کتاب 16: باب قَتْلُ أَبِي رَافِعٍ عَبْدِ اللَّهِ بْنِ أَبِي الْحُقَيْقِ وَيُقَالُ سَلاَّمُ بْنُ أَبِي الْحُقَيْقِ كَانَ بِخَيْبَرَ، وَيُقَالُ فِي حِصْنٍ لَهُ بِأَرْضِ الْحِجَازِ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4038
اسحاق بن نصر نے مجھے بتایا۔ یحيٰ بن آدم نے ہم سے بیان کیا کہ (یحيٰ) ابن ابی زائدہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق (سبیعی) سے، انہوں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہما سے روایت کی کہ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے چند آدمیوں کو ابورافع کی طرف بھیجا۔ چنانچہ حضرت عبداللہ بن عتیکؓ اس کے گھر میں رات کے وقت گئے جبکہ وہ سویا ہوا تھا اور انہوں نے اسے قتل کردیا۔
صحیح بخاری 4039
یوسف بن موسیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبیداللہ بن موسیٰ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اسرائیل (بن یونس) سے، اسرائیل نے ابواسحاق سے، ابواسحاق نے حضرت براء بن عازبؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: رسول اللہ ﷺ نے ابورافع یہودی کی طرف انصار کے کچھ آدمی بھیجے اور عبداللہ بن عتیکؓ کو اُن پر امیر مقرر کیا۔ ابورافع رسول اللہ ﷺ کو بہت ایذا دیا کرتا تھا اور آپؐ کے خلاف دشمنوں کی مدد کرتا تھا۔ وہ اپنے قلعہ میں جو حجاز میں تھا، رہتا تھا۔ جب وہ لوگ اس کے قریب پہنچے تو سورج غروب ہو چکا تھا اور لوگ اپنے جانوروں کے ریوڑ لے کر واپس ہو چکے تھے۔ عبداللہ (بن عتیکؓ ) نے اپنے ساتھیوں سے کہا: تم اپنی جگہ پر بیٹھے رہو۔ میں جاتا ہوں اور دربان سے کوئی حیلہ کرتا ہوں۔ ہو سکتا ہے کہ میں اندر چلا جاؤں۔ وہ گئے اور دروازے کے قریب پہنچ گئے۔ پھر کپڑا اوڑھ لیا۔ جیسا کہ وہ قضائے حاجت کر رہے ہیں اور سب لوگ اندر جا چکے تھے۔ اتنے میں دربان آیا۔ ان کو آواز دی (کہا: ) بندۂ خدا! اگر تم آنا چاہتے ہو تو آجاؤ۔ میں دروازہ بند کرنا چاہتا ہوں۔ میں اندر گیا اور گھات میں بیٹھ گیا۔ جب لوگ اندر آ چکے اس نے دروازہ بند کیا۔ پھر کنجیاں ایک کیل پر لٹکا دیں۔ عبداللہ بن عتیکؓ کہتے تھے: میں اُٹھ کر کنجیوں کی طرف گیا اور اُن کو لے کر دروازہ کھولا اور لوگ ابورافع کے پاس بات چیت کرنے کے لئے رات کو بیٹھا کرتے تھے۔ وہ اپنے بالاخانہ میں رہتا تھا۔ جب باتیں کرنے والے اس کے پاس سے چلے گئے تو میں اس کی طرف بالاخانہ میں گیا اور جو دروازہ بھی کھولتا اُس کو اندر سے بند کرتا جاتا تھا۔ میں نے اپنے دل میں کہا کہ اگر لوگ میری آہٹ پا بھی لیں تو جب تک میں اسے مار نہ لوں مجھ تک نہیں پہنچ سکیں گے۔ میں اس کے پاس پہنچا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ ایک اندھیرے کمرے میں اپنے کنبے کے درمیان لیٹا ہوا ہے۔ مجھے پتہ نہ چلا کہ وہ کمرہ میں کہا ہے۔ میں نے کہا: ابورافع! کہنے لگا: کون ہے؟ مَیں آواز کی طرف لپکا۔ تلوار سے ایک ضرب لگائی اور میں دہشت زدہ تھا۔ میں سمجھا کہ میں نے کچھ بھی نہ کیا اور ابورافع چلایا۔ تب میں کمرے سے باہر آ گیا۔ تھوڑی دیر ہی ٹھہرا تھا کہ میں پھر اس کے پاس گیا اور کہا: ابورافع! یہ کیا آواز ہے؟ کہنے لگا: تیری ماں ہلاک! کوئی آدمی کمرے میں ہے، جس نے مجھ پر اپنی تلوار سے وار کیا ہے۔ عبداللہ بن عتیکؓ کہتے تھے: پھر میں نے ایک اور ضرب لگائی جس نے اس کو گھائل تو کر دیا مگر وہ مرا نہیں اور اس کے بعد میں نے اس کے پیٹ پر تلوار کی نوک رکھی (اور اس کو اتنا دبایا) کہ اس کی پیٹھ تک پہنچ گئی اور مجھے یقین ہو گیا کہ میں نے اس کو مار ڈالا ہے۔ پھر میں نے ایک ایک دروازہ کھولا اور سیڑھیوں تک پہنچ گیا۔ میں نے اپنا پاؤں رکھا اور سمجھا کہ زمین پر پہنچ گیا ہوں۔ میں گر پڑا۔ چاندنی رات تھی۔ میری پنڈلی کی ہڈی ٹوٹ گئی۔ پھر پگڑی سے پنڈلی باندھ کر چل پڑا اور آ کر دروازہ پر بیٹھ گیا اور (دل میں) کہنے لگا: آج رات باہر نہیں نکلوں گا، جب تک یہ نہ جان لوں کہ میں نے اسے مار ڈالا ہے۔ جب مرغ نے بانگ دی تو موت کی خبر دینے والا قلعہ کی دیوار پر کھڑا ہوا اور کہنے لگا: ابورافع تاجرِ حجاز کے مرنے کی اطلاع دیتا ہوں۔ یہ سن کر میں اپنے ساتھیوں کے پاس چلا آیا۔ میں نے کہا: بچ نکلو، اللہ نے ابورافع کو مار ڈالا ہے۔ پھر نبی ﷺ کے پاس پہنچا اور آپؐ سے ماجرا بیان کیا۔ آپؐ نے فرمایا: اپنا پاؤں آگے کرو۔ میں نے اپنا پاؤں آگے کیا۔ آپؐ نے اس پر ہاتھ پھیرا۔ ایسا محسوس ہوا کہ مجھے ٹانگ میں کبھی درد ہی نہیں ہوا۔
صحیح بخاری 4040
احمد بن عثمان نے ہم سے بیان کیا کہ شُرَیح نے جو مسلمہ کے بیٹے ہیں ہمیں بتایا۔ (کہا:) ابراہیم بن یوسف (بن اسحاق) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے اپنے باپ سے، ان کے باپ نے ابواسحاق سے روایت کی کہ انہوں نے کہا: میں نے حضرت براء بن عازب رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے عبداللہ بن عتیکؓ اور عبداللہ بن عتبہؓ کو کچھ لوگوں سمیت جو اُن کے ساتھ تھے ابورافع کی طرف بھیجا وہ چل پڑے۔ یہاں تک کہ قلعہ کے قریب پہنچے۔ عبداللہ بن عتیکؓ نے ان سے کہا: تم ٹھہرو اور میں جاکر دیکھتا ہوں۔ وہ کہتے تھے: میں چپکے سے بہانہ ڈھونڈنے لگا کہ کسی طرح قلعے میں داخل ہو جاؤں۔ اسی اثنا میں قلعہ والوں نے ایک گدھا گم پایا۔ کہتے تھے: وہ روشنی لے کر اُس کی تلاش میں نکلے۔ کہتے تھے: میں ڈرا کہ کہیں میں پہچانا نہ جاؤں۔ انہوں نے کہا: میں نے اپنا سر ڈھانک لیا، جیسا کہ میں قضائے حاجت کر رہا ہوں۔ پھر دربان نے آواز دی۔ جس کو اندر آنا ہو دروازہ بند کرنے سے پہلے آجائے۔ اس پر میں بھی اندر چلا گیا اور پھر خرگاہ (گدھوں کے باندھنے کی جگہ) میں جو قلعہ کے دروازے کے پاس تھی چھپ رہا۔ لوگوں نے ابورافع کے پاس شام کا کھانا کھایا اور وہ باتیں کرتے رہے۔ یہاں تک کہ کچھ رات گزر گئی اور وہ اپنے اپنے گھروں کو لوٹ گئے۔ جب آوازیں مدھم ہوگئیں اور میں کوئی حرکت نہ سنتا تھا تو میں (اس طویلہ سے) باہر نکلا۔ انہوں نے کہا: میں نے پہلے ہی دربان کو دیکھ لیا تھا جہاں اس نے طاقچے میں قلعے کی چابی رکھی تھی۔ میں نے وہ لے لی اور قلعے کا دروازہ کھولا۔ کہتے تھے: میں نے اپنے دل میں خیال کیا اگر لوگ میری آہٹ پا بھی لیں گے تو میں آہستہ سے چل دوں گا۔ پھر میں اُن کی کوٹھڑیوں کے دروازے کی طرف گیا اور ان کو باہر سے بند کر دیا۔ پھر اس کے بعد ایک سیڑھی پر سے چڑھ کر میں ابورافع کے پاس گیا۔ کیا دیکھتا ہوں کہ کمرہ تاریک ہے۔ چراغ گل ہو چکا ہے۔ میں نہیں جانتا تھا کہ وہ شخص کس جگہ پر ہے۔ میں نے کہا: ابورافع! وہ بولا: کون ہے؟ کہتے تھے: میں (اس کی) آواز کی طرف بڑھا اور پھر اس پر ایک ضرب لگائی۔ وہ چلایا، مگر اس ضرب نے کچھ نہ کیا۔ کہتے تھے: پھر میں آیا جیسا کہ میں اس کی مدد کو پہنچا ہوں۔ میں نے کہا: ابورافع! تمہیں کیا ہوا اور میں نے اپنی آواز بدلی۔ اس نے کہا: دیکھو ارے تمہاری ماں مرے۔ تعجب کی بات نہ بتاؤں؟ ابھی کوئی شخص میرے پاس آیا اور اس نے تلوار سے مجھ پر وار کیا ہے۔ کہتے تھے: پھر میں اس کی طرف لپکا اور ایک اور ضرب لگائی۔ مگر اُس سے بھی کچھ نہ ہوا۔ وہ چلایا اور اس کے گھر والے اُٹھ کھڑے ہوئے۔ کہتے تھے: پھر میں اس کے پاس آیا اور اپنی آواز بدلی۔ جیسے کوئی مدد کو پہنچتا ہے۔ کیا دیکھتا ہوں کہ وہ اپنی پیٹھ کے بل چت لیٹا ہے۔ میں نے تلوار اس کے پیٹ پر رکھی اور اس پر جھک کر بوجھ ڈالا۔ یہاں تک کہ میں نے ہڈی کا چٹاخہ سنا۔ پھر میں گھبرایا ہوا باہر نکلا اور سیڑھی تک پہنچا۔ اُترنا چاہتا تھا کہ میں گر پڑا اور میرے پاؤں کا جوڑ نکل گیا اور میں نے اس کو باندھ لیا۔ پھر پاؤں اُٹھاتا ہوا جیسے قیدی چلتا ہے، اپنے ساتھیوں کے پاس جا پہنچا۔ میں نے کہا: چلے جاؤ اور رسول اللہ ﷺ کو خبر دو۔ کیونکہ میں یہاں سے نہیں جاؤں گا، جب تک کہ موت کی خبر دینے والے کی آواز نہ سن لوں۔ جب صبح قریب ہوئی موت کی خبر دینے والا (قلعے کی دیوار پر) چڑھا اور اس نے کہا: میں ابورافع کے مرنے کی خبر دیتا ہوں۔ عبداللہ بن عتیکؓ کہتے تھے: میں اُٹھ کر چلنے لگا تو مجھے کوئی تکلیف نہ تھی۔ میں نے اپنے ساتھیوں کو نبی ﷺ کے پاس پہنچنے سے پہلے جا لیا اور آپؐ کو (ابورافع کے قتل ہونے کی) خوشخبری دی۔