ فوت ہوئے تو حضرت زبیرؓ نے لے لی۔ پھر اس کے بعد حضرت عثمانؓ نے ان سے وہ برچھی طلب کی اور حضرت زبیرؓ نے انہیں دے دی جب حضرت عثمانؓ شہید ہوئے تو وہ حضرت علیؓ کے خاندان کو ملی۔ آخر حضرت عبداللہ بن زبیرؓ نے ان سے لے لی اور وہ اس وقت تک ان کے پاس رہی کہ جب وہ شہید ہوئے۔
صحیح بخاری 3999
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا۔ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: ابوادریس عائذ اللہ بن عبداللہ (خولانی) نے مجھے بتایا۔ حضرت عبادہ بن صامتؓ نے جو جنگ بدر میں شریک ہوئے تھے (بتایا) کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: مجھ سے بیعت کرو۔
صحیح بخاری 4000
یحيٰ بن بکیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی، کہا: مجھ سے عروہ بن زبیر نے بیان کیا۔ انہوں نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے روایت کی کہ حضرت ابوحذیفہؓ نے جو بدری صحابہ میں سے تھے سالم کو متبنیٰ بنایا (وہ ایک انصاری عورت کے غلام تھے) اور اپنی بھتیجی ہند بنت ولید بن عتبہ سے ان کا نکاح کردیا اور یہ ویسے ہی تھا جیسے رسول اللہ ﷺ نے حضرت زیدؓ (بن حارثہ) کو متبنیٰ بنایا تھا اور زمانہ جاہلیت میں جو آدمی بھی کسی کو اپنا بیٹا بنا لیتا تو لوگ اس کی طرف منسوب کرکے اس کو پکارا کرتے تھے اور وہ اس کے ترکہ کا وارث ہوتا جب اللہ تعالیٰ نے یہ وحی نازل کی کہ ان کے باپوں کی طرف منسوب کرکے ان کو پکارا کرو تو حضرت سہلہؓ (حضرت ابو حذیفہؓ کی بیوی) نبی ﷺ کے پاس آئیں اور پھر حضرت عروہ بن زبیرؓ نے ساری بات بیان کی۔
صحیح بخاری 4001
علی (بن عبداللہ مدینی) نے ہمیں بتایا۔ ہم سے بشر بن مفضل نے بیان کیا کہ خالد بن ذکوان نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے حضرت ربیع بنت معوذؓ سے روایت کی، کہتی تھیں: نبی ﷺ اس صبح کو میرے ہاں آئے جس میں میرا رُخصتانہ ہوا۔ آپؐ میرے بچھونے پر ایسے بیٹھ گئے جیسے تم میرے پاس بیٹھے ہو (یہ حضرت ربیع ؓ نے خالد سے کہا) اور اس وقت کچھ لڑکیاں دف بجا رہی تھیں اور اپنے بزرگوں کی جو جنگ بدر میں شہید ہوئے تھے تعریف میں گا رہی تھیں یہاں تک کہ ایک لڑکی نے کہا: ہم میں ایک ایسے نبی ہیں جو جانتے ہیں کہ کل کیا ہونا ہے نبی ﷺ نے فرمایا: یوں نہ کہو اور وہی کہو جو تم کہہ رہی تھیں۔
صحیح بخاری 4002
ابراہیم بن موسیٰ (رازی) نے ہم سے بیان کیا کہ ہشام (بن یوسف) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر (بن راشد) سے، انہوں نے زہری سے روایت کی۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) ہم سے اسماعیل (بن ابی اویس) نے بھی بیان کیا، کہا: میرے بھائی (عبدالحمید) نے مجھے بتایا۔ انہوں نے سلیمان (بن بلال) سے، سلیمان نے محمد بن ابی عتیق سے، انہوں نے ابن شہاب سے، ابن شہاب نے عبیداللہ بن عبداللہ بن عتبہ بن مسعود سے روایت کی کہ حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما نے کہا: رسول اللہ ﷺ کے صحابی حضرت ابوطلحہؓ نے مجھے بتایا اور وہ رسول اللہ ﷺ کے ساتھ جنگ بدر میں شریک تھے۔ آپؐ نے فرمایا: اُس گھر میں ملائکہ داخل نہیں ہوتے جس گھر میں کتا ہو اور نہ اس جگہ میں جس میں کوئی مورت ہو۔ آپؐ کی مراد اُن چیزوں کی مورتیوں سے ہے جن میں جان ہو۔
