کتاب 14: باب حَدِيثِ بَنِي النَّضِيرِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4028
اسحاق بن نصر نے ہمیں بتایا۔ عبدالرزاق (بن ہمام) نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے موسیٰ بن عقبہ سے، موسیٰ نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: بنو قریظہ اور بنو نضیر دونوں نے (آنحضرت ﷺ سے) لڑائی کی مگر آپؐ نے بنو نضیر کو تو جلا وطن کردیا اور بنو قریظہ کو رہنے دیا اور ان سے نیک سلوک کیا یہاں تک کہ بنو قریظہ نے (جنگ خندق میں آپؐ سے) لڑائی کی تو آپؐ نے اُن کے مَردوں کو قتل کئے جانے کا حکم دیا اور ان کی عورتیں بچے اور مال مسلمانوں کے درمیان تقسیم کئے گئے۔ ان میں سے بعض کے سوا جو نبی ﷺ سے آکر ملے، آپؐ نے اُن کو اَمان دی اور وہ مسلمان ہوگئے اور مدینہ کے سب یہودیوں کو جلاوطن کردیا یعنی بنو قینقاع کو- اور وہ عبداللہ بن سلام کی قوم میں سے تھے- اور ایسا ہی بنو حارثہ کے یہودیوں کو بھی اور ان تمام یہودیوں کو جو مدینہ میں تھے۔
صحیح بخاری 4029
حسن بن مدرک نے مجھے بتایا۔ یحيٰ بن حماد نے ہم سے بیان کیا کہ ابوعوانہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوبشر (جعفر بن ابی وحشیہ) سے، ابوبشر نے سعید بن جبیر سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: حضرت ابن عباسؓ سے میں نے کہا: سورۃ الحشر تو انہوں نے کہا: اسے سورۃ النضیر کہو۔ ابوعوانہ کی طرح ہُشَیم نے بھی ابوبشر سے یہی روایت بیان کی۔
صحیح بخاری 4030
عبداللہ بن ابی اسوَد نے ہم سے بیان کیا کہ معتمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ (سلیمان) سے روایت کی کہ (انہوں نے کہا:) حضرت انس بن مالک رضی اللہ عنہ سے میں نے سنا۔ وہ کہتے تھے: انصار میں سے بعض لوگ نبی ﷺ کیلئے کھجور کے درخت مخصوص کر دیتے تھے یہاں تک کہ قریظہ اور نضیر مفتوح ہوئے تو اس کے بعد آنحضرتﷺ ہدیہ میں دیئے ہوئے درخت ان لوگوں کو واپس کرنے لگے۔
صحیح بخاری 4031
آدم (بن ابی ایاس) نے ہم سے بیان کیا کہ لیث (بن سعد) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے بنو نضیر کے کھجوروں کے درخت جلوا دئیے اور کٹوا ڈالے یعنی بُوَیرہ باغ کے۔ اور اس وقت یہ آیت نازل ہوئی۔ یعنی تم نے کھجوروں کے جو درخت کاٹ ڈالے ہیں یا جنہیں اپنی جڑوں پر کھڑا رہنے دیا ہے تو یہ سب اللہ کے حکم سے ہوا۔
صحیح بخاری 4032
اسحاق (بن منصور) نے مجھ سے بیان کیا (کہا:) حبان نے ہمیں خبر دی کہ جویریہ بن اسماء نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے نافع سے، نافع نے حضرت ابن عمر رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ نبی ﷺ نے بنو نضیر کی کھجوروں کے درخت جلوا دئیے۔ کہتے تھے اور انہی کی نسبت حضرت حسان بن ثابتؓ نے یہ شعر کہے: بنو لؤی کے سرداروں کے لئے یہ معمولی بات تھی وہ آگ جو بُوَیرہ میں شعلہ زن ہوئی حضرت ابن عمرؓ کہتے تھے: ابوسفیان بن حارث (بن عبدالمطلب) نے (جو ابھی مسلمان نہیں ہوئے تھے) حسان کو یہ جواب دیا: اللہ اس کارروائی کو ہمیشہ جاری رکھے اور مدینہ کے چاروں طرف آگ بھڑکتی رہے، عنقریب تم جان لوگے کہ ہم میں سے کون اس آگ سے دور رہے گا اور یہ بھی جان لو گے کہ ہمارے ملک میں سے کس علاقہ کو یہ آگ نقصان دے گی۔
صحیح بخاری 4033
