کتاب 23: بَاب قَتْلِ حَمْزَةَ بْنِ عَبْدِ الْمُطَّلِبِ رَضِيَ اللَّهُ عَنْهُ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4072
ابو جعفر محمد بن عبداللہ (بن مبارک) نے مجھے بتایا۔ حُجَین بن مثنیٰ نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالعزیز بن عبداللہ بن ابی سلمہ نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عبداللہ بن فضل سے، عبداللہ نے سلیمان بن یسار سے، سلیمان نے جعفر بن عمرو بن امیہ ضمری سے روایت کی، انہوں نے کہا: میں عبیداللہ بن عدی بن خیار کے ساتھ (سفر میں) گیا۔ جب ہم حمص (جو ملک شام کا مشہور شہر ہے، اس میں) پہنچے تو عبیداللہ بن عدیؓ نے مجھ سے کہا: کیا آپ وحشی (بن حرب حبشی) سے ملنا چاہتے ہیں، حضرت حمزہؓ کے قتل کی بابت اس سے پوچھیں گے؟ میں نے کہا: اچھا اور وحشی حمص میں رہا کرتا تھا۔ چنانچہ ہم نے اس کا پتہ دریافت کیا۔ ہم سے کہا گیا کہ وہ اپنے محل کے سایہ میں بیٹھا ہے جیسے بڑی مشک ہو۔ جعفر کہتے تھے: ہم اس کے پاس جاکر تھوڑی دیر کھڑے رہے، ہم نے السلام علیکم کہا۔ اس نے سلام کا جواب دیا۔ کہتے تھے: اور عبیداللہ اس وقت پگڑی سے سر اور منہ لپیٹے ہوئے تھے۔ وحشی صرف ان کی آنکھیں اور پاؤں ہی دیکھ سکتا تھا، عبیداللہ نے کہا: وحشی! کیا مجھے پہچانتے ہو؟ کہتے تھے: اس نے انہیں غور سے دیکھا، پھر کہا: اللہ کی قسم! نہیں سوا اس کے کہ میں اتنا جانتا ہوں کہ عدی بن خیار نے ایک عورت سے شادی کی تھی جسے امّ قتال بنت ابی العیص کہتے تھے وہ مکہ میں عدی کے لئے ایک بچہ جنی تھی اور میں (انّا سے) اسے دودھ پلوایا کرتا تھا، بچے کو اُٹھا کر اس کی ماں کے ساتھ لے جاتا اور پھر وہ بچہ اس کی ماں کو دے دیتا۔ میں نے تمہارا پاؤں دیکھا ہے تو ایسا معلوم ہوتا ہے کہ یہ وہی ہے۔ یہ سن کر عبیداللہ نے اپنا منہ کھول دیا۔ پھر انہوں نے کہا: کیا تم حضرت حمزہؓ کے قتل کا واقعہ ہمیں نہیں بتاؤ گے؟ اس نے کہا: ہاں۔ حضرت حمزہؓ نے طعیمہ بن عدی بن خیار کو بدر میں قتل کیا تھا۔ میرے آقا جبیر بن مطعم نے مجھ سے کہا: اگر تم میرے چچا کے بدلے میں حمزہؓ کو قتل کرو تو تم آزاد ہو۔ اس نے کہا: جب لوگوں نے دیکھا کہ عینین کی جنگ ہونے والی ہے اور عینین اُحد کی پہاڑیوں میں سے ایک پہاڑی ہے، اُحد کے اور اس کے درمیان ایک وادی ہے، میں بھی لوگوں کے ساتھ لڑنے کے لئے نکلا۔ جب لوگ لڑنے کے لئے صف آراء ہوئے تو سباع (بن عبدالعزیٰ) میدان میں نکلا اور اس نے پکارا: کیا کوئی مقابلہ کرنے کے لئے میدان میں نکلے گا؟ کہتا تھا: یہ سن کر حضرت حمزہ بن عبدالمطلبؓ اس کے مقابل پر نکلے اور کہنے لگے: ارے سباع! ارے امّ انمار، عورتوں کے ختنے کرنے والی کے بچے! کیا تم اللہ اور اس کے رسول ﷺ سے مقابلہ کرتے ہو؟ یہ کہہ کر حضرت حمزہؓ نے اس پر حملہ کیا۔ وہ ایسا ہوگیا جیسے کل کا گزرا ہوا دن۔ (وحشی نے) کہا: اور میں ایک چٹان کے نیچے حضرت حمزہؓ کے لئے گھات میں بیٹھ گیا۔ جب وہ میرے قریب پہنچے تو میں نے اپنا برچھا مارا اور اس کو اُن کے زیر ناف رکھ کر جو زور سے دبایا تو وہ اُن کے دونوں سرینوں میں سے پار نکل گیا اور یہی اُن کی آخری گھڑی تھی۔ جب لوگ لوٹے تو میں بھی اُن کے ساتھ لوٹا اور میں مکہ میں ٹھہرا رہا یہاں تک کہ جب اس میں اسلام پھیلا تو میں وہاں سے نکل کر طائف چلا گیا۔ لوگوں نے رسول اللہ ﷺ کی طرف ایلچی بھیجے اور مجھ سے کہا گیا کہ آپؐ ایلچیوں سے تعرض نہیں کرتے۔ کہا: میں بھی ان کے ساتھ گیا۔ جب رسول اللہ ﷺ کے پاس پہنچا تو آپؐ نے مجھے دیکھ کر فرمایا: تم ہی وحشی ہو؟ میں نے کہا: جی ہاں۔ آپؐ نے فرمایا: تم نے حمزہؓ کو قتل کیا تھا؟ میں نے کہا: ٹھیک بات ہے جو آپؐ کو پہنچی ہے۔ آپؐ نے فرمایا: تم سے ہوسکے تو میرے سامنے نہ ہو۔ کہا: یہ سن کر میں وہاں سے نکل گیا۔ جب رسول اللہ ﷺ فوت ہوئے اور مسیلمہ کذاب نے بغاوت کی، میں نے کہا: میں مسیلمہ کی طرف ضرور جاؤں گا شاید میں اسے قتل کروں اور اس طرح حضرت حمزہؓ کے گناہ کا کفارہ کروں۔ کہا: میں بھی لوگوں کے ساتھ (جنگ میں) نکلا۔ پھر اس (جنگ) کا حال جو ہوا، وہ ہوا۔ کہا: میں نے دیکھا کہ ایک شخص دیوار کے ایک شگاف میں کھڑا ہے۔ ایسا معلوم ہوتا تھا کہ جیسے گندمی رنگ اونٹ ہے، سر کے بال پراگندہ ہیں۔ کہا: میں نے اس کو اپنا برچھا مارا اور اس کی چھاتیوں کے درمیان رکھ کر زور سے جو دبایا تو دونوں کندھوں کے درمیان سے پار نکل گیا۔ کہا: ایک انصاری شخص بھی کود کر اُس کی طرف لپکا اور اس کی کھوپڑی پر تلوار کی ضرب لگائی۔ (عبدالعزیز کہتے تھے:) عبداللہ بن فضل نے یہ بھی کہا کہ سلیمان بن یسار نے مجھے بتایا۔ انہوں نے حضرت عبداللہ بن عمرؓ سے سنا وہ کہتے تھے کہ (جب مسیلمہ مارا گیا تو) ایک لڑکی جو کہ گھر کی چھت پر تھی بولی۔ امیر المومنین (یعنی مسیلمہ) کو بھی کالے غلام نے مار ڈالا ہے۔