صحیح بخاری 4003
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک) نے ہمیں خبر دی۔ یونس (بن یزید ایلی) نے ہمیں بتایا۔ (امام بخاریؒ نے کہا:) احمد بن صالح نے بھی ہمیں بتایا۔ عنبسہ (بن خالد) نے ہم سے بیان کیا کہ یونس نے زہری سے روایت کرتے ہوئے ہمیں بتایا کہ علی بن حسین (زین العابدین) نے ہمیں خبر دی کہ حضرت حسین بن علی علیہم السلام نے ان کو بتایا۔ حضرت علیؓ کہتے تھے کہ میری ایک اونٹنی تھی جو مجھے اس غنیمت سے حصہ میں ملی جو جنگ بدر کے دن حاصل ہوئی اور نبی ﷺ نے مجھے اس پانچویں حصہ میں سے ایک اونٹنی دی تھی جو اللہ نے آپؐ کو اُس دن عطا کیا تھا۔ جب میں نے نبی ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہ علیہا السلام کو گھر لانا چاہا تو مَیں نے بنو قینقاع کے ایک سنار سے طَے کیا تھا کہ وہ میرے ساتھ چلے اور ہم دونوں اذخر گھاس لائیں۔ میں چاہتا تھا کہ میں اس کو سناروں کے پاس بیچوں اور اس طرح اپنی شادی کے ولیمہ میں (مالی) مدد حاصل کروں۔ ابھی میں اپنی اونٹنیوں کے لئے پالان، بوریاں اور رسیاں اکٹھی کر رہا تھا اور میری دونوں اونٹنیاں ایک انصاری کے حجرہ کے قریب بیٹھی ہوئی تھیں اور جو سامان میں نے اکٹھا کرنا تھا کیا۔ اتنے میں دونوں اونٹنیوں کو دیکھتا ہوں کہ ان کے کوہان کاٹ ڈالے گئے ہیں اور ان کی کوکھیں پھاڑ دی گئی ہیں اور ان کے کلیجے نکال دئے گئے ہیں جب مَیں نے یہ نظارہ دیکھا تو مَیں آنسوؤں پر قابو نہ رکھ سکا، میں نے پوچھا: یہ کس نے کیا ہے؟ لوگوں نے کہا: یہ حمزہ بن عبدالمطلب نے کیا ہے اور وہ اس گھر میں انصاریوں کے ساتھ شراب پی رہے ہیں اور ان کے پاس ایک گانے والی لونڈی بھی ہے اور یار دوست ہیں۔ لونڈی نے گاتے ہوئے کہا: اٹھو حمزہ ان موٹی تازی بلند قامت اونٹنیوں پر لپکو۔ یہ سن کر حمزہؓ نے لپک کر تلوار لی اور اُن اونٹنیوں کے کوہان کاٹ ڈالے اور کوکھیں چیردیں اور ان دونوں کے کلیجے نکال لئے۔ حضرت علیؓ کہتے تھے: یہ دیکھ کر میں چلا گیا اور نبی ﷺ کے پاس پہنچا اور وہاں زید بن حارثہؓ بھی تھے، نبی ﷺ نے پہچان لیا کہ میں سخت رنجیدہ ہوں۔ آپؐ نے پوچھا: تمہیں کیا ہوا؟ میں نے کہا: یا رسول اللہ! میں نے آج جیسا دن کبھی نہیں دیکھا۔ حمزہ نے میری اونٹنیوں پر ظلم ڈھایا اور اُن کے کوہان کاٹ ڈالے اور ان کی کوکھیں پھاڑ ڈالیں۔ دیکھئے وہ اس گھر میں ہیں اور ان کے ساتھ ہم مشرب ہیں۔ نبی ﷺ نے اپنی چادر طلب کی اور وہ اوڑھ لی۔ آپؐ چل پڑے اور میں اور زید بن حارثہؓ آپؐ کے پیچھے ہو لئے یہاں تک کہ جب آپؐ اس گھر پر پہنچے جس میں حمزہؓ تھے، آپؐ نے اجازت طلب کی۔ آپؐ کو اجازت دی گئی۔ نبی ﷺ حمزہ کو اُن کی کرتوت پر ملامت کرنے لگے۔ دیکھا کہ حمزہ نشے میں چور ہیں۔ ان کی آنکھیں سرخ ہیں۔ حمزہ نے نبی ﷺ پر نگاہ ڈالی۔ پھر نظر اونچی کی اور گھٹنوں تک دیکھا پھر نظر اونچی کی اور چہرے کی طرف دیکھا پھر حمزہ بولے: تم (لوگ تو) میرے باپ کے غلام ہی ہونا؟ نبی ﷺ سمجھے کہ نشہ میں مست ہیں اس لئے آپؐ اُلٹے پاؤں وہاں سے لوٹے اور باہر چلے آئے اور ہم بھی آپؐ کے ساتھ نکل آئے۔
صحیح بخاری 4004
محمد بن عباد نے مجھ سے بیان کیا کہ (سفیان) بن عُیَینہ نے ہمیں بتایا، کہا: (عبدالرحمٰن) بن (عبداللہ) اصفہانی نے ہمیں یہ حدیث لکھ کر بھیجی، انہوں نے (عبداللہ) بن معقل سے سنا کہ حضرت علی رضی اللہ عنہ نے حضرت سہل بن حُنَیفؓ (انصاری کے جنازہ) پر تکبیریں کہیں اور کہا کہ وہ بھی جنگِ بدر میں شریک تھے۔
صحیح بخاری 4005
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے، انہوں نے کہا: سالم بن عبداللہ (بن عمرؓ) نے مجھے بتایا کہ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمر (بن خطاب) رضی اللہ عنہما سے سنا وہ بیان کرتے تھے کہ جب حضرت عمرؓ (بن خطاب) کی بیٹی حضرت حفصہؓ حضرت خنیس بن حذافہ سہمیؓ کے فوت ہونے پر بیوہ ہوگئیں اور وہ رسول اللہ ﷺ کے صحابہ میں سے تھے، جنگ بدر میں شریک ہوئے تھے، مدینہ میں انہوں نے وفات پائی تو حضرت عمرؓ (بن خطاب) کہتے تھے: میں عثمان بن عفانؓ سے ملا۔ ان کے پاس حفصہؓ کا ذکر کیا اور کہا کہ اگر آپؓ چاہیں تو حفصہؓ کا نکاح آپؓ سے کردوں۔ انہوں نے کہا: میں اس معاملہ میں غور کروں گا۔ چنانچہ میں کئی روز تک ٹھہرا رہا۔ پھر عثمانؓ نے کہا: مجھے یہی مناسب معلوم ہوا ہے کہ میں ان دنوں شادی نہ کروں۔ حضرت عمرؓ کہتے تھے: پھر میں حضرت ابوبکرؓ سے ملا اور کہا: اگر آپؓ چاہیں تو میں حفصہؓ کا نکاح آپؓ سے کئے دیتا ہوں۔ حضرت ابوبکرؓ خاموش ہوگئے اور مجھے کچھ جواب نہ دیا۔ عثمانؓ کی نسبت میں ان سے زیادہ رنجیدہ خاطر ہوا۔ پھر میں کچھ راتیں ٹھہرا رہا۔ اس کے بعد رسول اللہ ﷺ نے حفصہؓ سے نکاح کرنے کا پیغام بھیجا اور میں نے آپؐ سے ان کا نکاح کردیا۔ پھر حضرت ابوبکرؓ مجھ سے ملے اور کہا: شاید آپؓ مجھ سے ناراض ہوگئے ہیں جب آپؓ نے حفصہؓ کا ذکر کیا اور میں نے کچھ جواب نہ دیا۔ میں نے کہا: جی ہاں۔ انہوں نے کہا: دراصل جو بات آپؓ نے پیش کی تھی اس کی نسبت آپؓ کو جواب دینے سے مجھے نہیں روکا تھا مگر اس بات نے کہ مجھے علم ہوچکا تھا کہ رسول اللہ ﷺ حفصہؓ سے نکاح کرنا چاہتے ہیں اور میں ایسا نہیں تھا کہ رسول اللہ ﷺ کا یہ منشاء ظاہر کرتا اور اگر آنحضرتﷺ اس (رشتہ) کا خیال چھوڑ دیتے تو میں ضرور قبول کرتا۔
صحیح بخاری 4006
مسلم (بن ابراہیم) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عدی (بن ابان) سے، عدی نے عبداللہ بن یزید سے روایت کی، انہوں نے حضرت ابومسعود بدریؓ سے سنا، وہ نبی ﷺ سے روایتاً بیان کرتے تھے کہ آپؐ نے فرمایا: آدمی کا اپنے گھر والوں پر خرچ کرنا بھی صدقہ ہے۔
