کتاب 24: باب مَا أَصَابَ النَّبِيَّ صلى الله عليه وسلم مِنَ الْجِرَاحِ يَوْمَ أُحُدٍ
صحیح بخاری
صحیح بخاری 4073
اسحاق بن نصر نے ہم سے بیان کیا کہ عبدالرزاق نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے معمر (بن راشد) سے، معمر نے ہمام سے روایت کی۔ انہوں نے حضرت ابوہریرہ رضی اللہ عنہ سے سنا۔ وہ کہتے تھے: رسول اللہ ﷺ نے فرمایا: اللہ کی ناراضگی اس قوم پر بہت ہی سخت ہے جنہوں نے اپنے نبی سے یہ سلوک کیا، آپ نے اپنے سامنے کے دانتوں کی طرف اشارہ کیا۔ اللہ کی ناراضگی اس شخص پر بہت ہی سخت ہے جس کو رسول اللہ ﷺ نے اللہ کی راہ میں مارا۔
صحیح بخاری 4074
مخلد بن مالک نے مجھے بتایا۔ یحيٰ بن سعید اموی نے ہم سے بیان کیا کہ ابن جریج نے ہمیں بتایا، انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس رضی اللہ عنہما سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اللہ کا غضب اس شخص پر بہت ہی سخت ہے جس کو نبی ﷺ نے اللہ کی راہ میں قتل کیا اور اللہ کی ناراضگی اس قوم پر بہت سخت ہے جس نے اللہ کے نبی ﷺ کا چہرہ خون آلود کیا۔
صحیح بخاری 4075
قتیبہ بن سعید نے ہم سے بیان کیا کہ یعقوب (بن عبدالرحمٰن) نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے ابوحازم (سلمہ بن دینار) سے روایت کی کہ انہوں نے حضرت سہل بن سعدؓ سے سنا اور اس وقت ان سے رسول اللہ ﷺ کے زخم کی بابت پوچھا گیا تو انہوں نے کہا: مجھ سے پوچھتے ہو تو اللہ کی قسم میں خوب جانتا ہوں کہ کون رسول اللہ ﷺ کا زخم دھو رہا تھا اور کون پانی ڈال رہا تھا اور کیا دوا لگائی گئی تھی۔ حضرت سہلؓ نے کہا: رسول اللہ ﷺ کی بیٹی حضرت فاطمہ علیہ السلام زخم دھو رہی تھیں اور حضرت علیؓ ڈھال میں سے پانی ڈال رہے تھے۔ جب حضرت فاطمہؓ نے دیکھا کہ پانی خون کو اور نکال رہا ہے تو انہوں نے بوریا کا ایک ٹکڑا لیا اور اس کو جلایا اور چپٹا دیا۔ اس سے خون رُک گیا اور اس دن آپؐ کا سامنے والا دانت ٹوٹ گیا اور آپؐ کا چہرہ زخمی ہو گیا تھا اور آپ کا خَود آپؐ کے سر پر ٹوٹ گیا۔
صحیح بخاری 4076
عمرو بن علی نے مجھ سے بیان کیا کہ ابوعاصم نے ہمیں بتایا۔ ابن جریج نے ہمیں بتایا۔ انہوں نے عمرو بن دینار سے، عمرو نے عکرمہ سے، عکرمہ نے حضرت ابن عباس ؓ سے روایت کی۔ انہوں نے کہا: اللہ کی اس شخص پر سخت ناراضگی ہے جس کو نبی (ﷺ) نے قتل کیا اور اللہ کی اس پر بھی سخت ناراضگی ہے کہ جس نے رسول اللہ ﷺ کا چہرہ خون آلود کیا۔