ابو الیمان نے ہم سے بیان کیا کہ شعیب نے ہمیں بتایا کہ زہری سے روایت ہے۔ انہوں نے کہا: مالک بن اوس بن حدثان نصری نے مجھے خبر دی کہ حضرت عمر بن خطاب رضی اللہ عنہ نے ان کو بلایا (وہ ان کے پاس آگئے) اتنے میں حضرت عمرؓ کے پاس اُن کا دربان یرفأ آیا اور کہنے لگا: کیا آپؓ اجازت دیتے ہیں کہ حضرت عثمانؓ, حضرت عبدالرحمٰن (بن عوفؓ), حضرت زبیرؓ اور حضرت سعد (بن ابی وقاصؓ) آپؓ سے ملیں؟ یہ لوگ آپؓ سے اجازت طلب کرتے ہیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: ہاں اُن کو اندر لے آؤ۔ تھوڑی دیر گزری تھی کہ پھر وہ آیا اور کہنے لگا: کیا آپؓ چاہتے ہیں کہ حضرت عباسؓ اور حضرت علیؓ آپؓ سے ملیں؟ یہ دونوں اجازت چاہتے ہیں۔ آپؓ نے کہا: ہاں۔ جب یہ دونوں اندر آئے، حضرت عباسؓ نے کہا: امیر المؤمنین! میرے اور علیؓ کے درمیان فیصلہ کر دیں اور اُن دونوں کے درمیان اس مالِ غنیمت سے متعلق اختلاف تھا جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو بنی نضیر سے دلوایا تھا۔ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ نے ایک دوسرے کو سخت سُست کہا تھا۔ اس جماعت نے کہا: امیرالمؤمنین! ان دونوں کے درمیان فیصلہ کر دیں اور ایک کو دوسرے سے چھٹکارا دلائیں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: ذرا ٹھہریں، میں تم کو اُس اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں جس کے حکم سے آسمان و زمین قائم ہیں، کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا تھا: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں صدقہ ہوتا ہے؟ اس سے آنحضرت ﷺ کی اپنی ذات مراد تھی۔ کہنے لگے: بے شک آپؐ نے یہ فرمایا تھا۔ اس پر حضرت عمرؓ حضرت عباسؓ اور حضرت علیؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا: میں تم دونوں کو اللہ کی قسم دے کر پوچھتا ہوں کیا تم جانتے ہو کہ رسول اللہ ﷺ نے یہ فرمایا تھا؟ دونوں نے کہا: ہاں۔ حضرت عمرؓ نے کہا: تب میں تمہیں اس معاملہ کی اصلیت بتاتا ہوں۔ اللہ پاک نے اپنے رسول ﷺ کو اس مالِ غنیمت میں ایک خاص حق دیا تھا جو آپؐ کے سوا کسی اور کو نہیں دیا۔ چنانچہ اللہ جل ذکرہ نے فرمایا ہے: جو مال اللہ نے اپنے رسولؐ کو اُن سے دلوایا ہے اور تم نے اس کے لئے نہ گھوڑے دوڑائے ہیں نہ اونٹ لیکن اللہ اپنے رسولوں کو جس کا چاہتا ہے مالک بنا دیتا ہے اور اللہ ہر چیز پر قادر ہے، تو یہ مال رسول اللہ ﷺ کے لئے خاص تھا۔ پھر بخدا آپؐ نے تمہیں چھوڑ کر یہ مال اپنے لئے محفوظ نہیں رکھا اور اسے اپنے لئے خاص نہیں کیا بلکہ تمہیں دیا اور تم پر تقسیم کیا اور اس غنیمت میں سے یہ مال باقی رہا اور اس مال میں سے رسول اللہ ﷺ اپنے گھر والوں کو اُن کے ایک سال کا خرچ دیا کرتے تھے اور پھر جو باقی رہتا اسے اللہ کی راہ میں خرچ کرتے۔ چنانچہ رسول اللہ ﷺ اپنی ساری زندگی میں ایسا ہی کرتے رہے۔ آپؐ فوت ہوگئے تو حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں رسول اللہ ﷺ کا قائم مقام ہوں اور حضرت ابوبکرؓ نے یہ مال اپنے قبضہ میں لیا اور انہوں نے اس میں ایسا ہی تصرف کیا جیسا کہ رسول اللہ ﷺ نے کیا تھا اور یہ کہہ کر حضرت عمرؓ حضرت علیؓ اور حضرت عباسؓ کی طرف متوجہ ہوئے اور کہا: تم دونوں کو یاد ہے کہ حضرت ابوبکرؓ نے اس میں ایسا ہی کیا جیسا کہ تم (بھی) کہتے ہو۔ اور اللہ خوب جانتا ہے کہ حضرت ابوبکرؓ اس کارروائی میں سچے اور نیک تھے اور صراط مستقیم پر قائم اور حق کے متبع رہے۔ پھر اللہ نے حضرت ابوبکرؓ کو وفات دی اور میں نے کہا کہ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ کا مَیں جانشین ہوں۔ میں نے اپنی امارت میں دو برس تک یہ مال اپنے قبضہ میں رکھا اور اس میں ویسے ہی تصرف کرتا رہا جیسا رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکر نے کیا تھا اور اللہ جانتا ہے کہ میں اس میں صادق، نیک، صراطِ مستقیم پر قائم اور حق کا متبع تھا۔ پھر تم دونوں میرے پاس آئے اور تم دونوں کی بات اور تمہارا معاملہ ایک ہی تھا۔ پھر تم اے عباس! (اکیلے بھی) میرے پاس آئے میں نے تم سے یہی کہا کہ رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا، جو ہم چھوڑ جاتے ہیں وہ صدقہ ہے۔ جب مجھے مناسب معلوم ہوا کہ میں اس مال کو تم دونوں کے سپرد کروں تو میں نے کہا: اگر تم دونوں چاہو تو میں اس شرط سے تمہارے سپرد کئے دیتا ہوں کہ تم دونوں پر اللہ کا عہد و پیمان ہے۔ تم اس میں ویسا ہی تصرف کرو جیسا کہ رسول اللہ ﷺ اور حضرت ابوبکرؓ نے کیا تھا اور جیسا میں نے خلافت سنبھالنے کے بعد کیا ہے، ورنہ مجھ سے بات نہ کرو۔ تم دونوں نے کہا: اسی شرط پر ہمیں یہ دے دیں اور میں نے تمہارے سپرد یہ مال کر دیا۔ اب کیا تم مجھ سے اس کے سوا کوئی اور فیصلہ چاہتے ہو؟ اسی اللہ کی قسم ہے جس کے حکم سے زمین و آسمان قائم ہیں! میں اس سے متعلق قیامت تک بھی کوئی اور فیصلہ نہیں کروں گا۔ اگر تم اس مال کو سنبھالنے سے عاجز آگئے ہو تو پھر میرے سپرد کر دو، میں تمہاری جگہ اس کی نگرانی کروں گا۔
صحیح بخاری 4034
زُہری کہتے تھے: میں نے یہ حدیث عروہ بن زبیر سے بیان کی تو انہوں نے کہا: مالک بن اوس نے سچ کہا: میں نے نبی ﷺ کی زوجہ حضرت عائشہ رضی اللہ عنہا سے بھی سنا، وہ کہتی تھیں: نبی ﷺ کی ازواج نے حضرت عثمانؓ کو حضرت ابوبکرؓ کے پاس بھیجا وہ اس مالِ غنیمت سے جو اللہ نے اپنے رسول ﷺ کو عطا کیا تھا اپنے ترکہ کا آٹھواں حصہ مانگتی تھیں مگر میں انکار کرتی تھی، میں نے اُن سے کہا: کیا تم اللہ کے غضب سے نہیں ڈرتیں؟ کیا تم نہیں جانتیں کہ نبی ﷺ فرمایا کرتے تھے: ہمارا کوئی وارث نہیں ہوتا جو ہم چھوڑ جائیں وہ صدقہ ہے؟ اس سے آپؐ کی مراد اپنی ہی ذات تھی، آلِ محمد ﷺ اس مال میں سے اپنے کھانے کے لئے لیا کریں گے۔ چنانچہ نبی ﷺ کی ازواج اس کو سن کر جو میں نے ان کو بتایا تھا ترکہ کا حصہ مانگنے سے رُک گئیں۔ عروہ کہتے تھے: یہ صدقہ حضرت علیؓ کے ہاتھ میں رہا، حضرت علیؓ نے حضرت عباسؓ کو نہ دیا اور پھر اُن سے زبردستی یہ مال لیا۔ پھر اس کے بعد حضرت حسن بن علیؓ کے ہاتھ رہا۔ پھر حضرت حسین بن علیؓ کے ہاتھ میں، پھر علی بن حسین اور حسن بن حسن کے ہاتھ میں۔ دونوں باری باری اس کا انتظام کرتے رہے۔ پھر زید بن حسن کے ہاتھ میں رہا اور یہ مال رسول اللہ ﷺ کا صحیح طور پر صدقہ رہا۔
صحیح بخاری 4035
ابراہیم بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا۔ ہشام نے ہمیں خبر دی کہ معمر نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے زہری سے، زہری نے عروہ سے، عروہ نے حضرت عائشہؓ سے روایت کی کہ حضرت فاطمہ علیہا السلام اور حضرت عباسؓ دونوں اپنا ورثہ مانگنے کے لئے حضرت ابوبکرؓ کے پاس آئے یعنی آنحضرت ﷺ کی وہ زمین جو فدک میں ہے اور آپؐ کا وہ حصہ جو خیبر میں ہے۔
صحیح بخاری 4036
حضرت ابوبکرؓ نے کہا: میں نے نبی کریم ﷺ کو فرماتے ہوئے سنا ہے کہ ہمارا کوئی وارث نہیں، ہم جو چھوڑ جائیں صدقہ ہوتا ہے۔ آلِ محمدؐ اس مال سے کھائیں گے۔ اللہ کی قسم! اپنے رشتہ داروں کی نسبت رسول اللہ ﷺ کے رشتہ دار مجھے زیادہ پیارے ہیں کہ میں ان کے ساتھ حسن سلوک کروں۔