صحیح بخاری 4007
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے، (انہوں نے کہا:) عروہ بن زبیر سے میں نے سنا۔ انہوں نے عمر بن عبدالعزیز سے ان کے زمانہ امارت میں بیان کیا کہ حضرت مغیرہ بن شعبہؓ نے عصر کی نماز میں دیر کردی اور اس وقت وہ کوفہ کے حاکم تھے، حضرت ابومسعود عقبہ بن عمرو انصاریؓ جو زید بن حسنؓ (بن علیؓ) کے نانا اور ان صحابہ میں سے تھے جو بدر میں شریک ہوئے حضرت مغیرہؓ کے پاس آئے اور کہنے لگے: تمہیں بخوبی علم ہے کہ جبریل آئے اور انہوں نے (پانچ) نمازیں پڑھائیں، پس رسول اللہ ﷺ نے پانچ نمازیں (ان کے پیچھے) پڑھیں۔ پھر (جبریل) نے کہا: اس طرح نمازیں پڑھنے کا مجھے حکم ہوا ہے۔ اسی طرح بشیر بن ابی مسعود بھی اپنے باپ سے یہی روایت بیان کرتے ہیں۔
صحیح بخاری 4008
موسیٰ (بن اسماعیل) نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اعمش سے، اعمش نے ابراہیم (نخعی) سے، ابراہیم نے عبدالرحمٰن بن یزید سے، انہوں نے علقمہ (بن قیس) سے، علقمہ نے حضرت ابومسعود بدری رضی اللہ عنہ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: سورۂ بقرہ کی آخری دو آیتیں ہیں، جس نے وہ رات کے وقت پڑھیں وہ اس کو شر سے بچانے کے لئے کافی ہیں۔ عبدالرحمٰن کہتے تھے: پھر میں خود حضرت ابومسعودؓ سے ملا اور وہ طواف کر رہے تھے، میں نے ان سے یہ حدیث پوچھی تو انہوں نے یہی حدیث بیان کی۔
صحیح بخاری 4009
یحيٰ بن بُکَیر نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عُقَیل سے، عُقَیل نے ابن شہاب سے روایت کی کہ حضرت محمود بن ربیعؓ نے مجھے بتایا کہ حضرت عتبان بن مالکؓ جو نبی ﷺ کے ان انصاری صحابہ میں سے تھے جو بدر میں شریک ہوئے، وہ رسول اللہ ﷺ کے پاس آئے۔
صحیح بخاری 4010
احمد نے جو صالح کے بیٹے ہیں ہم سے بیان کیا کہ عنبسہ (بن خالد) نے ہمیں بتایا۔ یونس (بن یزید) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن شہاب نے کہا: پھر اس کے بعد میں نے حصین بن محمد (انصاری) سے حضرت محمود بن ربیعؓ کی اس حدیث کی نسبت پوچھا جو انہوں نے حضرت عتبانؓ بن مالک سے روایت کی۔ اور (حصین بن محمد) قبیلہ بنی سالم کے ایک فرد اور اس کے سرداروں میں سے تھے۔ انہوں نے حضرت محمودؓ کی (اس روایت کی) تصدیق کی۔
صحیح بخاری 4011
ابوالیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا۔ زہری سے روایت ہے، انہوں نے کہا: عبداللہ بن عامر بن ربیعہ نے مجھے خبر دی اور وہ سردارانِ بنی عدی میں سے تھے اور ان کے باپ نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک تھے، (انہوں نے کہا:) حضرت عمرؓ نے حضرت قدامہ بن مظعونؓ کو بحرین کا امیر مقرر کیا اور یہ بھی بدر میں شریک ہوئے تھے اور یہ حضرت عبداللہ بن عمر اور (امّ المومنین) حضرت حفصہ رضی اللہ عنہم کے ماموں تھے۔
صحیح بخاری 4012
