کتاب 15: باب قَتْلُ كَعْبِ بْنِ الأَشْرَفِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4037
علی بن عبداللہ نے ہم سے بیان کیا کہ سفیان )بن عیینہ( نے ہمیں بتایا۔ عمرو )بن دینار( کہتے تھے: میں نے حضرت جابر بن عبداللہ رضی اللہ عنہما سے سنا، وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: کعب بن اشرف سے کون نپٹے گا؟ اس نے اللہ اور اس کے رسول کو سخت اذیت دی ہے۔ محمد بن مسلمہؓ کھڑے ہوگئے، کہنے لگے: یا رسول اللہ! کیا آپؐ چاہتے ہیں کہ میں اسے مار ڈالوں؟ آپؐ نے فرمایا: ہاں۔ کہا: تو پھر آپؐ مجھے اجازت دیں کہ میں اپنی طرف سے اس کے لئے کوئی صورت پیدا کروں۔
آپؐ نے فرمایا: اجازت ہے۔ چنانچہ محمد بن مسلمہؓ اس کے پاس آئے اور کہنے لگے: اس شخص (نبی کریم ﷺ) نے ہم سے صدقہ مانگا ہے اور ہمیں کئی تکلیفوں میں مبتلا کر دیا ہے، میں تمہارے پاس آیا ہوں کہ تم سے ادھار لوں۔ کعب بولا: (ابھی کیا ہے) اور بھی تکلیفیں اٹھاؤ گے، بخدا اُس سے اکتا جاؤ گے۔ محمد بن مسلمہؓ نے کہا: چونکہ ہم اس کے ساتھ ہو لئے ہیں اس لئے پسند نہیں کرتے کہ اسے چھوڑ دیں جب تک یہ نہ دیکھ لیں کہ اس کا انجام کیا ہوتا ہے اور ہم چاہتے ہیں ایک یا دو وسق ے (غلہ یا کھجور) ہمیں ادھار دو۔ اور عمرو (بن دینار) نے یہ روایت کئی بار ہم سے بیان کی اور ایک یا دو وسق کا ذکر نہیں کیا۔ میں نے پوچھا: کیا اس روایت میں ایک یا دو وسق کا ذکر ہے؟ تو کہنے لگے: میں سمجھتا ہوں کہ ایک یا دو وسق کا ذکر ہے۔ کعب نے کہا: اچھا میرے پاس رہن رکھو۔ انہوں نے کہا: تم کیا شئے چاہتے ہو؟ کہنے لگا: اپنی عورتیں تم میرے پاس رہن رکھو۔ انہوں نے کہا: تمہارے پاس اپنی عورتیں کیسے رہن رکھیں حالانکہ تم عربوں میں نہایت خوبصورت ہو۔ کہنے لگا: پھر اپنے بیٹے ہی میرے پاس رہن رکھو۔ انہوں نے کہا: ہم تمہارے پاس اپنے بیٹوں کو کیسے رہن رکھیں انہیں طعنہ دیا جائے گا، کہا جائے گا کہ وہ ایک یا دو وسق کے لئے رہن رکھے گئے تھے، یہ ہمارے لئے عار ہے لیکن تمہارے پاس اپنی زرہیں رہن رکھتے ہیں۔ سفیان کہتے تھے: زرہ سے ان کی مراد ہتھیار تھی چنانچہ محمد بن مسلمہؓ نے کعب سے پھر اُس کے پاس آنے کا وعدہ کیا۔ چنانچہ وہ اس کے پاس رات کو آئے اور ان کے ساتھ ابو نائلہ بھی تھے جو کعب کے دودھ بھائی تھے، اس نے انہیں قلعہ کے اندر بلایا اور وہ ان کے پاس جب (اپنے بالاخانہ سے) نیچے آنے لگا تو اُس کی بیوی اُس سے کہنے لگی: اس وقت تم کہاں جاتے ہو؟ کعب نے کہا: یہ تو محمد بن مسلمہ اور میرے بھائی ابو نائلہ ہیں۔ (سفیان کہتے تھے:) عمرو بن دینار کے سوا اور لوگوں نے اس روایت میں یہ بھی کہا ہے کہ اس کی بیوی کہنے لگی: میں ایسی آواز سنتی ہوں کہ گویا جس سے خون ٹپک رہا ہے۔ کعب بولا: میرے بھائی محمد بن مسلمہ اور دودھ بھائی ابو نائلہ ہیں اور شریف آدمی کو رات کے وقت زخمی ہونے کے لئے بھی بلایا جائے تو وہ ضرور جائے گا۔ کہتے تھے اور محمد بن مسلمہ (قلعہ میں) اپنے ساتھ دو آدمی بھی لے گئے تھے۔ سفیان سے پوچھا گیا: کیا عمرو (بن دینار) نے ان کا نام لیا تھا؟ انہوں نے کہا: ان میں سے کسی کا نام لیا تھا۔ عمرو کہتے تھے: اور وہ اپنے ساتھ دو آدمی لے گئے۔ عمرو (بن دینار) کے علاوہ اوروں نے کہا: ابو عبس بن جبرؓ، حارث بن اوسؓ اور عباد بن بشرؓ کو (اپنے ساتھ لے گئے تھے)۔ عمرو (بن دینار) نے یہی کہا تھا کہ وہ اپنے ساتھ دو آدمی لے گئے تھے۔ محمد بن مسلمہؓ (اپنے ساتھیوں سے) کہنے لگے: جب کعب آئے تو میں اس کے بال پکڑ کر سونگھوں گا، جب تم دیکھو کہ میں نے اس کا سر مضبوطی سے پکڑ لیا ہے تو تم بڑھ کر اس کا کام تمام کر دینا اور کبھی (عمرو بن دینار نے) یوں کہا: پھر تم کو بھی سنگھاؤں گا۔ چنانچہ کعب ان کے پاس آیا، اس نے چادر اوڑھی تھی جو خوشبو سے مہک رہی تھی۔ محمد بن مسلمہؓ کہنے لگے: آج جیسی خوشبو تو میں نے کہیں نہیں پائی یعنی بہت ہی اچھی خوشبو ہے۔ اور عمرو (بن دینار) کے سوا اوروں نے کہا: کعب نے جواب میں کہا: میرے پاس عرب کی عورتوں میں سے وہ عورت بھی ہے جو سب سے زیادہ معطر اور حُسنِ کامل ہے۔ عمرو (بن دینار) نے کہا: محمد بن مسلمہؓ نے یہ سن کر کہا: کیا مجھے اجازت ہے کہ تمہارے سر کو سونگھوں؟ اس نے کہا: ہاں۔ انہوں نے اس کے سر کو سونگھا اور اپنے ساتھیوں کو بھی سنگھایا۔ پھر کہا: کیا (دوبارہ) سونگھنے کی اجازت ہے؟ اس نے کہا: ہاں۔ غرض جب (محمد بن مسلمہؓ نے اس کا سر) مضبوطی سے پکڑ لیا اور کہا: لو بڑھو، تو انہوں نے اس کا کام تمام کر دیا۔ پھر اس کے بعد وہ نبی ﷺ کے پاس آئے اور آپؐ سے یہ واقعہ بیان کیا۔