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ (بن اسماء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے انہیں خبر دی، کہا: حضرت رافع بن خدیجؓ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو بتایا کہ ان کے دونوں چچوں نے جو بدر میں شریک تھے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے روکا ہے۔ زہری نے سالم سے کہا: آپ تو انہیں ٹھیکے پر دیتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں (ہم تو دیتے ہیں) حضرت رافعؓ نے اپنے اوپر زیادتی کی۔
صحیح بخاری 4013
عبداللہ بن محمد بن اسماء نے ہم سے بیان کیا کہ جویریہ (بن اسماء) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے مالک سے، مالک نے زہری سے روایت کی کہ سالم بن عبداللہ نے انہیں خبر دی، کہا: حضرت رافع بن خدیجؓ نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ کو بتایا کہ ان کے دونوں چچوں نے جو بدر میں شریک تھے ان کو بتایا کہ رسول اللہ ﷺ نے کھیتوں کو ٹھیکہ پر دینے سے روکا ہے۔ زہری نے سالم سے کہا: آپ تو انہیں ٹھیکے پر دیتے ہو؟ انہوں نے کہا: ہاں (ہم تو دیتے ہیں) حضرت رافعؓ نے اپنے اوپر زیادتی کی۔
صحیح بخاری 4014
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ شعبہ نے ہمیں بتایا۔ حصین بن عبدالرحمٰن سے روایت ہے کہ انہوں نے کہا: میں نے عبداللہ بن شداد بن ہاد لیثی سے سنا۔ وہ کہتے تھے: میں نے حضرت رفاعہ بن رافع انصاریؓ کو دیکھا اور وہ بدری صحابی تھے۔
صحیح بخاری 4015
عبدان نے ہم سے بیان کیا کہ عبداللہ (بن مبارک مروَزی) نے ہمیں خبر دی کہ معمر اور یونس نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ بن زبیر سے روایت کی کہ انہوں نے ان کو خبر دی۔ حضرت مِسوَر بن مخرمہؓ نے ان کو بتایا کہ حضرت عمرو بن عوفؓ نے جو بنو عامر بن لوئی کے حلیف اور نبی ﷺ کے ساتھ بدر میں شریک تھے بیان کیا کہ رسول اللہ ﷺ نے حضرت ابوعبیدہ بن جراحؓ کو بحرین کی طرف جزیہ لینے کے لئے بھیجا اور رسول اللہ ﷺ نے بحرین والوں سے صلح کی تھی اور ان پر حضرت علاء بن حضرمیؓ کو امیر مقرر کیا تھا۔ چنانچہ حضرت ابوعبیدہؓ بحرین سے مال لے کر آئے اور انصار نے حضرت ابوعبیدہؓ کے آنے سے متعلق سنا اور وہ سب نبی ﷺ کے ساتھ نمازِ فجر پڑھنے کے لئے آگئے جب آپؐ نماز سے فارغ ہوئے تو وہ آپؐ کے سامنے آ بیٹھے۔ جب رسول اللہ ﷺ نے ان کو دیکھا تو مسکرائے اور فرمایا: میں سمجھتا ہوں تم نے سن لیا ہے کہ ابوعبیدہؓ کچھ لائے ہیں؟ انہوں نے کہا: جی ہاں یا رسول اللہ! آپؐ نے فرمایا: خوش ہو اور وہی امید رکھو جو تمہیں خوش کردے۔ اللہ کی قسم! محتاجی نہیں ہے کہ جس کا مجھے تمہارے متعلق اندیشہ ہو مگر میں اس بات سے ڈرتا ہوں کہ کہیں دنیا کی کشائش تم پر اس طرح ہو جس طرح کہ تم سے پہلوں پر ہوئی اور پھر تم اس کی خواہش ایک دوسرے سے بڑھ کر اسی طرح کرنے لگ جاؤ جس طرح انہوں نے اس کی خواہش کی اور وہ تم کو اسی طرح ہلاک کردے جس طرح ان کو ہلاک کردیا۔